مسلم لیگ ن کے رہنمااورپنجاب کے وزیراعلیٰ میاں محمدشہبازشریف کی ایم کیوایم کےقائد الطاف حسین سے فون پر گفتگو
دونوں رہنماؤ ں کے درمیان گفتگو نہایت خوشگوارماحول میں ہوئی۔دونوں رہنماؤں نے ایک دوسرے کیلئے خیرسگالی کے جذبات کااظہارکیا
وزیراعلیٰ شہبازشریف نے قائدتحریک الطاف حسین کو وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کا سلام اور خیرسگالی کاپیغام پہنچایا
میاں شہبازشریف کی قائدتحریک الطاف حسین سے ایم کیوایم اور مسلم لیگ ن کے درمیان بہتر تعلقات کے قیام
اور سینیٹ کے چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین کے الیکشن میں تعاون پر بھی بات چیت کی
سیاسی و نظریاتی اختلاف جمہوری عمل کاحصہ ہیں ، ہمیں سیاسی اختلاف کو قبائلی طرزپر نسل درنسل دشمنی کی شکل نہیں دیناچاہیے۔الطاف حسین
ہمیں ماضی کی تلخیوں کوبالائے طاق رکھ کر ایک دوسرے کے احترام کی فضاء کوقائم رکھنا چاہئے۔الطاف حسین
ہم ماضی کی باتوں کوقصہء پارینہ بناناچاہتے ہیں۔وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف
ہم ایک دوسرے کے وجودکوتسلیم کرتے ہوئے بہتراورخوشگوارتعلقات قائم کرنا چاہتے ہیں۔ میاں شہبازشریف
دونوں رہنماؤں میں ایک دوسر ے کے ساتھ ملاقاتوں اور رابطوں کاسلسلہ جاری رکھنے پر اتفاق
دونوں رہنماؤں کے درمیان پاکستان کودہشت گردی کی لعنت سے نجات دلانے کیلئے مسلح افواج کی جانب سےجاری آپریشن ضرب عضب پربھی تبادلہ خیال ، ضرب عضب کی کامیابی کیلئے دعاکی گئی
پوری قوم کودہشت گردی کے خاتمہ کیلئے مسلح افواج کے شانہ بشانہ ساتھ دینا چاہیے ۔الطاف حسین
لندن۔۔۔ 9 مارچ 2015ء
پنجاب کے وزیراعلیٰ اورحکمراں پاکستان مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما میاں محمدشہبازشریف نے پیرکی شام ایم کیوایم کے قائدجناب الطاف حسین سے فون پررابطہ کیااوران سے موجودہ سیاسی صورتحال پر گفتگوکی ۔ دونوں رہنماؤ ں کے درمیان نہایت خوشگوارماحول میں گفتگو ہوئی۔دونوں رہنماؤں نے ایک دوسرے کی خیریت دریافت کی اور ایک دوسرے کیلئے خیرسگالی کے جذبات کااظہارکیا ۔ وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہبازشریف نے جناب الطاف حسین کومسلم لیگ ن کے سربراہ وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کا بھی سلام اور خیرسگالی کاپیغام پہنچایا۔جناب الطاف حسین نے بھی وزیراعلیٰ میاں شہبازشریف سے وزیراعظم نوازشریف کی خیریت دریافت کی اور ان کیلئے نیک جذبات کااظہار کیا۔ دوران گفتگوموجودہ سیاسی صورتحال پربھی تبادلہ ء خیال کیاگیا۔ میاں شہبازشریف نے ایم کیوایم اور مسلم لیگ ن کے درمیان بہتر تعلقات کے قیام اور سینیٹ کے چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین کے الیکشن میں تعاون پر بھی بات چیت کی۔ جناب الطاف حسین نے اس موقع پر گفتگوکرتے ہوئے کہاکہ سیاسی و نظریاتی اختلاف جمہوری عمل کاحصہ ہیں لیکن ہمیں سیاسی اختلاف کو قبائلی طرزپر نسل درنسل دشمنی کی شکل نہیں دیناچاہیے اورماضی کی تلخیوں کوبالائے طاق رکھ کر ایک دوسرے کے احترام کی فضاء کوقائم رکھنا چاہئے اورسیاسی ونظریاتی اختلاف کے باوجودایک دوسرے کے مینڈیٹ کوخوشدلی سے تسلیم کرناچاہیے ۔میاں شہبازشریف نے جناب الطاف حسین کی بات سے مکمل اتفاق کرتے ہوئے کہا کہ ہم ماضی کی باتوں کوقصہء پارینہ بناناچاہتے ہیں اورایک دوسرے کے وجودکوتسلیم کرتے ہوئے بہتراورخوشگوارتعلقات قائم کرنا چاہتے ہیں۔وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہبازشریف نے لندن آکرجناب الطاف حسین سے ملاقات کی خواہش کابھی اظہارکیا۔دونوں رہنماؤں کے درمیان پاکستان کودہشت گردی کی لعنت سے نجات دلانے کیلئے مسلح افواج کی جانب سے جاری آپریشن ضرب عضب پربھی تبادلہ خیال کیاگیااورضرب عضب کی کامیابی کیلئے دعاکی گئی ۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے دہشت گردی کے خاتمہ کیلئے مسلح افواج کے ساتھ مشترکہ طورپرکی جانے والی کوششوں سے بھی جناب الطاف حسین کوآگاہ کیا۔ جناب الطاف حسین نے کہاکہ پاکستان کی مسلح افواج اورپاکستانی عوام نے دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ میں بھاری قربانیاں دی ہیں اور مسلح افواج سمیت پوری قوم کا یہی عزم ہے کہ ملک کودہشت گردی سے نجات دلانے کیلئے آخری دہشت گرد کے خاتمہ تک آپریشن ضرب عضب کا جاری رہناضروری ہے ۔ انہوں نے کہاکہ پوری قوم کودہشت گردی کے خاتمہ کیلئے مسلح افواج کے شانہ بشانہ ساتھ دینا چاہیے ۔ دونوں رہنماؤں میں ایک دوسر ے کے ساتھ ملاقاتوں اور رابطوں کاسلسلہ جاری رکھنے پر بھی اتفاق کیاگیا۔