ایم کیوایم کے رکن قومی اسمبلی خواجہ سہیل منصورنے کرپشن اوربھتہ کاالزام عائدکرنے پر نجی ٹی وی کے خلاف ایک ارب روپے ہرجانے کا نوٹس جاری کردیا
خواجہ سہیل ایک بڑے تاجراورصنعتکارہیں جو دوسری مرتبہ قومی اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے ہیں
خواجہ سہیل قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کے چیئرمین رہے اورآج کل وہ دفاعی پیداوارکی قائمہ کمیٹی کے چیئرمین ہیں
خواجہ سہیل کو سب سے زیادہ ٹیکس اداکرنے اورپاکستان کیلئے خدمات کے اعتراف میں ’’ ستارہء امتیاز ‘‘ سے بھی نوازاگیا
متعلقہ ٹی وی تین روزکے اندر جھوٹی اوربے بنیادخبرپرغیرمشروط معافی مانگے ورنہ اس پر ایک ارب روپے ہرجانے کی وصولی
کیلئے قانونی کارروائی کی جائے گی
کراچی ۔۔۔ 7 مئی 2015ء
متحدہ قومی موومنٹ کے رکن قومی اسمبلی خواجہ سہیل منصورنے ان پر کرپشن اوربھتہ کاالزام عائدکرنے پر نجی ٹی وی کے خلاف ایک ارب روپے ہرجانے کا نوٹس جاری کردیا۔ واضح رہے کہ بعض ٹی وی چینلزپرنشرہونے والی خبرمیں محکمہ انکم ٹیکس کے حوالے سے ایم کیوایم کے ذمہ داروں اورکارکنوں کے خلاف بھتہ کاالزام لگانے کے سا تھ ساتھ رکن قومی اسمبلی خواجہ سہیل پر بھی تاجروں سے بھتہ لینے اورمحکمہ انکم ٹیکس میں غیرقانونی بھرتی کاالزام لگایاگیاتھا۔خواجہ سہیل نے اپنے وکیل کے ذریعے ایک ٹی وی کو ایک ارب روپے ہرجانے کانوٹس جاری کیاہے جس میں کہاگیاہے کہ خواجہ سہیل ایک بڑے تاجراورصنعتکارہیں جو دوسری مرتبہ قومی اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے ہیں۔وہ قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کے چیئرمین رہے اورآج کل وہ دفاعی پیداوارکی قائمہ کمیٹی کے چیئرمین ہیں۔خواجہ سہیل کومالی سال 2007ء میں پاکستان میں سب سے زیادہ ٹیکس اداکرنے اورپاکستان کیلئے ان کی خدمات کے اعتراف میں حکومت پاکستان کی جانب سے انہیں ’’ ستارہء امتیاز ‘‘ سے بھی نوازاگیالیکن 5مئی کونشرہونے والی ایک خبرمیں ان پرمحکمہ انکم ٹیکس کراچی میں 300 انکم ٹیکس انسپکٹرزبھرتی کرنے اور تاجروں سے بھتہ لینے کاالزام لگایااس طرح ان کی شہرت کونقصان پہنچایا گیا۔ خواجہ سہیل نے اس کردارکشی پر متعلقہ ٹی وی کونوٹس جاری کیاہے کہ وہ تین روزکے اندراس جھوٹی اوربے بنیادخبرپرغیرمشروط معافی مانگے ورنہ اس پر ایک ارب روپے ہرجانے کی وصولی کیلئے قانونی کارروائی کی جائے گی۔ خواجہ سہیل ان کے بارے میں جھوٹی اوربے بنیادخبرپر دیگرٹی وی چینلزاوراخبارات کے خلاف قانونی کارروائی کی بھی تیاری کررہے ہیں۔