لانڈھی قائد آباد مرغی خانے کے قریب بم دھماکہ پر ایم کیوایم کے قائد الطاف حسین کااظہار مذمت
انتہا پسند دہشت گرد قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں کو مسلسل نشانہ بنارہے ہیں، الطا ف حسین
انتہاء پسند دہشت گردوں کے نیٹ ورک کا عملی طور پر جب تک خاتمہ نہیں کیاجاتا اس وقت تک ملک میں امن و امان کے قیام اور عوام کی جان ومال کے تحفظ کے دعوے کرنا سراسر جھوٹ اور بدنیتی پر مبنی ہیں، الطا ف حسین
بم دھماکے میں شہید پولیس اہلکاروں کے سوگوار لوحقین سے دلی تعزیت وہمدردی کااظہار کیا اور زخمیوں کی جلد ومکمل صحت یابی کیلئے دعا
لندن۔۔۔27مارچ2015ء
متحدہ قومی موومنٹ کے قائد جناب الطاف حسین نے لانڈھی قائد آباد مرغی خانے کے قریب بم دھماکہ کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے اور بم دھماکے کے نتیجے میں 2 پولیس اہل کاروں کے شہید اورمتعدد پولیس اہلکاروں سمیت شہریوں کے زخمی ہونے پرگہرے دکھ اورافسوس کا اظہار کیا ہے۔اپنے ایک بیان میں جناب الطاف حسین نے کہا کہ انتہا پسند دہشت گرد قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں کو مسلسل نشانہ بنارہے ہیں اور دہشت گردی کی مذموم کارورائیوں کے ذریعے ملک کو عدم استحکام سے دوچار کرنا چاہتے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ جب تک ملک سے انتہاء پسند دہشت گردوں کے نیٹ ورک کا مثبت حکمت عملی ، یکسوئی اور عملی طور پر خاتمہ نہیں کیاجاتا اس وقت تک ملک میں امن و امان کے قیام اور عوام کی جان ومال کے تحفظ کے دعوے کرنا سراسر جھوٹ اور بدنیتی پر مبنی ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ بم دھماکے اور دہشت گردی کی کوئی بھی بد ترین کارروائی مسلح افواج ، سیکورٹی فورسز اور عوام کے دہشت گردی کے خلاف عزم و حوصلے کو پست نہیں کرسکتی اور انشاء اللہ پاک سر زمین سے دہشت گردی اور انتہاء پسندی کا جلد خاتمہ ہوگا اور ملک کے عوام امن و سکون کی زندگی بسر کرسکیں گے ۔انہوں نے بم دھماکے میں شہید ہونے والے پولیس اہلکاروں کے سوگوار لواحقین سے دلی تعزیت وہمدردی کااظہار کرتے ہوئے ان کے بلند درجات اور زخمی پولیس اہلکاروں سمیت شہریوں کی جلد و مکمل صحت یابی کیلئے دعا بھی کی ۔جناب الطاف حسین نے صدر پاکستان ممنون حسین،وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف اوروفاقی وزیر داحلہ چوہدری نثار علی خان سے مطالبہ کیا کہ پولیس ٹریننگ سینٹر کی بس کو دہشتگری کا نشانہ بنانے میں ملوث دہشت گروں کو گرفتار کیاجائے اور انہیں سخت ترین سزا دی جائے ۔
English