سابق صدرمملکت آصف علی زرداری اورایم کیوایم کے قائد الطاف حسین کے مابین فون پر گفتگو
قائدتحریک الطاف حسین نے سابق صدر آصف زرداری کونائن زیرو اوراپنی ہمشیرہ کے گھرپر رینجرز کے چھاپے،کارکنوں کی گرفتاریوں اوررینجرزاہلکاروں کی فائرنگ سے جواں سال کارکن وقاص شاہ کی شہادت کے واقعہ کی تفصیلات سے آگاہ کیا
ایم کیوایم قیام امن کیلئے کوشاں ہے اورآج اس کے مرکزپرجس طرح چھاپہ ماراگیاہے وہ قابل مذمت ہے ۔ الطاف حسین
آصف زرداری کا ایم کیوایم کے مرکز نائن زیروپر رینجرز کے چھاپے اورگرفتاریوں پر اظہارافسوس
سیاسی جماعتوں کے دفاترکے تقدس کا احترام ہرایک کوکرناچاہیے۔ آصف علی زرداری
ایم کیوایم ملک کی ایک بڑی عوامی سیاسی جماعت ہے، اس کے مرکزپر چھاپہ افسوسناک ہے ۔ آصف علی زرداری
آصف علی زرداری کاقائدتحریک الطاف حسین سے انکی بڑی ہمشیرہ محترمہ سائرہ اسلم کی رہائش گاہ پر رینجرز کے چھاپے، توڑپھوڑاور خواتین کومغلظات دینے پرشدیدافسوس
لندن ۔۔۔ 11 مارچ 2015 ء
پاکستان پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین اورسابق صدرمملکت جناب آصف علی زرداری اورایم کیوایم کے قائدجناب الطاف حسین کے مابین آج فون پر گفتگو ہوئی ۔ جناب الطاف حسین نے جناب آصف زرداری کواپنی رہائش گاہ سمیت ایم کیوایم کے مرکزی دفترنائن زیروپر کے مختلف شعبہ جات اوراپنی ہمشیرہ کے گھرپر رینجرز کے چھاپے،توڑپھوڑ ، ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی کے ارکان اورکارکنوں کی گرفتاریوں اوررینجرزاہلکاروں کی فائرنگ سے جواں سال کارکن وقاص شاہ کی شہادت کے واقعہ کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔جناب الطاف حسین نے جناب آصف علی زرداری سے گفتگوکرتے ہوئے کہاکہ ایم کیوایم قیام امن کیلئے کوشاں ہے اورآج اس کے مرکزپرجس طرح چھاپہ ماراگیاہے ، جس طرح عہدیداروں اورکارکنوں کوگرفتارکیاگیااورتوڑپھوڑ کی گئی ہے اس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ جناب آصف زرداری نے ایم کیوایم کے مرکز نائن زیروپر رینجرز کے چھاپے کی مذمت کی اورکہاکہ سیاسی جماعتوں کے دفاترکے تقدس کا احترام ہرایک کوکرناچاہیے ۔ایم کیوایم ملک کی ایک بڑی عوامی سیاسی جماعت ہے جوملک میں جمہوریت کے استحکام کیلئے ایک مثالی کرداراداکررہی ہے اور اس کے مرکزپر چھاپہ کی کارروائی افسوسناک ہے ۔جناب آصف علی زرداری نے جناب الطاف حسین کی بڑی ہمشیرہ محترمہ سائرہ اسلم کی رہائش گاہ پر بھی رینجرز کے چھاپے، توڑپھوڑاورگھرمیں موجودخواتین کے ساتھ غلیظ زبان کے استعمال اوران کے ساتھ توہین آمیزسلوک کی پر شدیدافسوس کیا۔جناب آصف علی زرداری نے جناب الطاف حسین کویقین دلایاپیپلزپارٹی اورایم کیوایم ہرقسم کے حالات میں جمہوریت کی بقاء کے لئے باہمی تعاون اوربہتر تعلقات کوبرقراررکھیں گی ۔
English
وڈیو