ایم کیوایم کے بے گناہ کارکنوں کی گرفتاریوں کا سلسلہ بند کیا جائے۔ رابطہ کمیٹی ایم کیوایم
اگر کسی گرفتار شدہ کارکن پر کوئی مقدمہ ہے تو اسے عدالت میں پیش کیا جائے
شاہ فیصل کالونی، نارتھ ناظم آباد، کورنگی، بلدیہ ٹاؤن اور قصبہ کالونی میں کارکنوں کی گرفتاریوں پر اظہارمذمت
کراچی ۔۔۔5، مئی 2015ء
متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے ایم کیوایم شاہ فیصل سیکٹر یونٹ 106سمیت شہر کے مختلف علاقوں میں ایم کیوایم کے ذمہ داران و کارکنان کی بلاجواز گرفتاریوں کی شدید مذمت کی ہے ۔ اپنے بیان میں رابطہ کمیٹی نے کہاکہ سر کاری اہلکاروں نے منگل کی شب 9:30بجے ایم کیوایم شاہ فیصل کالونی سیکٹر یونٹ 106کے یونٹ آفسپر چھاپہ مارا اور وہاں موجود یونٹ انچارج خلیل احمد ، یونٹ کمیٹی کے رکن دل محمد ، کارکنان طارق ، نفیس اور حنیف کوگرفتارکرلیا۔ سرکاری اہلکاران کارکنوں کو گرفتار کرنے کے بعد اہل علاقہ کے سامنے شدید تشدد کا نشانہ بناتے ہوئے اپنے ہمراہ لے گئے ۔ اسی طرح سرکاری اہلکاروں نے ایم کیوایم نارتھ ناظم آباد یونٹ 175کے سرکل انچارج عامر مجید ، کارکنان فیضان اللہ آفندی ، عاصم مبین ، کورنگی سیکٹر یونٹ 77کے کارکن عمران یاسین ، کورنگی سیکٹر یونٹ 69کے کارکن محمد شکیل عادل ، قصبہ علی گڑھ سیکٹر یونٹ 125کے کارکن عاصم آفتاب ، بلدیہ ٹاؤن سیکٹر یونٹ 112-Cکے کارکنان شاہنواز ، نقاش اور بلدیہ ٹاؤن یونٹ 112-Bکے کارکن فیصل انصاری کو ان کے گھروں اور دیگر مقامات سے گرفتار کرلیا ۔ رابطہ کمیٹی نے کہاکہ ایم کیوایم کے گرفتار ذمہ داران و کارکنان کے حوالے سے سرکاری اہلکاروں کی جانب سے کسی قسم کی معلومات فراہم نہیں کی جارہی ہیں جسکے باعث ان کے اہل خانہ میں شدیدبے چینی پائی جارہی ہے ۔ رابطہ کمیٹی نے وزیراعظم محمد میاں نواز شریف ، وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان ، گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد اور وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ سے مطالبہ کیا کہ ایم کیوایم کے بے گناہ کارکنوں کی گرفتاریوں کاسلسلہ بندکیاجائے اور اگرکسی گرفتارشدہ کارکن پر کوئی مقدمہ ہے تواسے عدالت میں پیش کیاجائے۔