عمران خان کوگالم گلوچ کی زبان چھوڑکرسنجیدہ سیاست کرناچاہیے۔رابطہ کمیٹی ایم کیوایم
عمران خان کو سنجیدگی اختیارکرتے ہوئے’’ الطاف حسین فوبیا ‘‘ سے باہرآجاناچاہیے۔، رابطہ کمیٹی
تحریک انصاف اپنی یقینی شکست سے بچنے کیلئے ضمنی الیکشن سے راہ فرارڈھونڈر ہی ہے
عمران خان پہلے بھی لندن میں مقدمہ کی کوشش کرچکے ہیں اوراب بھی چاہیں تواپنا شوق پوراکرلیں
انشاء اللہ ماضی کی طرح اس باربھی انہیں ناکامی کامنہ دیکھناپڑے گا
عمران خان جس اسمبلی کوجعلی اورفراڈ کہتے آئے ہیں اس اسمبلی میں آج کس منہ سے جانے کی بات کررہے ہیں؟رابطہ کمیٹی
کراچی ۔۔۔ 5 اپریل 2015ء
متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کی جانب سے ایم کیوایم پر کی جانیوالی بیجاتنقیدپر تبصرہ کرتے ہوئے کہاہے کہ عمران خان صاحب کواب گالم گلوچ کی زبان چھوڑکرسنجیدہ سیاست کرناچاہیے اور’’ الطاف حسین فوبیا ‘‘ سے باہرآجاناچاہیے ۔ اپنے ایک بیان میں رابطہ کمیٹی نے کہا دراصل عمران خان کو کراچی میں ہونے والے ضمنی الیکشن میں تحریک انصاف کی یقینی شکست نظرآرہی ہے اسی لئے عمران خان اورتحریک انصاف کے رہنما شکست سے بچنے کیلئے راہ فرارڈھونڈر ہے ہیں اورالزامات کا سہارالے رہے ہیں ۔ رابطہ کمیٹی نے کہاکہ جہاں تک قائدتحریک الطاف حسین کے خلاف لندن میں مقدمہ دائرکرنے کاتعلق ہے توعمران خان جہاں چاہیں مقدمہ دائرکریں وہ پہلے بھی کوشش کرچکے ہیں اوراب بھی وہ چاہیں تو اپنا شوق پوراکرلیں انشاء اللہ ماضی کی طرح اس باربھی انہیں ناکامی کامنہ دیکھناپڑے گا۔ رابطہ کمیٹی نے کہاکہ عمران خان قوم کویہ جواب دیں کہ جس اسمبلی کووہ جعلی اورفراڈ کہتے آئے ہیں،اس اسمبلی میں وہ آج کس منہ سے جانے کی بات کررہے ہیں؟ کیادھوکے بازی اورمنافقت کی یہ سیاست ہی ان کی تبدیلی ہے جس کیلئے انہوں نے قوم کے نوجوانوں کوبیوقوف بنایا؟ رابطہ کمیٹی نے کہا کہ عمران خان کی منافقت کی یہ سیاست اب زیادہ دیرنہیں چل سکتی۔