دہشت گردوں کی فائرنگ سے ایم کیوایم کے ہمدرد علی حیدر زیدی کے قتل اور ایم کیوا یم یونٹ131کے کارکن محمد سلیم اصغرکے زخمی ہونے پر ایم کیوا یم رابطہ کمیٹی کی مذمت
دہشت گردوں نے محمدسلیم اصغر اور علی حیدر زیدی کو جمعہ کی نمازسے واپسی پر گھر کے قریب فائرنگ کا نشانہ بنایا، رابطہ کمیٹی
شہر کے مختلف علاقوں بالخصوص اورنگی ٹاؤن میں کارکنان اور ہمدردوں کو چن چن کر شہید کیا جارہاہے
ایم کیوایم کے ہمدرد دسید علی حیدرزیدی کے قتل کا نوٹس لیکرواقعہ میں ملوث دہشت گردوں کو گرفتار کیا جائے ،رابطہ کمیٹی کا وفاقی و صوبائی حکومت سے مطالبہ
کراچی ۔۔۔27، فروری2015ء
متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے نامعلوم مسلح دہشت گردوں کی فائرنگ سے ایم کیوا یم کے ہمدردسید علی حیدر زیدی کے قتل کی سخت الفا ظ میں مذمت کی اور زخمی ہونے والے ایم کیوا یم یونٹ131کے کارکن محمد سلیم اصغر ولد محمد اصغرسے ہمدردی کا اظہار اور واقعہ کو شہر کاامن خراب کرنے کی سازش قرار دیا ہے ۔ایک مذمتی بیان میں رابطہ کمیٹی نے کہاکہ دونوں افراد اپنے علاقے کی مقامی مسجد سے جمعہ کی نماز ادا کرنے کے بعد اپنی رہائشگاہوں کی جانب جارہے تھے کہ پہلے سے گھات لگائے ہوئے موٹر سائیکل سوار مسلح دہشت گردوں نے ان پر اندھا دھند فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں ہمدردسید علی حید زیدی مو قع پرہی شہید ہوگئے جبکہ محمد سلیم اصغر شدید زخمی ہوئے جنہیں ابتدائی طبی امداد کیلئے مقامی اسپتال منتقل کردیا گیا ۔رابطہ کمیٹی نے کہاکہ گزشتہ کئی ماہ سے شہر کے مختلف علاقوں بالخصوص اورنگی ٹاؤن میں ایم کیوایم کے کارکنان اور ہمدردوں کو چن چن کر شہید کیا جارہاہے جس سے ایسا لگتا ہے کہ شہر میں مسلح دہشت گردوں اور کالعدم تنظمیوں کوروکنے والا کوئی نہیں ہے۔ انہوں نے فائرنگ کے نتیجے میں شہید ہونے والے ایم کیوایم ہمدردسید علی حیدر زیدی کے پسماگان سے دلی تعزیت وہمدردی کا اظہار کر تے ہوئے انہیں صبر کی تلقین کی۔ رابطہ کمیٹی نے وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف، وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان ،گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباداور وزیر اعلی سندھ سید قائم علی شاہ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ایم کیوایم کے کارکن محمد سلیم اصغر اور ہمدرد سید علی حیدر زیدی پر مسلح دہشت گردوں کی جانب سے فائرنگ کا فوری نوٹس لیں اورواقعہ میں ملوث دہشت گردوں کو گرفتار کرکے قانون کے مطابق سخت سے سخت سزا دیں۔انہوں نے زخمی ہونے والے ایم کیوایم کے کارکن محمدسلیم اصغر کی جلد ومکمل صحت یابی کیلئے دعا کی۔قبل ازیں واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ایم کیوایم رابطہ کمیٹی کے اراکین اور حق پرست اراکین اسمبلی نے مقامی اسپتال پہنچ کر واقعہ کی تفصیلات معلوم کیں اور سوگوران سے ملاقات کرکے انہیں دلاسہ دیااور زخمی ہونے والے ایم کیوایم کے کارکن محمدسلیم اصغر کی جلد ومکمل صحت یابی کیلئے دعا کی۔