عالمی یوم مزدور پر ایم کیوایم کے قائد جناب الطاف حسین کا پاکستان سمیت دنیا بھر کے محنت کش مزدوروں کو زبردست خراج تحسین
محنت کش طبقہ کسی بھی ملک کی ترقی میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے ،الطاف حسین
دنیا کے تمام ترقی یافتہ ومستحکم ممالک اور معاشروں میں محنت کشوں اور مزدوروں کو خصوصی اہمیت حاصل ہوتی ہے
پاکستان میں محنت کش اپنا خون پسینا بہاکر پاکستان کی ترقی میں دن رات اپنا کردار اداکررہے ہیں
ہم اس دن کے اصل پیغام کو آج تک حقیقی معنوں میں سمجھ نہیں سکے ہیں، الطاف حسین
بد قسمتی سے ملک میں کسی حکومت نے مزدور طبقے کے حقوق اور سہولیات فراہم کرنے کیلئے ٹھوس اقدام نہیں اُٹھایا
پاکستان معاشی عدم استحکام کا شکار ہے اور غریب محنت کش ایمانداری سے ملک کو معاشی بدحالی سے نکالنے میں سرگرم ہیں
حکمران ملک میں مزدور اور محنت کشوں کو اعلیٰ معیار کی مراعات اور سہولیات فراہم کریں
محنت کش طبقے کی تنخواہوں میں اضافہ کیا جائے تاکہ وہ ملک کی ترقی میں مزید احسن انداز سے اپنا کردار ادا کر سکیں
ایم کیو ایم کے قائد جناب الطاف حسین کا عالمی یوم مزدور کے موقع پرمزدوروں اور محنت کشوں کے نام پیغام
لندن ۔۔۔ یکم؍ مئی 2015ء
متحد ہ قومی موومنٹ کے قائد جناب الطاف حسین نے عالمی یوم مزدور پر پاکستان سمیت دنیا بھر کے محنت کشوں اور مزدوروں کو زبردست خراج تحسین پیش کیا ہے۔جناب الطا ف حسین نے مزدوروں اور محنت کشوں کے نام اپنے خصوصی پیغام میں کہا کہ محنت کش طبقہ کسی بھی ملک کی ترقی میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے اور یہی وجہ ہے کہ دنیا کے تمام ترقی یافتہ اور مستحکم ممالک اور معاشروں میں محنت کشوں اور مزدوروں کو خاص اہمیت حاصل ہوتی ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں بسنے والوں کی اکثریت محنت کش طبقے سے تعلق رکھتی ہے جو اپنا خون پسینا بہاکر پاکستان کی ترقی میں دن رات اپنا کردار ادا کررہے ہیں لیکن بد قسمتی سے ہمارے ملک میں گزشتہ67برسوں کے دوران کسی حکومت نے محنت کش و مزدور طبقے کے جائز حقوق اور ان کو سہولیات فراہم کرنے کیلئے کوئی ٹھوس قدم نہیں اُٹھایا اور یہی وجہ ہے کہ ہمارے میں 98فیصد طبقہ چند مراعات یافتہ لوگوں کی مرہون منت زندگیاں بسر کر رہاہے۔جناب الطاف حسین نے کہاکہ ہر سال عالمی سطح پر منایا جانے والایوم مزدور پاکستان سمیت دنیا بھر کے حکمرانوں کو مزدوروں ، محنت کشوں اور انکے اہل خانہ کو حقوق فراہم کرنے کے عزم کا اعادہ کرتا ہے لیکن ہم اس دن کے اصل پیغام کو آج تک حقیقی معنوں میں سمجھ نہیں سکے ہیں۔جناب الطا ف حسین نے کہا کہ پاکستان آج معاشی لحاظ سے عدم استحکام کا شکار ہے اور غریب محنت کش طبقہ ایمانداری سے ملک کو معاشی بدحالی سے نکالنے میں سرگرم ہے لہٰذا یہ حکمرانوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ ملک میں مزدور اور محنت کشوں کو اعلیٰ معیار کی مراعات اور سہولیات فراہم کریں اور انکی تنخواہوں میں اضافہ کریں تاکہ وہ ملک کی ترقی میں مزید احسن انداز سے اپنا کردار ادا کر سکیں۔
English