ایم کیو ایم کینیڈا کی جانب سے مختلف شہروں میں سانحہ صفورا چورنگی کراچی کے شہداء سے اظہار یکجہتی کیلئے تعزیتی اجتماعات کا انعقاد
اجتماعات میں شہید کئے جانے والے اسماعیلی برادری کے شہداء کی یاد میں فاتحہ خوانی کی گئی اور شمعیں روشن کی گئیں
سانحہ صفورا چورنگی کے خلاف ایم کیوایم کینیڈا کے زیراہتمام کیلگری‘ ایڈمنٹن ‘ ٹورنٹو‘ مونٹریال اور ونڈسر میں اجتماعات منعقد ہوئے
پاکستان کی خوشحالی اور ترقی اندرونی دہشت گردی کا خاتمہ سے مشروط ہے۔ سینٹر آرگنائزر ایم کیوایم کینڈا آصف قاضی
اسماعیلی جماعت کے روحانی پیشوا پرنس کریم آغا خاں اور دنیا بھر میں مقیم اسماعیلی برادری سے سانحہ صفورا گوٹھ پر دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں ، آصف قاضی
کینیڈا ۔۔19؍ مئی 2015ء
ایم کیوایم کینیڈا کے زیر اہتمام گزشتہ روز کیلگری ، ایڈمنٹن‘ ٹورنٹو‘ مونٹریال اور ونڈسر میں فاتحہ خوانی کے اجتماعات منعقد ہوئے جن میں سانحہ صفورا چورنگی کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا گیا اور ان کی یاد میں شمعیں روشن کی گئیں ۔ اجتماعات میں کارکنان‘مرد وخواتین‘ بچوں اور دیگر عمائدین شہر کے علاوہ مختلف سرکاری نمائندگان‘ایم کیو ایم کینیڈا کے سینٹرل آ رگنائزر آصف قاضی ‘ جوائنٹ آرگنائزر مسعود حسن اراکین سینٹرل کمیٹی مختلف شعبہ جات کے ذمہ داران نے بڑی تعداد میں شرکت کی سانحہ صفورا گوٹھ کے شہداء کے لواحقین کے ساتھ دلی یکجہتی کااظہار کیا سانحہ صفورا گوٹھ کے شہداء کی یاد میں منعقدہ اجتماعات سے بات چیت کرتے ہوئے سینٹرل آ رگنائزر آصف قاضی نے کہا کہ اسما عیلی برادری پر حملہ پاکستان کو کمزور کر نے کی سازش ہے اور ان سازشی عناصر کا مقصد پاکستان کی سلامتی اور استحکام کو نقصان پہنچانا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس وقت پاکستان کو سنگین قسم کے اندرونی خلفشار کا سامنا ہے، موجودہ حالات میں پاکستان خصوصی طور پر کراچی میں دہشت گردی کے عفریت پر قابو پانے کے لئے قائد تحریک الطاف حسین کے ہاتھوں کو مضبوط کرنا ہوگااور ان کی آواز سے آواز ملانی ہوگی کیونکہ پاکستان کی خوشحالی اور ترقی اندرونی دہشت گردی کے خاتمہ سے مشروط ہے ۔ آصف قاضی نے قائد تحریک الطاف حسین کی جانب سے اسماعیلی جماعت کے روحانی پیشوا پرنس کریم آغا خاں اور دنیا بھر میں مقیم اسماعیلی برادری سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا۔کیلگری سے البرٹا اسمبلی کے رکن عرفان صابر نے اجتماعات سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان سے دہشت گردی کے خاتمے کے لئے ہم سب کو ایک جگہ پر جمع ہونا ہوگا۔دیگر مقررین نے بھی یکجہتی کی ضرورت پر زور دیا ۔اس موقع پر تمام شہروں میں شہداء کے لئے فاتحہ خونی کی گئی اور ان کی یاد میں شمعیں بھی روشن کی گئیں جبکہ اجتماعات میں پاکستان خصوصا کراچی سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لئے شرکاء نے احتجاجی نعروں پر مبنی پلے کارڈ بھی اٹھا رکھے تھے۔