قائد ایم کیوایم الطاف حسین کی صدارت میں رابطہ کمیٹی پاکستان اورلندن کے ارکان کامشترکہ اجلاس
رابطہ کمیٹی کے مشترکہ اجلاس میں ایم کیوایم کے مختلف شعبہ جات کے انچارجز اور اراکین نے بھی شرکت کی اجلاس کے شرکاء نے اپنی نشستوں سے کھڑے ہوکرسا نحہ صفورا چورنگی کے شہداء کی یاد میں ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی
سانحہ صفورا چورنگی کے المناک واقعہ پر مجھ سمیت ایم کیوایم کا ایک کارکن اسماعیلی برادری کے غم میں برابر کا شریک ہے، الطاف حسین
پرنس کریم آغاخان ، اسماعیلی برادری کے قتل عام کا معاملہ قوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل ، ایمنسٹی انٹرنیشنل اور ایشیا واچ سمیت ہرسطح پراٹھائیں، الطاف حسین
پرنس کریم آغاخان پوری دنیا کو آگاہ کریں کہ پاکستان میں اسماعیلی برادری کوطالبان ، القاعدہ اور داعش کے دہشت گرد دن دیہاڑے مسلح حملے کرکے درجنوں افراد کو شہید وزخمی کرکے آسانی سے فرارہوجاتے ہیں، الطاف حسین
حکومت ، اسماعیلی برادری کے سفاک قاتلوں کی گرفتاری میں کوئی کسر اٹھانہ رکھے ، الطاف حسین کامطالبہ
لندن۔۔۔14،مئی2015ء
متحدہ قومی موومنٹ کے قائد جناب الطاف حسین کی صدارت میں ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی لندن اورپاکستان کے ارکان کا مشترکہ اجلاس ہوا جس میں ایم کیوایم کے مرکز نائن زیروپر تنظیمی امور انجام دینے والے مختلف شعبہ جات کے انچارجز اور اراکین نے بھی شرکت کی ۔ اجلاس کے تمام شرکاء نے اپنی نشستوں سے کھڑے ہوکر سانحہ صفورا چورنگی کے شہداء کی یاد میں ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی اور شہداء کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا ۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز مسلح دہشت گردوں نے اسماعیلی برادری کی بس میں گھس کراندھادھند فائرنگ کرکے 45 سے زائد افراد کو شہید اور متعدد کو شدید زخمی کردیا تھاجواپنے اپنے دفاتر اور کاروبار کیلئے جارہے تھے ۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے جناب الطاف حسین نے اسماعیلی کمیونٹی کے افراد کا بہیمانہ قتل عام ایسا غم ہے جوکہ ناقابل تلافی ہے، انہوں نے پاکستان میں بسنے والی اسماعیلی کمیونٹی سے کہاکہ سانحہ صفورا چورنگی کے المناک واقعہ پر مجھ سمیت ایم کیوایم کا ایک کارکن آپ کے غم میں برابر کا شریک ہے ۔ جناب الطاف حسین نے اسماعیلی برادری کے روحانی پیشواپرنس کریم آغاخان سے دردمندانہ اپیل کی کہ وہ کراچی میں اسماعیلی برادری کے قتل عام کا معاملہ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل ، ایمنسٹی انٹرنیشنل اورایشیا واچ سمیت ہرسطح پراٹھائیں اور پوری دنیا کو آگاہ کریں کہ پاکستان میں پرامن اور بے ضرر اسماعیلی برادری کو قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں کی بڑی تعداد میں موجودگی کے باوجود طالبان ، القاعدہ اور داعش کے دہشت گرد دن دیہاڑے مسلح حملے کرکے درجنوں افراد کو شہید وزخمی کرکے آسانی سے فرارہوجاتے ہیں ۔ جناب الطاف حسین نے پرنس کریم آغاخان اورپوری دنیا میں بسنے والی اسماعیلی برادری کے افراد سے اپنی اورایم کیوایم کی جانب سے دلی تعزیت کااظہارکرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ سانحہ صفوراچورنگی میں جاں بحق ہونے والے افراد کو شہادت کا درجہ عطا کرکے جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطافرمائے ،مرحومین کی ارواح کوسکون دے اور دہشت گردی کے واقعہ میں زخمی ہونے والوں کو جلدومکمل صحت یابی عطا کرے ۔ جناب الطاف حسین نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ اسماعیلی برادری کے سفاک قاتلوں کی گرفتاری میں کوئی کسر اٹھانہ رکھی جائے اور تمام شہریوں کو بلاامتیاز وتفریق جان ومال کاتحفظ فراہم کیاجائے ۔
English