دہشت گردی کے ذریعہ عوام کو حق پرستی کی جدوجہد سے باز نہیں رکھا جاسکتا
ایم کیو ایم کی اپیل پر کامیاب یوم سوگ منانے پر الطاف حسین کا عوام کو خراج تحسین
لندن ۔۔۔28، اپریل2013ء
متحدہ قومی موومنٹ کے قائد جناب الطاف حسین نے قصبہ کالونی میں ایم کیو ایم کے دفتر پر بم حملوں پر کراچی سمیت سندھ بھر میں کامیاب اورپرامن یوم سوگ منانے،تجارتی، کاروباری، تعلیمی اوردیگر سرگرمیاں معطل رکھنے پر تاجروں ، صنعتکاروں ، ٹرانسپورٹرز، محنت کشوں ، طلباوطالبات اورزندگی کے دیگر شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد کو زبردست خراج تحسین پیش کیا ہے ۔
ایک بیان میں جناب الطاف حسین نے کہا کہ یہ کیسا مذاق ہے کہ عوام کی حفاظت کے لئے جو بیریئرز لگائے گئے تھے انہیں تو قانون نافذ کرنے والے اداروں نے توڑدیاہے جبکہ جہادیوں کو بم وھماکے کرنے اور اعتدال پسند سیاسی جماعتوں کو نشانہ بنانے کھلی چھوٹ دے دی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ جب ریاست او ر اس کے ادارے عوام کووحشی صفت دہشتگردوں سے تحفظ دینے میں قطعی ناکام ہوجاتے ہیں تو عوام کے پاس پر امن احتجاج کے سوا کوئی چارہ نہیں رہ جاتا۔
جناب الطاف حسین نے کہاکہ حق پرست کارکنان اور عوام کے حوصلے آج بھی بلند ہیں اور دہشت گردی کے ذریعہ عوام کو حق پرستی کی جدوجہد سے بازنہیں رکھا جاسکتا۔جناب الطاف حسین نے ایم کیوایم کی اپیل پر یوم سوگ کو کامیاب بنانے پر صوبہ سندھ کے ایک ایک ماں ، بہن، بیٹی ، بزرگ، نوجوان ، طلباوطالبات، بالخصوص تاجروں، صنعتکاروں،ٹرانسپورٹروں کی تنظیموں،دکانداروں،محنت کش اور زندگی کے دیگر شعبے سے تعلق رکھنے والے دیگرافراد کو دل کی گہرائی سے زبردست خراج تحسین پیش کیاجنہوں نے رضاکارانہ طور پر اپنی تمام ترسرگرمیاں بند کرکے دنیا بھر پر واضح کردیا کہ وہ ایم کیوایم کے ساتھ ہیں۔ جناب الطاف حسین نے صوبہ پنجاب ، صوبہ خیبرپختونخوا ، صوبہ بلوچستان ، گلگت، بلتستان اور آزاد کشمیرمیںیوم سوگ منانے اور حق پرست شہداء کے ایصال ثواب کیلئے قرآن خوانی وفاتحہ خوانی کے اجتماعات منعقد کرنے پر ایم کیوایم کے کارکنا ن وحق پرست عوام کو بھی خراج تحسین پیش کیا۔