جناح گراؤنڈ میں پی ٹی آئی کی غنڈہ گردی ،توڑ پھوڑ اور اشتعال انگیزی کے بعدضروری ہوگیا ہے کہ این اے 246کے لئے فوری طور پر ضابطہ اخلاق طے کیا جائے ، حیدر عباس رضوی
آج کی صورتحال سے پی ٹی آئی کا یہ مائنڈ سیٹ سامنے آیا ہے کہ وہ یہاں پر طاقت اور خوف کے ذریعے انتخابات میں حصہ لینا چاہتی ہے، حیدر عباس رضوی
آج پیدا ہونیوالی صورت حال کو مد نظر رکھتے ہوئے پی ٹی آئی کو جناح گراؤنڈ میں جلسہ کرنے کی اجازت نہیں دی جائے، حیدر عباس رضوی
این اے 246 میں 20سے زائد گراؤنڈ ہیں ، پی ٹی آئی جب جناح گراؤنڈ میں اپنے چند غنڈہ عناصر کو قابو نہیں کرسکی تواس بات کی کیا ضمانت ہے کہ وہ جلسہ کے موقع پراپنے کارکنان کوسنبھال سکے گی ، حیدر رضوی
کراچی میں تمام سیاسی جماعتوں کے دفاتر موجود ہیں کیا ایم کیوایم نے کبھی کسی سیاسی جماعت کے مرکزی دفتر سے متصل کبھی کوئی جلسہ کیا، ؟حیدر رضوی
سیاست میں اخلاقیات بھی معنی رکھتے ہیں جمہوریت کا مطلب انتخابات جیتنا نہیں ہوتا بلکہ عوام کے دل جیتنا ہوتا ہے، حیدر رضوی
حلقہ این اے 246گزشتہ 35برس سے قائد تحریک جناب الطاف حسین کے چاہنے والوں کا حلقہ ہے ، حیدر رضوی
جناح گراؤنڈ عزیز آباد میں ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی کے اراکین کے ہمراہ پرہجوم پریس کانفرنس سے خطاب
پریس کانفرنس کے موقع پر اہل محلہ ، کارکنان کی بڑی تعداد موجود تھی جو پی ٹی آئی کی غنڈہ گردی کے خلاف نعرے لگا رہے تھے
کراچی۔۔۔ 31مارچ2015ء
متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی کے رکن سید حیدر عباس رضوی نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کے امیدوار عمران اسماعیل اور ان کے غنڈہ عناصر کی جناح گراؤنڈ میں غنڈہ گردی توڑ پھوڑ اور اشتعال انگیزی کے بعد ایم کیوایم سمجھتی ہے کہ فوری طور پراین اے 246کے حوالے سے ایک ضابطہ اخلاق طے کیا جائے، آج کی صورتحال سے پی ٹی آئی کا یہ مائنڈ سیٹ سامنے آیا ہے کہ وہ یہاں پر طاقت اور خوف کے ذریعے انتخابات میں حصہ لینا چاہتی ہے ۔ گزشتہ 30برس سے کراچی میں مسلسل ایم کیوایم انتخابات جیتتی رہی ہے ،اس شہر میں ایک بڑا عوامی مینڈیٹ ایم کیوایم کاہے ، کراچی میں تمام سیاسی جماعتوں کے دفاتر موجود ہیں کیا ایم کیوایم نے کبھی کسی سیاسی جماعت کے مرکزی دفتر سے متصل کوئی جلسہ کیا ، این اے 246میں 20سے زائد گراؤنڈ ہیں ، پی ٹی آئی جب جناح گراؤنڈ میں اپنے چند غنڈہ عناصر کو قابو نہیں کرسکی تواس بات کی کیا ضمانت ہے کہ جلسہ کے موقع پر وہ اپنے کارکنان کوکس طرح قابو کرسکتی ہے ؟۔ سیاست میں اخلاقیات بھی معنی رکھتے ہیں جمہوریت کا مطلب انتخابات جیتنا نہیں ہوتا بلکہ عوام کے دل جیتنا ہوتا ہے ، پی ٹی آئی غنڈہ گردی کا طرز عمل اپنا کر عوام کے دل ہرگز نہیں جیت سکتی ۔انہوں نے کہاکہ آج پیداہونے والی صورت حال کو مد نظر رکھتے ہوئے پی ٹی آئی کو جناح گراؤنڈ میں جلسہ کرنے کی اجازت نہیں دی جائے ، ان خیالات کااظہار انہوں نے حلقہ این اے 246کی نشست پر نامزد ایم کیوایم کے امیدوار کنور نوید جمیل ، رابطہ کمیٹی کے اراکین اسلم آفریدی ، عارف خان ایڈووکیٹ اور عظیم فاروقی کے ہمراہ جناح گراؤنڈ عزیز آباد میں منعقدہ ایک پرہجوم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پراہل محلہ ، خواتین ، بچوں اور کارکنان کی بہت بڑی تعداد موجود تھی جو پی ٹی آئی کے امیدوار اور ان کے غنڈہ عناصر کے خلاف شدید نعرے بازی کررہے تھے ۔ حیدر عباس رضوی نے پی ٹی آئی کے این اے 246کی نشست پر نامزد امیدوار عمران اسماعیل اور ان کے ساتھ آنے والے غنڈہ عناصر کی ایک بڑی تعداد کی جانب سے کی جانے والی شرانگیزی کی انتہائی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ جو کچھ آج جناح گراؤنڈ پر ہوا اور جو کچھ آج کراچی پریس کلب میں پی ٹی آئی کی جانب سے کیا گیا اس کی بھی ہم شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں ۔ انہوں نے واضح کیا کہ حلقہ این اے 246گزشتہ 35برس سے قائد تحریک جناب الطاف حسین کے چاہنے والوں ، محبت کرنے والوں ، پیار کرنے والوں کا حلقہ ہے ۔ یہ ایم کیوایم کا مضبوط گڑھ ہے اور 88ء سے لیکر آج تک ہونیو الے تمام انتخابات میں یہاں ایم کیوایم نے ریکارڈ ووٹ لیکر کامیابی حاصل کی ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہمیں یہاں پر انتخابات میں کسی سے کوئی خطرہ نہیں ہے ، انشاء اللہ تعالیٰ گزشتہ 35برس کی طرح یہ ضمنی انتخاب بھی قائد تحریک جناب الطاف حسین اور ایم کیوایم کے نامزد امیدوار کنور نوید جمیل بھاری اکثریت سے جیتیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ آج تمام پاکستانی میڈیا نے یہ بات دیکھی ہے کہ عمران اسماعیل اور ان کے ساتھ مختلف عہدیداران اور کارکنان کی ایک بڑی تعداد اچانک جناح گراؤنڈ میں پہنچی ، ان کے ساتھ کوئی روک ٹوک نہیں کی گئی ، کوئی مزاحمت نہیں کی گئی ، وہ بڑے اطمینان سے گاڑیاں باہر پارک کرکے جناح گراؤنڈ میں داخل ہوئے تھے جہاں بچے کرکٹ کھیل رہے تھے وہ ان کے ساتھ کرکٹ کھیلنے لگے وہاں پر سارا میڈیا ان کو کرکٹ کھیلتے دیکھا رہا تھا اورپیچھے ان کے کارکنان اور غنڈہ عناصر نے جناح گراؤنڈ کے چاروں طرف قائد تحریک کی تصاویر ، پینا فلیکس پھاڑ دیں ہمارے لئے بہت تقدیس کی جگہ جس سے ہماری دلی وابستگی ہے یادگارِ شہدائے حق پر کھڑے ہوکر ہولٹر بازی کی ، قائد تحریک جناب الطاف حسین کو گالیاں دینا شروع کیں اورتوڑ پھوڑ کی۔ انہوں نے کہاکہ موجودہ صورتحال کے مطابق ایم کیوایم کے گنتی کے کارکنان آج کل نائن زیرو پرموجود ہوتے ہیں اور اہل محلہ کی ایک بڑی تعداد نے جب ایسی صورتحال دیکھی کہ بیس ہزار ایم کیوایم کے شہداء کی یادگار کی توہین کی جارہی ہے اور جناب الطاف حسین کو گالیاں دی جارہی ہیں تو اشتعال انگیزی پیدا ہوئی کیونکہ اہل محلہ کی دوسری نسل ہے جو جناب الطاف حسین سے پیار کرتی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ پی ٹی آئی کے رہنما ء جو مختلف باتیں کررہے ہیں ابھی وہ یہاں ہوتے تو شاید وہ اپنے کارکنان اور غنڈہ عناصر کی سرزنش کرتے ، ایم کیوایم پر ایک بار پھر روایتی طو رپرالزامات لگائے جارہے ہیں ، جناح گراؤنڈ سے نکل کر عمران اسماعیل اور غنڈہ عناصر کراچی پریس کلب پہنچے جہاں زبردستی انہوں نے پہلے سے ایک طے شدہ پریس کانفرنس جو ہونے والی تھی کورکوا کر کرسیوں پر قبضہ کیا اور بیٹھ کربات کرنا شروع کردی ، جب پریس کلب کی انتظامیہ کو پتا چلا کہ کسی اور نے پریس کانفرنس کرنا تھی اور یہ زبردستی کررہے ہیں تو انتظامیہ نے روکا اور کیمرے بند کرادیئے اور کہاکہ یہ طریقہ کار نہیں ہے اگر آپ کو پریس کانفرنس کرنی ہے تو پہلے کسی اور نے پریس کانفرنس کیلئے پریس کلب بک کیا ہے مگر وہ پریس کلب کی انتظامیہ کو بھی برا بھلا کہ کر وہاں سے چلے گئے ۔انہوں نے کہاکہ این اے 246میں ضمنی انتخاب ہے ، ایم کیوایم سمجھتی ہے کہ انتخابات میں حصہ لینا تمام جماعتوں بشمول ایم کیوایم کا حق ہے ، ایم کیوایم چاہتی ہے کہ یہاں پر انتہائی پرامن ماحول میں سیاسی افہام وتفہیم کے ساتھ بہتر ماحول میں انتخابات کا انعقاد کیاجائے چاہے کوئی بھی یہاں سے الیکشن لڑے ۔ ہم سمجھتے ہیں کہ انتخاب چاہے ضمنی ہوں یا پورے ملک میں بیک وقت ہوں ، چاہے عام یا بلدیاتی انتخابات ہوں ایم کیوایم کامیاب ہوتی آئی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ انتخابات میں چار اہم ترین فریق ہوتے ہیں ، ایک فریق ایم کیوایم ہے جو حصہ لے رہی ہے ، ایک فریق کوئی اور جماعت ہے جو حصہ لے رہی ہے ، تیسری فریق انتظامیہ ہے اور چوتھا الیکشن کمیشن کی ہے ۔ اس طریقے کے واقعہ سے ہم یہ سمجھتے ہیں کہ این اے 246کے حوالے سے ایک ضابطہ اخلاق منعقد ہو ، آج کی صورتحال سے پی ٹی آئی کا مائنڈ سیٹ سامنے آیا ہے کہ وہ یہاں پر ایک طاقت اور خوف کے ذریعے انتخابات میں حصہ لینا چاہتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ 30برس سے کراچی میں مسلسل ایم کیوایم انتخابات جیتتی رہی ہے ، ایک بڑا مینڈیٹ ایم کیوایم کاہے ، کراچی میں تمام سیاسی جماعتوں کے دفاتر موجود ہیں کیا کوئی ایک ایسا واقعہ یاد ہے کہ کسی ایک حلقہ میں جہاں پر ایم کیوایم نے کبھی کسی سیاسی جماعت کے مرکزی دفتر سے متصل کبھی کوئی جلسہ کیا ہو۔ سیاست میں اخلاقیات بھی معنی رکھتے ہیں جمہوریت کا مطلب انتخابات جیتنا نہیں ہوتا بلکہ عوام کے دل جیتنا ہوتا ہے ، پی ٹی آئی کے طرز عمل سے عوام کے دل نہیں جیتے جاسکتے ۔ انہوں نے کہاکہ الیکشن کمیشن کو تمام سیاسی جماعتوں کے امیدواران کو بلا کر بیٹھا کر ایک ضابطہ اخلاق طے کرنا چاہئے تاکہ ایسا کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہ آئے اور یہاں ہونے والے انتخاب کی صورتحال خراب نہ ہو ، الیکشن کمیشن ، انتظامیہ اور سیاسی جماعتوں کو بھی اخلاقیات کے دائرے کو ملحوظ خاطر رکھ کر کردرا ادا کرنا ہوگا ۔انہوں نے کہاکہ کتنے ہی امیر ترین لوگ ہوں وہ اس بات پر قدرت نہیں رکھتے کہ کسی کے سورج کو غروب کرسکیں یا طلوع کرسکے ۔ جہانگیر ترین کی اس خواہش پر افسوس ہوا کہ الطاف حسین کاسورج غروب ہوگیا ، ان کے کہنے سے کوئی فرق نہیں پڑتا حلقہ این اے 246کے عوام ایم کیوایم کے امیدوار کنو رنوید جمیل کو بھاری مینڈیٹ دیکر یہ بات ثابت کردیں گے کہ یہ حلقہ روایتی ، اجتماعی طور پر اوردل سے جناب الطاف حسین کے چاہنے والوں کا حلقہ ہے ۔ انہوں نے کہاکہ پی ٹی آئی کی اشتعال انگیزی کے موقع پر محلے کے بچے بھی زخمی ہوئے ہیں ، پی ٹی آئی کے کارکنان نے ان پر بہیمانہ تشدد کیا ہے ۔ ہم بھی اہل محلہ اور ایم کیوایم کے جو کارکنان زخمی ہوئے اس پر پی ٹی آئی کے خلاف قانونی چارہ جوئی کریں گے ۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی نیت ایم کیوایم کے مرکز پر جلسہ کرکے اسے نیچا دکھانے کی ہے ، ایم کیوایم نے کسی سیاسی جماعت کے مرکزی دفتر سے متصل کسی علاقے میں کبھی جلسہ نہیں کیا ہے اور حالات کو مد نظر رکھتے ہوئے پی ٹی آئی کو بھی جلسے کی اجازت نہیں دی جائے ، اس حلقہ میں 20سے زائد گراؤنڈ ہیں ، پی ٹی آئی جب جناح گراؤنڈ میں اپنے چند غنڈہ عناصر کو قابو نہیں کرسکی تو جلسہ کے موقع پر کس طرح کرسکتی ہے ۔ بعدازاں رابطہ کمیٹی کے اراکین نے میڈیا کے نمائندگان کو جناح گراؤنڈ عزیز آباد اوریادگارِ شہدائے حق کا دورہ کرایا اور انہیں پی ٹی آئی کے غنڈہ عناصر کی تور پھوڑ اور اشتعال انگیزی سے آگاہ کیا ۔
وڈیو