ایم کیوایم عدم تشدد پر یقین رکھتی ہے ،جمہوری، لبرل اورپروگریسیو خیالات رکھنے والی پارٹی ہے ، الطاف حسین
ایم کیوایم میں کسی قسم کا کوئی عسکری ونگ نہیں ہے، الطاف حسین
ذمہ داران وکارکنان ایم کیوایم کی امن پسند ی کے درس کو ہرگز نہ بھولیں، الطاف حسین
کچھ عناصر سوشل میڈیا پر خود کو ایم کیوایم کا ظاہر کرکے پولیس اور رینجرزسے محاذ آرائی کے پیغامات کا تبادلہ کررہے ہیں، الطاف حسین
جو لوگ سوشل میڈیا پر رینجرز اور پولیس سمیت قانون نافذ کرنے والے اداروں سے محاذ آرائی کا درس دے رہے ہیں ان کا ایم کیوایم سے کوئی تعلق نہیں ہے، الطاف حسین
یہ عمل ایم کیوایم کو بدنام کرنے کی سازش کا تسلسل ہے، الطاف حسین
ایم کیوایم ، قانون نافذ کرنے والے کسی بھی ادارے سے محاذآرائی نہیں چاہتی ، الطاف حسین
ایم کیوایم ناانصافیوں کے خلاف آئین وقانون کے دائرے میں رہتے ہوئے پرامن احتجاج اور ایسے جلسہ جلوس پر یقین رکھتی ہے جن میں تشدد کا زیروفیصد بھی عمل دخل نہ ہو، الطاف حسین
لندن۔۔۔16،مارچ 2015ء
متحدہ قومی مومنٹ کے قائد جناب الطاف حسین نے ایم کیوایم کے تما م ذمہ داران اور کارکنان کو مخاطب کرتے ہوئے ایک مرتبہ پھر انہیں سختی سے یاد دہانی کرائی ہے کہ وہ ایم کیوایم کی امن پسند ی کے درس کو ہرگز نہ بھولیں ۔ایک بیان میں جناب الطاف حسین نے کہا کہ ایم کیوایم میں کسی قسم کا کوئی عسکری ونگ نہیں ہے اور کروڑوں عوام کی اس منتخب نمائندہ جماعت میں اگر چند افرادنے قانون کو ہاتھ میں لیا ہے تو یہ ان کا ذاتی فعل تھا ، پارٹی کی پالیسی کا حصہ ہرگز نہیں تھا۔ انہوں نے کہاکہ ایم کیوایم عدم تشدد پر یقین رکھتی ہے ،ایم کیوایم جمہوری، لبرل اورپروگریسیو خیالات رکھنے والی ایسی پارٹی ہے جوقومیت ، نسل ، زبان، ثقافت، صوبے ، جنس ،مسلک اور مذہب سے بالاتر ہوکر سب کے ساتھ یکساں سلوک پر یقین رکھتی ہے اور ان سب کے حقوق کے حصول کیلئے آئینی ، قانونی اورپرامن جمہوری جدوجہد کررہی ہے ۔ جناب الطاف حسین نے کہاکہ مجھے اطلاع ملی ہے کہ کچھ عناصر سوشل میڈیا پر خود کو ایم کیوایم کا ظاہر کرکے پولیس اور رینجرزاہلکاروں سے محاذ آرائی کے پیغامات کا تبادلہ کررہے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ میں واضح اور دوٹوک الفاظ میں ایک مرتبہ پھر ایم کیوایم کے تمام نظریاتی ذمہ داران اور کارکنان کو بتادینا چاہتا ہوں کہ ایم کیوایم ، قانون نافذ کرنے والے کسی بھی ادارے سے محاذآرائی نہیں چاہتی بلکہ اپنے ساتھ ہونے والی ناانصافیوں کے خلاف آئین وقانون کے دائرے میں رہتے ہوئے پرامن احتجاج اور ایسے جلسہ جلوس کرنے پر یقین رکھتی ہے جن میں تشدد کا زیروفیصد بھی عمل دخل نہ ہو۔ جناب الطاف حسین نے ایم کیوایم کے تمام ذمہ داران اور کارکنان سے کہاکہ جو لوگ سوشل میڈیا پررینجرز اور پولیس سمیت قانون نافذ کرنے والے اداروں سے محاذ آرائی کا درس دے رہے ہیں ان کا ایم کیوایم سے کوئی تعلق نہیں ہے اور ایسے عناصر کا یہ عمل ایم کیوایم کو بدنام کرنے کی سازش کا تسلسل ہے ۔