ایم کیوایم میں جمہوری اصولوں کے تحت انتخابات کے ذریعہ ذمہ داران کا تعین کیاجاتا ہے، الطاف حسین
خفیہ رائے شماری کے ذریعہ سی ای سی کے آرگنائزر اورمرکزی ذمہ داران کا تعین کیا جائے، الطا ف حسین کی ہدایت
سینٹرل ایگزیکٹو کونسل دراصل ایم کیوایم کی پارلیمنٹ اور پالیسی میکر باڈی ہے، الطاف حسین
سی ای سی ، ایم کیوایم کے آئین کی تشکیل نو، اس کی شقوں میں ترمیم اور ضروری قانون سازی کرے گی، الطاف حسین
سینٹرل ایگزیکٹو کونسل ،ایم کیوایم کے الیکشن کمیشن کے فرائض بھی ادا کرے گی، الطاف حسین
ملک بھرمیں تنظیمی امور کو بہتر بنانا اور غیرتنظیمی وسماج دشمن سرگرمیوں میں ملوث افراد کی معطلی یا اخراج کی رابطہ کمیٹی
سے سفارش کرنابھی سینٹرل ایگزیکٹو کونسل کے فرائض میں شامل ہے، الطاف حسین
سی ای سی ،اہل اور باکردار افرادپر مشتمل ڈسپلنری کمیٹی بھی قائم کرے جو نظم وضبط کی خلاف ورزی کے معاملات کی تحقیقات کرے
سی ای سی عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کیلئے ضروری پراجیکٹس کے حوالہ سے رابطہ کمیٹی کو اپنی سفارشات پیش کرے
عوا م کو قدرتی آفات ،حادثات اور امراض سے بچاؤ کیلئے تیار کرنا بھی سینٹرل ایگزیکٹو کونسل کے فرائض میں شامل ہے، الطاف حسین
ایم کیوایم ایک لبرل ، روشن خیال اورجمہوریت پسند جماعت ہے ، الطاف حسین
ایم کیوایم ، ملک سے فرسودہ جاگیردارانہ نظام ، کرپٹ سیاسی کلچر ، موروثی سیاست کا خاتمہ چاہتی ہے، الطاف حسین
ایم کیوایم چاہتی ہے کہ ملک میں مذہبی رواداری اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی فروغ پائے، الطاف حسین
پاکستان میں ایسے معاشرے کا قیام چاہتے ہیں جہاں خواتین کو زندگی کے ہرشعبہ میں برابری کی بنیاد پر حقوق میسر ہوں،الطاف حسین
غیرمسلم پاکستانیوں کو زندگی گزارنے اور زندہ رہنے کے یکساں حقوق حاصل ہوں ، الطاف حسین
نائن زیروپرایم کیوایم کی سینٹرل ایگزیکٹو کونسل کے ارکان کے پہلے باقاعدہ اجلاس سے ٹیلی فون پر خطاب
لندن۔۔۔24،مارچ2015ء
متحدہ قومی موومنٹ کے قائد جناب الطاف حسین نے کہاہے کہ ایم کیوایم ایک لبرل ، روشن خیال اورجمہوریت پسند جماعت ہے جس میں جمہوری اصولوں کے تحت ہونے والے انتخابات کے ذریعہ ذمہ داران کا تعین کیاجاتا ہے ۔سینٹرل ایگزیکٹو کونسل دراصل ایم کیوایم کی پارلیمنٹ ہے اور پالیسی میکر باڈی ہے جس کے فرائض میں ایم کیوایم کے آئین کی تشکیل نو، آئین کی شقوں میں کمی بیشی کرنا ،باہمی مشاورت سے آئین کی شقوں میں ترمیم کرنا اور ضروری قانون سازی کرنابھی شامل ہے۔ انہوں نے سینٹرل ایگز یکٹو کونسل کے ارکان کو ہدایت کی ہے کہ وہ غیرجانبدار مبصرین کی موجودگی میں خفیہ رائے شماری کے ذریعہ سی ای سی کے آرگنائزر اورمرکزی ذمہ داران کا انتخاب کریں ۔ جناب الطا ف حسین نے ان خیالات کااظہار نائن زیروپر سینٹرل ایگزیکٹو کونسل کے پہلے باقاعدہ اجلاس سے ٹیلی فون پر خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر رابطہ کمیٹی کے ارکان بھی موجود تھے ۔ اپنے خطاب میں جناب الطاف حسین نے سینٹرل ایگزیکٹو کونسل کے تنظیمی دائرہ کار، فرائض ،ذمہ داریوں اور دیگر امور پر تفصیل سے اظہار خیال کرتے ہوئے کہاکہ ایم کیوایم ایک جمہوریت پسند، لبرل ، روشن خیال اور اعتدال پسند جماعت ہے جو ملک سے فرسودہ جاگیردارانہ نظام ، کرپٹ سیاسی کلچر اورموروثی سیاست کا خاتمہ چاہتی ہے ۔ ایم
کیوایم ہرقسم کی دہشت گردی کے خلاف ہے اور چاہتی ہے کہ ملک سے مذہبی انتہاء پسندی، مذہب اور فرقہ واریت کی بنیاد پردہشت گردی کا خاتمہ ہوملک میں مذہبی رواداری اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی فروغ پائے ۔ ایم کیوایم ، پاکستان میں ایسے معاشرے کا قیام چاہتی ہے جہاں خواتین کو زندگی کے ہرشعبہ میں برابری کی بنیاد پرمساوی حقوق میسر ہوں،غیرمسلم پاکستانیوں کو زندگی گزارنے اور زندہ رہنے کے یکساں حقوق حاصل ہوں اور غریب ومتوسط طبقہ کے عوام کو بھی ان کے جائز اور بنیادی حقوق میسر آسکیں۔ جناب الطاف حسین نے کہاکہ سینٹرل ایگزیکٹو کونسل کے ہر رکن کا یہ فرض ہے کہ اسے جو جو ذمہ داریاں دی جائیں انہیں دیانتداری ، فرض شناسی اور ایمانداری سے پورا کرے اورسینٹرل ایگزیکٹو کونسل کو مزید مؤثر اورفعال بنانے کیلئے اپنا بھرپورکردار کرے ۔ گلگت ، بلتستان اور آزادکشمیر سمیت ملک بھر کے تمام صوبوں میں ایم کیوایم کے فکروفلسفہ اورتنظیمی پیغام کافروغ ، زونوں ،سیکٹروں اور یونٹوں میں تنظیمی کارکردگی کاجائزہ لینا، تنظیمی نظم وضبط پر سختی سے عمل درآمد کرانا ، ملک بھرمیں تنظیمی امور کو بہتر بنانا اورملک بھر میں غیرتنظیمی وسماج دشمن سرگرمیوں میں ملوث افراد کی معطلی یا اخراج کی رابطہ کمیٹی سے سفارش کرنابھی سینٹرل ایگزیکٹو کونسل کے فرائض میں شامل ہے ۔اسی طرح سینٹرل ایگزیکٹو کونسل ایم کیوایم کے سینئر ترین ارکان جو ہرکڑے اور مشکل وقت میں ثابت قدم رہے لیکن بعض ذمہ داروں کی پسند ناپسند اور عتاب کا شکار ہوئے ہوں انہیں تحریک میں فعال کردار ادا کرنے کیلئے رابطہ کمیٹی کو اپنی سفارشات پیش کرسکتی ہے تاکہ تحریک کے مخلص ، ثابت قدم اور محنتی ساتھیوں کے ساتھ ہونے والی ناانصافیو ں کاازالہ کیاجاسکے ۔جناب الطاف حسین نے کہاکہ سی ای سی، اہل اور باکردار افرادپر مشتمل ایک ڈسپلنری کمیٹی بھی قائم کرے جو پارٹی میں نظم وضبط کی خلاف ورزی کے معاملات کا فوری نوٹس لیکر اس کی تحقیقات کرے اور اپنی سفارشات رابطہ کمیٹی کو پیش کرے۔ جناب الطاف حسین نے کہاکہ تنظیمی فرائض کی ادائیگی کے ساتھ ساتھ سینٹرل ایگزیکٹو کونسل کی یہ بھی ذمہ داری ہے کہ وہ ملک بھر میں عوام کو درپیش مسائل کا جائزہ لے اوران مسائل کے حل اور عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کیلئے ضروری پراجیکٹس کے حوالہ سے رابطہ کمیٹی کو اپنی سفارشات پیش کرے۔ سینٹرل ایگزیکٹو کونسل کے ارکان کا فرض ہے کہ وہ کمیٹیاں بناکرایم کیوایم کے تحت چلنے والے طبی وتعلیمی اداروں سن اسکول ، نذیرحسین میموریل میڈیکل سینٹر، نذیرحسین یونیورسٹی اور خورشید بیگم میموریل ڈسپنسریوں سمیت دیگر فلاحی اداروں کا دورہ کریں، ان اداروں کی کارکردگی کا جائزہ لیں اورعوام کوفراہم کی جانے والی سہولیات کو مزید بہتر بنانے کیلئے اپنی مرتب کردہ سفارشات سے رابطہ کمیٹی کو آگاہ کریں ۔ انہوں نے کہاکہ زلزلہ ،سیلاب یا دیگر قدرتی آفات اور حادثات ، ڈینگی وائرس، کانگووائرس، ایبولا وائرس ، پولیو اور دیگر امراض سے تحفظ کیلئے عوامی سطح پر شعوری بیداری اور آگاہی دینا اور عوا م کو قدرتی آفات ،حادثات اور امراض سے بچاؤ کیلئے تیار کرنا بھی سینٹرل ایگزیکٹو کونسل کے ارکان کے فرائض میں شامل ہے ۔ جناب الطاف حسین نے کہاکہ سینٹرل ایگزیکٹو کونسل دراصل ایم کیوایم کی پارلیمنٹ ہے اور پالیسی میکر باڈی ہے جس کے فرائض میں ایم کیوایم کے آئین کی تشکیل نو،باہمی مشاورت سے آئین کی شقوں میں ترمیم کرنا اور ضروری قانون سازی کرنابھی شامل ہے ۔ جناب الطاف حسین نے کہاکہ سینٹرل ایگزیکٹو کونسل ،ایم کیوایم کے الیکشن کمیشن کے فرائض بھی ادا کرے گی ۔ بلدیاتی ، صوبائی ، قومی اسمبلی اور سینیٹ کے انتخابات کے مواقع پر تعلیم یافتہ ،ایماندار اور باصلاحیت افراد کی فہرست مرتب کرنا ، پسند ناپسند کے بجائے خالصتاً میرٹ کی بنیاد پر ناظم ، ٹاؤن ناظم ، یوسی ناظم ، صوبائی وقومی اسمبلی اور سینیٹ کے عہدوں کیلئے موزوں افراد کا چناؤ کرنابھی سی ای سی کے فرائض میں شامل ہے ۔ جناب الطاف حسین نے کہاکہ اگر سینٹرل ایگزیکٹو کونسل یہ دیکھے کہ فلاں خاتون یا شخص انگریزی زبان پر عبور رکھتا ہے، بین الاقوامی امور پر اسے مہارت حاصل ہے ، ملکی اور بین الاقوامی سیاست پر اس کی گہری نظر ہے اور وہ غیرملکی سفارتکاروں سے ملاقات میں ایم کیوایم کا مؤقف اچھی طرح بیان کرسکتا ہے، کی سی ای سی میں شمولیت کیلئے رابطہ کمیٹی کو اپنی سفارشات پیش کرسکتی ہے ۔جناب الطاف حسین نے سینٹرل ایگزیکٹو کونسل کے قیام پر تمام ذمہ داروں اور کارکنوں کو دلی مبارکبادبھی پیش کی اور انہیں ہدایت کی کہ وہاپنے تمام تر فرائض دوستی اور رشتہ داری سے بالاتر ہوکر صرف اور صرف ایمانداری ،دیانتداری اور خلوص نیت سے انجام دیں۔
English