ضمنی انتخاب میں کنور نوید جمیل کی کامیابی پر امریکہ کے مختلف شہروں میں جشن
ایم کیو ایم کی کامیابی نے ایم کیو ایم مخالفین کے جھوٹے پروپیگنڈے اور لغو الزامات جھوٹے ثابت کردئیے۔جنید فہمی
عوام کو حقوق دینے کیلئے عوامی خواہشات کے مطابق کراچی کو علیحدہ صوبہ اور پاکستان میں انتظامی بنیادوں پر نئے صوبے قائم کئے جائیں
مختلف شہروں میں ہونیوالے جشن فتح سے سینٹر ل آرگنائز ر جنید فہمی و دیگر کا خطاب ، عوام کا ترانوں پر والہانہ رقص
شکاگو ۔۔۔۔25اپریل2015ء
ضمنی انتخاب میں حق پرست امیدوار کنور نوید جمیل کی فقید المثال کامیابی پر متحدہ قومی موومنٹ امریکہ کے تحت واشنگٹن، نیویارک، شکاگو، ہیوسٹن، لاس اینجلز، ڈیٹرائٹ اور ڈیلاس سمیت مختلف شہروں میں بھر پور جشن منایا گیا۔اس سلسلے میں بڑے اجتماعات واشنگٹن اور شکاگو میں منعقد ہوئے جس میں ایم کیو ایم کے کارکنان سمیت بڑی تعداد میں پاکستانی کمیونٹی سے تعلق رکھنے والے بزرگوں، خواتین اور بچوں نے شرکت کی۔ ایم کیو ایم امریکہ کے سینٹرل آرگنائزر جنید فہمی نے جشن میں شامل شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہ تمام تررکاوٹوں اور مخالفین کے گٹھ جوڑکے باوجود حق پرست امیدوار کی بھاری اکثریت سے کامیابی مخالفین کے منہ پر عوام کی جانب سے طمانچہ ہے جس نے ایم کیو ایم کے خلاف جھوٹے پروپیگنڈے اور لغو الزامات کو جھوٹا ثابت کردیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ تمام تر مشکلات کے باوجود حلقہ کے عوام اور بالخصوص ماؤں بہنوں نے اپنی جرات سے حق پرست امیدوار کی جیت کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ اس بات کا بھی اظہار کیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ سب گواہ ہیں کہ ایم کیو ایم مخالفین نے اپنی انتخابی مہم کی بنیاد جارحیت، جھوٹے الزامات اور ایم کیو ایم کے قائد کی کردار کشی پر رکھی تھی مگر اس کے باوجود عوام نے شدید موسم کے باوجود جوق در جوق گھروں سے نکل کر اپنی نمائندہ جماعت ایم کیوا یم سے جہاں والہانہ محبت کا ثبوت دیاہے وہیں تمام ایم کیو ایم مخالف عناصر سے اپنی واضح نفرت کا بھی اظہار کر دیا۔جنید فہمی نے کہا کہ کراچی کے عوام کے حقوق ادا کرنے کا سب سے مناسب طریقہ یہ ہے کہ شہری عوام کی خواہشات کے مطابق کراچی کو علیحدہ صوبہ بنا نے کے ساتھ ساتھ پورے پاکستان میں انتظامی بنیادوں پر نئے صوبے قائم کئے جائیں جو وقت کی اہم ترین ضرورت اور پاکستان کی بقا کیلئے ضروری ہیں۔جشن کے شرکاء سے سینٹرل آرگنائزنگ کمیٹی کے رکن توصیف خان نے بھی خطاب کیا ۔ تقریب کے دوران شرکاء ایم کیو ایم اور الطاف حسین کے حق میں پرجوش نعرے لگاتے رہے جبکہ نوجوان ڈھول کی تھاپ اور ایم کیو ایم کے ترانوں پر رقص کرتے رہے۔