آتش بازی کے الزام میں دلہا سمیت متعدد افراد کی گرفتاری پرحق پرست ارکان سندھ اسمبلی کا اظہار مذمت
آتش بازی کے الزام میں گرفتارکیے گئے افراد کو فی الفور رہا کیا جائے، ارکان سندھ اسمبلی
بے گناہ شہریوں کے بجائے مذہبی انتہاء پسند دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کی جائے، ارکان سندھ اسمبلی
کراچی ۔۔۔31، مارچ2015ء
حق پرست ارکان سندھ اسمبلی نے کراچی کے علاقے گلشن اقبال میں آتش بازی کے الزام میں دلہا سمیت متعدد افراد کی گرفتاری کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے ۔ اپنے مشترکہ بیان میں انہوں نے کہاکہ ایک جانب مذہبی انتہاء پسند اورفرقہ پرست تنظیموں کے دہشت گرد کھلے عام خود کش حملے اور بم دھماکے کرکے شہریوں کی جان ومال سے کھیل رہے ہیں لیکن ان سفاک دہشت گردوں کی گرفتاری کیلئے پولیس وانتظامیہ کی جانب سے کسی قسم کی کارروائی دیکھنے میں نہیں آتی جبکہ محض آتشبازی کے الزام میں پولیس اہلکاروں کی جانب سے شادی کی تقریب میں دھاوا بول دیا جاتا ہے اور دلہا سمیت متعدد افراد کو گرفتارکرلیا جاتا ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے ۔ حق پرست ارکان سندھ اسمبلی نے وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ سے مطالبہ کیا کہ آتش بازی کے الزام میں گرفتارکیے گئے افراد کو فی الفور رہا کیا جائے اور بے گناہ شہریوں کے بجائے مذہبی انتہاء پسند دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کی جائے ۔