Altaf Hussain  English News  Urdu News  Sindhi News  Photo Gallery
International Media Inquiries
+44 20 3371 1290
+1 909 273 6068
[email protected]
 
 Events  Blogs  Fikri Nishist  Study Circle  Songs  Videos Gallery
 Manifesto 2013  Philosophy  Poetry  Online Units  Media Corner  RAIDS/ARRESTS
 About MQM  Social Media  Pakistan Maps  Education  Links  Poll
 Web TV  Feedback  KKF  Contact Us        

حق پرست ارکان ،سندھ اسمبلی میں بھرپوراپوزیشن کا کردار ادا کریں ، قائدایم کیوایم الطاف حسین کی ہدایت


حق پرست ارکان ،سندھ اسمبلی میں بھرپوراپوزیشن کا کردار ادا کریں ، قائدایم کیوایم الطاف حسین کی ہدایت
 Posted on: 4/26/2015
حق پرست ارکان ،سندھ اسمبلی میں بھرپوراپوزیشن کا کردار ادا کریں ، قائدایم کیوایم الطاف حسین کی ہدایت
سندھ کے عوام بنیادی مسائل کا شکار ہیں،پانی کی قلت، بجلی کی لوڈشیڈنگ،مہنگائی اور بے روزگاری کا شکار ہیں، الطاف حسین
اگر حکومت سندھ ، بیوروکریسی اور عدلیہ بھی عوام کو ریلیف فراہم نہ کرے تو پرامن احتجاجی مظاہرے
کرکے اپنااحتجاج ریکارڈ کرائیں، الطاف حسین
ایم کیوایم، حکومت اوراسٹیبلشمنٹ کے لوگوں کی غلط پالیسیوں کی مخالفت ضرور کرتی ہے لیکن انہیں ملک دشمن
قرارنہیں دیتی بلکہ محب وطن سمجھتی ہے، الطاف حسین
اسٹیبلشمنٹ ایم کیوایم کوحاصل عوامی میندیٹ کااحترام کرے اورمہاجروں کو بھی محب وطن پاکستانی تسلیم کیا جائے ، الطاف حسین
ایم کیوایم کے منتخب ارکان اسمبلی کی جانب سے عوام کی ترقی اور فلاح کے منصوبوں کو سرخ فیتے کی نذرکردیاجاتا ہے ،الطاف حسین
ایم کیوایم ، پاکستان کی واحد لبرل ، روشن خیال اور ترقی پسند جماعت ہے، الطاف حسین
پرامن جدوجہد سے عوام اوربیشتر سیاسی ومذہبی جماعتوں کے کارکنان بھی فرسودہ جاگیردارانہ نظام، موروثیسیاست اور کرپٹ سیاسی کلچر سے بیزاری کااظہار کررہے ہیں، الطاف حسین
گزشتہ چند روز میں ہزاروں افراد نے ایم کیوایم میں شمولیت اور اس کیلئے کام کرنے کی خواہش کا اظہار کیا ہے، الطاف حسین
رابطہ کمیٹی فوری طورپر ملک بھر خصوصاً صوبہ سندھ میں ایم کیوایم کی ممبرسازی مہم شروع کرے، الطاف حسین
ایم کیوایم میں کام کرنے کے خواہشمند افراد کیلئے ویب سائٹ اور فیس بک پر رکنیت سازی فارم اپ لوڈ کردیا ہے،الطاف حسین
ہنگامی بنیادوں پرپشاورمیں طوفانی بارشوں اورآندھی سے متاثرہ خاندانوں کے نقصانات کا ازالہ کیاجائے، الطاف حسین
جناح گراؤنڈعزیزآباد، لانڈھی کورنگی اور قصبہ وعلیگڑھ کالونی میں جشن فتح کے اجتماعات سے بیک وقت ٹیلی فونک خطاب
لندن۔۔۔26، اپریل2015ء
متحدہ قومی موومنٹ کے قائد جناب الطاف حسین نے اسٹیبلشمنٹ سے مطالبہ کیا ہے کہ ایم کیوایم کوحاصل عوامی میندیٹ کااحترام کیاجائے اور مہاجروں کو بھی محب وطن پاکستانی تسلیم کیا جائے ۔ انہوں نے ایم کیوایم کے منتخب ارکان اسمبلی کو ہدایت کی کہ وہ سندھ اسمبلی میں بھرپوراپوزیشن کا کردار ادا کریں اورعوامی مسائل کے حل کیلئے ہمت وجرات کے ساتھ ڈٹ کر آوازاٹھائیں۔رابطہ کمیٹی کو ہدایت کرتا ہوں کہ فوری طورپر ملک بھرمیں خصوصاً صوبہ سندھ میں ایم کیوایم کی ممبرسازی مہم شروع کرے۔
یہ بات انہوں نے جناح گراؤنڈعزیزآباد، لانڈھی کورنگی اور قصبہ وعلیگڑھ کالونی میں ضمنی اور کنٹونمنٹ بورڈز کے انتخابات میں حق پرست امیدواروں کی شاندار کامیابی کی خوشی میں منعقدہ جشن فتح کے اجتماعات سے بیک وقت ٹیلی فونک خطاب کرتے ہوئے کہی ۔ اجتماعات میں بزرگوں ، خواتین ، نوجوانوں اور بچوں نے ہزاروں کی تعدادمیں شرکت کی ، اس موقع پر جشن فتح کے سلسلے میں میوزیکل پروگرام کا بھی انعقاد کیا گیا۔ اپنے خطاب میں جناب الطاف حسین نے کہاکہ کراچی کے حلقہ این اے 246 کے ضمنی الیکشن میں ملکی اور غیرملکی سپورٹ حاصل رکھنے والی جماعتوں کو شکست ہوئی ،یہ ملکی اورغیرملکی قوتیں بعض جماعتوں کو ضمنی الیکشن میں کامیاب کراناچاہتی تھیں لیکن اللہ تعالیٰ نے ایم کیوایم کوسرخروئی عطافرمائی،تمام ترمشکلات ،رکاؤٹوں ،میڈیاٹرائل اورجھوٹے الزامات کے باوجود ایم کیوایم کو تاریخ ساز کامیابی حاصل ہوئی۔ گزشتہ روز ہونے والے کنٹونمنٹ بورڈز کے الیکشن میں بھی ایم کیوایم کو پہلی مرتبہ تاریخی فتح حاصل ہوئی جس پر میں ایک مرتبہ پھرحق پرست عوام کو دلی مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ جناب الطاف حسین نے کہاکہ ایم کیوایم کے منتخب ارکان اسمبلی کی جانب سے عوام کی ترقی اور فلاح کے منصوبوں کو سرخ فیتے کی نذرکردیاجاتا ہے ، میں منتخب ارکان اسمبلی کو تلقین کرتا ہوں کہ عوامی مسائل کے حل راستے میں بیوروکریسی مشکلات کھڑی کرے تو وزیراعلیٰ سندھ اور گورنرسندھ کو مطلع کیا جائے ، اگر پھربھی عوامی مسائل کے حل کی راہ میں حائل رکاوٹیں دورنہ کی جائیں تو ایم کیوایم کی لیگل ایڈکمیٹی کے ذریعہ مقدمہ دائر کریں کہ حکومت انہیں عوام کو درپیش پانی ، بجلی ، صحت وصفائی اوردیگر عوامی فلاح وبہبود کے کام نہیں کرنے دے رہی ہے۔ انہوں نے حق پرست عوامی نمائندوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ عوام نے آپ کو اپنی نمائندگی کا حق دیا ہے ، آپ کوقومی یاصوبائی اسمبلی کی رکنیت اس لئے نہیں ملی کہ آپ کا طرز زندگی بہتر ہوجائے لیکن عوام بنیادی مسائل کا شکار رہیں، عوام کے بنیادی مسائل کا حل کرنا آپ کے فرائض میں شامل ہے ۔ اگر حکومت سندھ کے حکمراں آپ کی مدد نہ کریں ، بیوروکریسی کی جانب سے عوامی مسائل کے حل میں رکاوٹیں کھڑی کی جائیں اورمقدمہ دائر کرنے کے باوجود عدلیہ بھی عوام کو ریلیف فراہم نہ کرے تو آپ پرامن احتجاجی مظاہرے کرکے اپنااحتجاج ریکارڈ کرائیں ۔ اگر حق پرست عوامی نمائندوں نے اپنے فرائض کی ادائیگی میں غفلت کا مظاہرہ کیا تو پارٹی کی جانب سے انہیں نوٹس دیا جائے گا اورپھربھی انہوں نے اپنی اصلاح نہ کی تو ان سے استعفیٰ لے لیا جائے گاکیونکہ ہمیں نمائشی لوگ نہیں بلکہ کام کرنے والے لوگ چاہئیں۔ جناب الطاف حسین نے کہاکہ آج جشن فتح عزیزآباد کے علاوہ لانڈھی کورنگی اورقصبہ وعلیگڑھ کالونی میں بھی منایا جارہا ہے ، ان علاقوں کے عوام نے تحریکی جدوجہد میں بہت دکھ سہے ہیں ، ان علاقوں کے کارکنوں نے تحریک کی خاطر اپنی جانوں کے نذرانے پیش کیے ہیں ، میں تحریک کے تمام شہداء کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتا ہوں۔ جناب الطاف حسین نے کہاکہ ایم کیوایم ، پاکستان کی واحد لبرل ، روشن خیال اور ترقی پسند جماعت ہے جو پاکستان سے فرسودہ جاگیردارانہ نظام کے خاتمے اور ملک میں غریب ومتوس طبقہ کی حکمرانی کیلئے جمہوری جدوجہد کررہی ہے ۔ایم کیوایم کی پرامن جدوجہد سے عوامی سطح پر شعوری بیداری کاآغاز ہورہا ہے اور ملک بھرکے غریب ومتوسط طبقہ کے عوام اوربیشتر سیاسی ومذہبی جماعتوں کے کارکنان بھی فرسودہ جاگیردارانہ نظام، موروثی سیاست اور کرپٹ سیاسی کلچر سے بیزاری کااظہار کررہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ گزشتہ چند روز میں ہزاروں افراد نے ایم کیوایم میں شمولیت اور اس کیلئے کام کرنے کی خواہش کا اظہار کیا ہے، انہوں نے رابطہ کمیٹی سے کہاکہ وہ فوری طورپر ملک بھرمیں خصوصاً صوبہ سندھ میں ایم کیوایم کی ممبرسازی مہم شروع کرے ۔ انہوں نے کہاکہ رابطہ کمیٹی نے ایم کیوایم کے منشورکے مطابق کام کرنے کے خواہشمند افراد کیلئے ویب سائٹ اور فیس بک پر رکنیت سازی فارم اپ لوڈ کردیا ہے یہ فارم جلد ہی ایم کیوایم کے مرکز نائن زیرو پر بھی دستیاب ہوں گے ۔جناب الطاف حسین نے کہاکہ سندھ کے عوام بنیادی مسائل کا شکار ہیں،پانی کی قلت، بجلی کی لوڈشیڈنگ،مہنگائی اور بے روزگاری کا شکار ہیں اور حکومتی سطح پر عوام کے بنیادی مسائل کے حل کیلئے کسی قسم کے اقدامات دیکھنے میں نہیں آرہے ہیں۔میں حق پرست اراکین اسمبلی کو ہدایت کرتا ہوں کہ وہ سندھ اسمبلی میں بھرپور اپوزیشن کاکردار ادا کریں اور عوامی مسائل کے حل کیلئے ہمت وجرات کے ساتھ ڈٹ کر آوازاٹھائیں۔جناب الطاف حسین نے صوبہ خیبرپختونخوا کے دارالحکومت پشاورمیں طوفانی بارشوں اورآندھی کے باعث بڑے پیمانے پر جانی ومالی نقصانات پرگہرے دکھ اور افسوس کا اظہارکیا اورایم کیوایم کے تمام رہنماؤں اورکارکنوں کی جانب سے جاں بحق ہونے والے افراد کے سوگوارلواحقین سے دلی تعزیت کی ۔ جناب الطاف حسین نے وفاقی اورخیبرپختونخوا کی صوبائی حکومت سے مطالبہ کیا کہ ہنگامی بنیادوں پر طوفانی بارشوں اورآندھی سے متاثرہ خاندانوں کے نقصانات کا ازالہ کیاجائے اورمتاثرین کی بحالی کیلئے جلدازجلد اقدامات کیے جائیں ۔ جناب الطاف حسین نے انسانی حقوق کی مقبول کارکن سبین محمود کے سفاکانہ قتل کی مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ سبین محمود کے قتل کی تحقیقات کرائی جائے اور قاتلوں کو گرفتارکرکے قرارواقعی سزا دی جائے ۔ انہوں نے صوبہ بلوچستان اور قبائلی علاقوں میں آپریشن کے باعث بے گھرہونے والے خاندانوں سے دلی ہمدردی کااظہارکرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ متاثرہ خاندانوں کی بحالی کیلئے اقدامات کیے جائیں ۔ جناب الطاف حسین نے کنٹونمنٹ کے انتخابات میں دیگر جماعتوں سے تعلق رکھنے والے امیدواروں اوران کی جماعتوں کے رہنماؤں کو بھی دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہاکہ ایم کیوایم سب جماعتوں کے عوامی مینڈیٹ کو تسلیم کرتی ہے اورچاہتی ہے کہ ایم کیوایم کو حاصل عوامی مینڈیٹ کابھی احترام کیاجائے ۔ انہوں نے کہاکہ ایم کیوایم، حکومت ،اسٹیبلشمنٹ ، فوج ، پیراملٹری فوج ، قانون نافذ کرنے والے اداروں اورایجنسیوں کے لوگوں کی غلط پالیسیوں کی مخالفت ضرور کرتی ہے لیکن انہیں غدار یا ملک دشمن قرارنہیں دیتی بلکہ محب وطن سمجھتی ہے ۔ جناب الطاف حسین نے حکومت اور اسٹیبلشمنٹ سے بصد ادب مطالبہ کیا کہ ایم کیوایم کے عوامی مینڈیٹ کو کھلے دل سے تسلیم کرنے کے ساتھ ساتھ مہاجروں کو بھی محب وطن پاکستانی تسلیم کیاجائے ۔
جنا ب الطاف حسین نے کہاکہ رینجرزکونائن زیروپراسلحہ نظرآتاہے لیکن کل کنٹونمنٹ کے الیکشن کے موقع پر پنجاب میں جواسلحہ کی نمائش کی گئی،جس طرح شدیدفائرنگ کی گئی ، وہ اسلحہ نہ تواسٹیبلشمنٹ کو نظر آیا، نہ حکومت کونظرآیا، نہ پولیس کویہ اسلحہ نظرآیا، نہ آئی بی کویہ اسلحہ نظر آیا نہ ہی کسی اورادارے کویہ اسلحہ نظرآیا،یہ کھلاتعصب ہے ۔میں حکومت ، اسٹیبلشمنٹ اوردیگر اداروں سے کہتاہوں کہ خداراوہ یہ تعصب کی آگ کوختم کردیں ، کہیں ایسانہ ہوکہ تعصب کی اس آگ میں پوراملک بھسم ہوجائے ۔ انہوں نے ایم کیوایم کے کارکنوں اور ذمہ داروں سے کہاکہ وہ کسی کے ساتھ زورزبردستی یاکسی کونقصان پہنچانے کاکوئی عمل نہ کریں اگرتنظیم کے کسی بھی فردنے ایساکوئی عمل کیا تو ایم کیوایم آپ کی حمایت میں ہرگزنہیں آئے گی۔ انہوں نے پولیس ، رینجرزدیگرقانون نافذکرنے والے اداروں اورسرکاری ایجنسیوں سے بھی کہاکہ اگرکسی پر کوئی الزام ہے توآپ اس سے تفتیش ضرور کریں لیکن اس پر تشددنہ کریں، لوگوں کوحراست میں تشدد کرکے ماورائے عدالت قتل نہ کریں کیونکہ یہ کھلاقتل ہے ۔اگرکوئی بھی اس ماورائے عدالت قتل میں ملوث ہوتواس کوبھی قتل کے جرم میں قانون کے مطابق سزادی جائے خواہ اس کاتعلق پولیس سے ہو، رینجرزسے ہویافوج سے ہو۔ جنا ب الطاف حسین نے کہاکہ بعض اینکرزایم کیوایم پر اسلحہ اوردہشت گردی کاالزام لگاتے ہیں ، ایسے اینکرزکوپنجاب میں یہ اسلحہ کیوں نظر نہیں آیا؟انہوں نے کہاکہ ٹی وی اینکرزاورتجزیہ نگارایم کیوایم پر تنقیدکریں ،یہ ان کاجمہوری حق ہے لیکن ایم کیوایم پر جھوٹے الزام نہ لگائیں۔انہوں نے کہاکہ ایم کیوایم نے این اے 246کے الیکشن میں تاریخی کامیابی حاصل کی ، کنٹونمنٹ کے الیکشن میں بھرپورکامیابی حاصل کی اوراس پر ہم تین روزسے جشن منارہے ہیں لیکن اس دوران کہیں بھی اسلحہ کی کوئی نمائش نہیں ہوئی اور کہیں کوئی ایک گولی بھی فائرنہیں ہوئی۔انہوں نے کہاکہ ٹی وی مالکان سے کہاکہ ہمیں تنقیدپرکوئی اعتراض نہیں لیکن اگرآپ بناء کسی ثبوت جھوٹے الزامات لگائیں گے توہم جواب میں آپ پر الزام لگانے کے بجائے آ پ کوجھوٹا، دھوکے باز، بکاہوااوراسٹیبلشمنٹ کاایجنٹ ضرورکہیں گے۔انہوں نے کہاکہ متعصب اینکرز اکثرکہتے ہیں کہ کراچی میں جن پولیس والوں نے آپریشن میں حصہ لیاوہ سب ماردیئے گئے ۔ جواینکرزیہ الزامات لگاتے ہیں اگر خدانخواستہ ان اینکرزکے بھائی یابیٹے کوقتل کرکے اس کی لاش کے ٹکڑے کرکے پھینک دیئے جائیں توکیاوہ اس پر کسی قسم کے ردعمل کا اظہار کرنے کے بجائے خوشی میں ڈانس کریں گے؟آپ پولیس والوں کے مرنے کاتذکرہ ضرورکریں لیکن ہماراسوال یہ ہے کہ ایم کیو ایم کے جن ہزاروں بے گناہ کارکنان کو مہاجرہونے کی بنیادپرقتل کردیاگیا کیاوہ انسان نہیں تھے؟انہوں نے دعاکی کہ اللہ تعالیٰ ہمارے ملک کے اینکرزاورتجزیہ نگاروں کونفرت اورتعصب سے پاک کرے۔انہوں نے ٹی وی ٹاک شوزمیں حق اورسچ بولنے والے تجزیہ نگاروں کوزبردست خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کراچی آپریشن کے دوران ایم کیوایم کے بے گناہ کارکنوں اورذمہ داروں کی گرفتاریوں کی شدیدمذمت کی اورمطالبہ کیاکہ ایم کیوایم کے تمام بے گناہ گرفتارشدگان کوفی الفوررہا کیاجائے ۔ انہوں نے عدلیہ کے ججوں سے بھی درخواست کی کہ وہ مظلوم لوگوں کواپنے ظرف وضمیرکے مطابق انصاف فراہم کریں خواہ اس کیلئے انہیں اپنے منصب کوہی کیوں نہ چھوڑناپڑے۔ انہوں نے حکومت اورپیمراسے بھی مطالبہ کیا کہ تمام ٹی وی چینلزاوراخبارات سے یکساں سلوک کیاجائے اورصحافیوں کیلئے ویج بورڈایوارڈکے نفاذ کوبھی یقینی بنایاجائے ۔ جناب الطا ف حسین نے نوجوانوں کوتلقین کی کہ وہ اپنی تعلیم پر توجہ دیں ، خواتین ،اساتذہ، بزرگوں کااحترام کریں۔ ماؤں بہنوں کی عزت کرنا،ان کااحترام کرناہمارے بزرگوں کی تعلیم اورہماری تہذیب وثقافت کاحصہ ہے۔انہوں نے نوجوانوں سے کہاکہ وہ محنت مزدوری کاکوئی کام کریں لیکن چوری، چکاری اورغلط طریقوں سے پیسہ حاصل کرنے کی کوشش نہ کریں۔محنت حق حلال کی کھائیں،جرائم سے خود کودوررکھیں،پان گٹکایانشہ کی چیزوں سے اپنے آپ کو دور رکھیں۔انہوں نے طلبہ وطالبات کوتلقین کی کہ وہ نقل سے پرہیزکریں، محنت وتوجہ سے پڑھیں، بغیرنقل کے امتحان دیں،محنت کرکے کامیابی حاصل کریں اوریہ یادرکھیں کہ جوقومیں نقل کاسہار لیتی ہیں وہ اصل نہیں سیکھتیں اورجواصل نہیں سیکھتیں وہ بہت پیچھے رہ جاتی ہیں۔ جناب الطاف حسین نے این اے 246کے انتخاب اورکنٹونمنٹ کے انتخابات میں ایم کیوایم کی شاندارکامیابی پر عوام کوایک مرتبہ پھرمبارکباد پیش کی ۔
English 






1/20/2025 2:26:30 PM