سینیٹر رحمان ملک کا قائد ایم کیوایم الطاف حسین سے ٹیلی فون پر رابطہ
الطاف حسین نے سینیٹر رحمان ملک کو اپنی رہائش گاہ ، ایم کیوایم کے مرکزی دفتر، اپنی ہمشیرہ کے گھرپر رینجرز کی کارروائی اور ایم کیوایم کے جواں سال کارکن وقاص علی شاہ کی شہادت کے واقعہ کی تفصیلات سے آگاہ کیا
الطاف حسین اور ان کی ہمشیرہ کی رہائش گاہ اور ایم کیوایم کے مرکز ی دفتر پر رینجرز کےچھاپے پرسینیٹر رحمان ملک کا اظہار مذمت
ایم کیوایم، ملک میں قیام امن اور جمہوریت کے فروغ کیلئے بھرپورکردارادا کررہی ہے، سینیٹر رحمان ملک
کوئی غیرت مند خواتین کو بٹوں سے تشدد کا نشانہ بنانا تو کجا ان پر ہاتھ تک اٹھانے کا تصور نہیں کرسکتا، الطاف حسین
کراچی ۔۔۔11، مارچ 2015ء
پیپلزپارٹی کے رہنما سینیٹر رحمان ملک نے ایم کیوایم کے قائد جناب الطاف حسین سے ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے جناب الطاف حسین کی رہائش گاہ، ان کی ہمشیرہ محترمہ سائرہ اسلم کے گھر اورایم کیوایم کے مرکزی دفتر نائن زیرو کے مختلف شعبہ جات پر رینجرز کے چھاپوں، توڑپھوڑ اور خواتین سے توہین آمیز سلوک کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے ۔ اس موقع پر جناب الطاف حسین نے سینیٹر رحمان ملک کو اپنی رہائش گاہ ، ایم کیوایم کے مرکزی دفتراور اپنی ہمشیرہ کے گھرپر رینجرز کی کارروائی اور ایم کیوایم کے جواں سال کارکن وقاص علی شاہ کی شہادت کے واقعہ کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔ سینیٹر رحمان ملک نے کہاکہ سیاسی جماعتوں کے قائدین کے گھروں اور ان کے مرکزی دفاتر کے تقدس واحترام کا سب کو خیال رکھنا چاہیے، ایم کیوایم عوام کی منتخب نمائندہ جماعت ہے، جو ملک میں قیام امن اور جمہوریت کے فروغ کیلئے بھرپورکردارادا کررہی ہے اور ایم کیوایم کے مرکز نائن زیرو پر چھاپہ قابل مذمت ہے ۔ رحمان ملک نے ایم کیوایم کے جواں سال کارکن وقاص علی شاہ کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہارکیا ۔ جناب الطاف حسین نے اپنی بڑی ہمشیرہ محترمہ سائرہ اسلم کے گھر پر رینجرز کے چھاپے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہاکہ تمام مذاہب میں خواتین کے تقدس کا درس دیاجاتا ہے اور کوئی غیرت مند خواتین کو بٹوں سے تشدد کا نشانہ بنانا تو کجا ان پر ہاتھ تک اٹھانے کا تصور نہیں کرسکتا۔ جناب الطاف حسین نے اظہاریکجہتی پر سینیٹر رحمان ملک کا شکریہ اداکیا ۔
English