ایم کیو ایم امریکہ کا سالانہ کنونشن قائد اعظمؒ کے پاکستان کے خدوخال کو نمایاں کرنے میں معاون ثابت ہو گا ۔ جنید فہمی
واشنگٹن ڈی سی : 11؍ جون 2013ء
ایم کیوایم امریکہ کے زیر اہتمام28 تا 30 جون ایٹلانٹا میں 17ویں سالانہ کنونشن کی تیاریوں کا جائزہ لینے کے لئے سینٹرل آرگنائزنگ کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ایم کیو ایم امریکہ کے سینٹرل آرگنائزر جنید فہمی، جوائنٹ آرگنائزرز محمد ارشد حسین اور ندیم صدیقی ، سینٹرل کمیٹی کے اراکین ثاقب محی الدین، وکیل جمالی، محمد ظہیر، گل محمد، توصیف خان، علی حسن، وسیم زیدی، عامر قاضی نے شرکت کی جبکہ اس موقع پر میڈیا سیل کے انچارج عمران حسین، ایٹلانٹا چیپٹر کے انچارج حسیب خان سمیت مجلہ کمیٹی کے اراکین بھی موجود تھے۔ ایٹلانٹا چیپٹر کے انچارج حسیب خان نے اجلاس کے شرکاء کو کنونشن کے لئے کی جانے والی اب تک کی تیاریوں سے آگاہ کیا جبکہ اجلاس میں کنونشن کی مناسبت سے خصوصی مجلے کی اشاعت بھی زیر غور آئی۔ اس موقع پر اجلاس کے شرکاء سے بات کرتے ہوئے سینٹرل آرگنائزر جنید فہمی نے کہا کہ قائد کا پاکستان کے عنوان سے ایم کیو ایم امریکہ کا کنونشن پاکستانیوں کی امنگوں، جذبات اور خیالات کا ترجمان ثابت ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو فلاحی اور ترقی یافتہ ریاست بنانے کے قائد اعظم کے خواب کی تعبیر صرف قائد تحریک جناب الطاف حسین کے پاس ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ قائد تحریک جناب الطاف حسین پاکستان کے واحد لیڈر ہیں جو بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کے ویژن اور مشن کو آگے بڑھا کر مضبوط، خوشحال اور خودمختار پاکستان کی تشکیل چاہتے ہیں ۔جنید فہمی اور سینٹرل آرگنائزنگ کمیٹی نے ایٹلانٹا کنونشن کی تیاریوں پر اپنے مکمل اطمینان کا اظہار کیا۔ اجلاس کے آخر میں کراچی میں دہشت گردی کی کاروائیوں کے نتیجے میں ایم کیو ایم کے شہید ہونے والے کارکنان کے لئے دعائے مغفرت بھی کی گئی۔