برطانیہ اوردیگریورپی ممالک میں مقیم پاکستانی وہاں کے قوانین کامکمل احترام کریں،الطاف حسین
اپنے بچوں کو انتہاپسندتنظیموں سے دوررکھیں اورانہیں اچھی سے اچھی تعلیم دلاکر معاشرے کامفیدشہری بنائیں
انتہاپسند تنظیمیں ان قوتوں کی آلہ ء کارہیں جواسلام اورمسلمانوں کاچہرہ دنیا کے سامنے خراب کرنے پر تلی ہوئی ہیں
ایم کیوایم انٹرنیشنل سیکریٹریٹ لندن میں اپنی صاحبزادی افضاء الطاف کی تیرہویں سالگر ہ کی تقریب سے خطاب
انٹرنیشنل سیکریٹریٹ میں افضاء الطاف کی سالگرہ کاکیک کاٹا گیا ،قائدتحریک الطاف حسین نے بچوں میں تحائف پیش کئے
انٹرنیشنل سیکریٹریٹ میں جشن کاسماں، کارکنوں کا تنظیمی نغموں پر ر قص ، زوردارنعرے لگاکراپنے جوش وخروش کااظہارکیا
قائدتحریک الطاف حسین نے کارکنوں کے ساتھ ملکرٹی وی پر پاکستان اورساؤتھ افریقہ کے درمیان ہونے والا
کرکٹ ورلڈکپ کااہم میچ بھی دیکھا
لندن۔۔۔ 7 مارچ 2015 ء
متحدہ قومی موومنٹ کے قائدجناب الطاف حسین نے برطانیہ اوردیگریورپی ممالک میں مقیم پاکستانیوں سے کہاہے کہ وہ جن جن ممالک میں مقیم ہیں وہاں کے قوانین کامکمل احترام کریں، اپنے بچوں کو انتہاپسندتنظیموں سے دوررکھیں اورانہیں اچھی سے اچھی تعلیم دلاکر معاشرے کامفیدشہری بنائیں۔انہوں نے یہ بات گزشتہ روز ایم کیوایم انٹرنیشنل سیکریٹریٹ لندن میں اپنی صاحبزادی افضاء الطاف کی تیرہویں سالگر ہ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ جناب الطاف حسین اپنی صاحبزادی کے ہمراہ انٹرنیشنل سیکریٹریٹ پہنچے تو وہاں موجوداراکین رابطہ کمیٹی،کارکنوں ،خواتین اوربچوں نے زوردارنعروں اورتالیوں سے ان کاشاندار استقبال کیا۔جناب الطاف حسین نے ہاتھ ہلا کر ان کے نعروں کاجواب دیا۔وہ حاظرین میں گھل مل گئے اورسب کی خیریت دریافت کی۔ اس موقع پر تقریب کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے جناب الطاف حسین نے برطانیہ اوریورپ میں آبادپاکستانیوں سے خاص طورپرمخاطب ہوکرکہاکہ وہ اپنے بچوں کواسلام کی بنیادی تعلیم ضروردلائیں لیکن ایسی انتہاپسند تنظیموں سے دوررکھیں جواسلام کا نام لیکر بچوں کواپنے ہی کلمہ گو مسلمانوں کاخون بہانے کادرس دیتی ہیں ۔دراصل یہ انتہاپسند تنظیمیں ان قوتوں کی آلہ ء کارہیں جواسلام اورمسلمانوں کاچہرہ دنیا کے سامنے خراب کرنے پر تلی ہوئی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ برطانیہ اوردیگر مغربی ممالک میں آبادجولوگ وہاں کے نظام اورقوانین کوشریعت کے خلاف سمجھتے ہیں انہیں اپنے اپنے ملک چلے جاناچاہیے اور پہلے وہاں کے نظام اور قوانین کوشریعت کے مطابق بناناچاہیے۔انہوں نے تقریب میں موجود طلبہ وطالبات پر ذور دیاکہ وہ اپنی تعلیم پر بھرپورتوجہ دیں اور گمراہ کرنے والے انتہاپسند عناصر سے دوررہیں۔ اس موقع پر افضاء الطاف کی سالگرہ کاکیک کاٹا گیا ۔ تمام حاظرین نے فرداًفرداً جناب الطاف حسین سے ملکرانہیں اوران کی صاحبزادی افضاء کوسالگرہ کی مبارکباد پیش کی۔ جناب الطاف حسین نہایت خوشگوارموڈ میں تھے۔انہوں نے بچوں میں تحائف بھی پیش کئے ۔ انٹرنیشنل سیکریٹریٹ میں جشن کاسماں تھا ۔ کارکنوں نے تنظیمی نغموں پر ر قص کیااور زوردارنعرے لگاکراپنے جوش وخروش کااظہارکیا۔ جناب الطاف حسین نے رات گئے تک انٹرنیشنل سیکریٹریٹ میں قیام کیا۔انہوں نے کارکنوں اوردیگرحاظرین کے ساتھ ملکر پاکستان اورساؤتھ افریقہ کے درمیان ہونے والا کرکٹ ورلڈکپ کااہم میچ بھی ٹی وی پر دیکھااور پاکستانی کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کی ۔
English Viewers
وڈیو