ایم کیوایم کے قائد الطاف حسین کی تحریک انصاف کو ایک مرتبہ پھر جناح گراؤنڈ میں جلسہ کرنے کی دعوت
پی ٹی آئی اگر شاہراہ پاکستان پر جلسہ کرے تو اس کے سلسلے میں بھی غیر مشروط تعاون کیلئے تیار ہیں
12 اپریل کو فیڈرل بی ایریا میں جماعت اسلامی کے جلسہ عام کا خیرمقدم کرتے ہیں۔ الطاف حسین
آئیے ماضی کی تلخیوں کو فراموش کرکے محبتوں اور چاہتوں کے نئے دور کا آغاز کرتے ہیں۔ قائدتحریک الطاف حسین کا تحریک انصاف اور جماعت اسلامی کو پیغام
ہمیں پاکستان میں پیار، امن و محبت، بھائی چارے، یکجہتی، برداشت، رواداری کے جذبے کوفروغ دینا چاہیے اور جیو اور جینے دو کی پالیسی کو اختیار کرنا چاہیے۔ الطاف حسین
عمران خان اور ریحام بھابھی کیلئے ہم نے جو تحائف لئے ہیں وہ ان کی امانت ہیں. ٹی وی چینلز سے اظہار خیال
لندن۔۔۔ 9 اپریل 2015ء
متحدہ قومی موومنٹ کے قائدجناب الطا ف حسین نے تحریک انصاف کوایک مرتبہ پھر جناح گراؤنڈمیں جلسہ منعقدکرنے کی دعوت دی ہے اورپی ٹی آئی کی قیاد ت سے کہاہے کہ اگروہ شاہراہ پاکستان پر بھی جلسہ کررہے ہیں تواس کے سلسلے میں بھی ہم غیرمشروط تعاون کے لئے تیارہیں۔ انہوں نے یہ بات جمعرات کی شب ٹی وی چینلز پر اظہارخیال کرتے ہوئے کہی۔ جناب الطاف حسین نے12 اپریل کوفیڈرل بی ایریامیں جماعت اسلامی کے جلسہ عام کے انعقاد کابھی خیرمقدم کیااوراس جلسہ پر جماعت اسلامی کو خوش آمدیدکہا۔ انہوں نے کارکنوں سے بھی کہاکہ اگروہ تنقیداوراعتراضات سننے اوربرداشت کرنے کاحوصلہ رکھتے ہیں توشوق سے جماعت اسلامی کے جلسہ میں شرکت کریں۔ جناب الطا ف حسین نے کہاکہ ہم نے خلوص نیت سے آج تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان اور ان کی اہلیہ ریحام خان بھابھی اوران کے احباب کوجناح گراؤنڈمدعوکیاتھا۔ میں کل رات بھررابطہ کمیٹی کے ساتھ عمران خان بھائی اورریحام بھابھی کے استقبال کی تیاریوں کے انتظامات کراتارہا۔ ہم نے ان کے استقبال کیلئے پھولوں کی پتیاں رکھی تھیں اوران کی تواضع کیلئے حلیم اورمختلف ڈشوں کا انتظام کیاتھا۔اس کے علاوہ ریحام بھابھی کیلئے سونے کاسیٹ اورعمران بھائی کیلئے سوٹ کاکپڑا لیکررکھا تھا۔ ہمارے ساتھی رات بھر اور صبح تک تیاریوں میں مصروف رہے ۔ آج جب عمران خان کے ساتھ ان کے احباب آئے توان پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں لیکن عمران خان کی انتظامیہ کے ساتھ کوئی بات ہوئی اوروہ اچانک واپس چلے گئے ۔ انہوں نے کہاکہ تمام سیاسی جلسے جلوسوں میں چھوٹا موٹا واقعہ ہوجاتاہے تواس کواناکامسئلہ نہیں بناناچاہیے۔انہوں نے کہاکہ میں تحریک انصاف کوجناح گراؤنڈمیں جلسہ کرنے کی دوبارہ دعوت دیتاہوں اوراگروہ اب جناح گراؤنڈکے بجائے شاہراہ پاکستان پر جلسہ کرناچاہتے ہیں تومیں اسکے انعقاد کیلئے بھی غیرمشروط طورپراپنے تجربہ کارساتھیوں کی خدمات پیش کش کرتاہوں۔ جناب الطا ف حسین نے تحریک انصاف اورجماعت اسلامی کومخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ماضی میں جوکچھ بھی ہواہم اسے بھول کراورماضی کی تلخیوں کوفراموش کرکے محبتوں اور چاہتوں کے نئے دور کا آغاز کرتے ہیں۔ ہمیں پاکستان میں پیار، امن ومحبت، بھائی چارے، یکجہتی،برداشت،رواداری کے جذبے کوفروغ دینا چاہیے اورجیو اورجینے دوکی پالیسی کو اختیارکرناچاہیے، ایک دوسرے کااحترام کرناچاہیے ۔جس طرح ایک باغ میں مختلف رنگوں اور قسموں کے پھول ہوتے ہیں اسی طر ح مختلف سیاسی نظریات رکھنے والی جماعتیں اس ملک کے پھول ہیں اورکسی ایک پھول کے اضافے سے باغ کوکوئی نقصان نہیں پہنچتا۔ ایک سوال کے جواب میں جناب الطا ف حسین نے کہاکہ عمران خان اورریحام بھابھی کیلئے ہم نے جوتحائف لئے ہیں وہ ان کی امانت ہیں اوررابطہ کمیٹی عمران بھائی سے رابطہ کرکے معلوم کرلے گی کہ آیاوہ تحائف انہیں لاہورجاکردیں یاان کی کراچی آمدپر انہیں پیش کریں۔ انہوں نے دعاکی کہ اللہ تعالیٰ امن اورافہام وتفہیم کی فضاء برقراررکھے اورتحریک انصاف ،جماعت اسلامی کے جلسوں کوکامیاب کرے اورامن وبھائی چارے کی فضاء فروغ پائے۔