قائد ایم کیوایم الطاف حسین کی سابق صدرمملکت آصف زرداری سے ٹیلی فون پرگفتگو
چیئرمین سینیٹ کیلئے اپوزیشن جماعتوں کے امیدواررضا ربانی کی یقینی کامیابی پر دلی مبارکباد پیش کی
وزیراعظم محمدنوازشریف کی جانب سے اپوزیشن کے متفقہ امیدواررضاربانی کی حمایت خوش آئند ہے۔ الطاف حسین
سیاسی ومذہبی جماعتیں ملک کی ترقی وخوشحالی اور عوام کی فلاح وبہبود کیلئے بھرپورکردار ادا کریں، الطاف حسین
یہ ایم کیوایم سمیت تمام اپوزیشن جماعتوں اور ملک بھر کے عوام کی کامیابی ہے ۔آصف زرداری
لندن۔۔۔10، مارچ2015ء
متحدہ قومی موومنٹ کے قائد جناب الطاف حسین نے سابق صدرپاکستان اورپیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین جناب آصف علی زرداری سے ٹیلی فون پر رابطہ کرکے چیئرمین سینیٹ کیلئے اپوزیشن جماعتوں کے امیدواررضا ربانی کی یقینی کامیابی پر دلی مبارکباد پیش کی ہے ۔منگل کے روز جناب الطاف حسین نے آصف زرداری سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم میاں محمدنوازشریف کی جانب سے اپوزیشن کے متفقہ امیدواررضاربانی کی حمایت کے اعلان کوخوش آئندقراردیااورسینیٹررضاربانی کی یقینی کامیابی پر اپنی ، ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی اور ایک ایک کارکن کی جانب سے آپ کو ،آپ کے دوست احباب، رضاربانی ، پی پی پی کے تمام رہنماؤں اورکارکنوں کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتا ہوں۔جناب الطاف حسین نے کہاکہ وقت کا تقاضا ہے کہ سیاسی ومذہبی جماعتیں سیاسی اختلافات کو بالائے طاق رکھ کر ملک کی ترقی وخوشحالی اور عوام کی فلاح وبہبود کیلئے بھرپورکردار ادا کریں۔ جناب آصف علی زرداری نے جناب الطاف حسین سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ تمام جماعتوں کے باہمی تعاون آپ کے دست شفقت اوردعاؤں کی بدولت اللہ تعالیٰ نے ہمیں سرخروئی عطا کی ہے ، یہ ایم کیوایم سمیت تمام اپوزیشن جماعتوں اور ملک بھر کے عوام کی کامیابی ہے جس پرہم اللہ تعالیٰ کا شکرادا کرتے ہیں۔جناب آصف علی زرداری نے کہاکہ ایم کیوایم اور پیپلزپارٹی ملکر صوبے کی ترقی اور عوام کی فلاح کیلئے مل جل کرکام کرتی رہیں گی۔