حق پرست اراکین اسمبلی کا اتوار اور پیرکی درمیانی شب جناح اسپتال اور عباسی شہید اسپتال کا دورہ
سفیان یوسف ، ارتضی فاروقی اور افتخار عالم نے عباسی شہیداسپتال میں نوری آبا د مسافر وین واقعہ کے زخمیوں کی عیادت کی
حق پرست اراکین اسمبلی نے جناح اسپتال میں لائی جانے والی سوختہ نعشوں کا جائزہ لیا اور پسماندگان کو دلاسہ دیا
مذکورہ مقام پر اس سے قبل بھی ٹریفک حادثات ہوئے ہیں لیکن آج تک وہاں فوری ابتدائی طبی امدادکیلئے ادارہ قائم نہیں کیا گیا
ٹرانسپورٹ مالکان انسانی جانوں کیلئے کمرشل بسوں اور مسافر وینز میں پٹرول اور ڈیزل کا استعمال کریں ،
حکومت نوری آبادواقعہ میں جاں بحق ہونیوالوں کے اہل خانہ کی مالی امداد کی جائے، زخمیوں کو علاج و معالجے کی بہترین سہولیات سرکاری خرچ پر ادا کی جائیں، حق پرست اراکین اسمبلی کی میڈیا نمائندگان سے اسپتال کے باہر گفتگو
کراچی۔۔۔23فروری2015ء
متحدہ قومی موومنٹ کے حق پرست اراکین اسمبلی سفیان یوسف ، ارتضی فاروقی اور افتخار عالم نے نوری آباد مسافر وین حادثے میں زخمی ہونیوالے افراد سے اتوار اورپیرکی درمیانی شب عباسی شہید اسپتال میں ملاقات کرکے جناب الطاف حسین کی جانب سے زخمیوں کی عیادت کی اور انکے اہل خانہ کو جناب الطاف حسین کا پیغام ہمدردی پہنچایا ۔اس موقع پر حق پرست اراکین اسمبلی نے واقعہ کو انتہائی افسوسناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ نوری آباد کے مقام پر اس سے قبل بھی ٹریفک حادثات و دیگر سنگین نوعیت کے واقعا ت رونماں ہوتے رہے ہیں لیکن آج تک اس مقام پر کوئی ایسا ادارہ قائم نہیں کیا گیا جہاں متاثرین کو فوری ابتدائی طبی امداد فراہم کرکے انکی جانوں کو بچایا جاسکے۔انہوں نے کہا کہاگر اس سے قبل رونماں ہونیوالے واقعات کو سنجیدگی سے لیا جاتا تو آج ایک اور افسوسناک واقعہ پیش نہ آتا۔بعد ازاں حق پرست اراکین اسمبلی نے جناح اسپتال کا بھی دورہ کیا اور وہاں لائی جانے والی سوختہ لاشوں کا جائزہ لیا۔اس موقع پر میڈیکل عملے کی عدم موجودگی پر حق پرست اراکین اسمبلی نے افسوس اور برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع کے باوجود اسپتال میں عملے کی عدم موجودگی انتہائی غیر سنجیدہ ہے۔انہوں نے مسافر وین میں آگ لگنے کے نتیجے میں شہید ہونیوالوں کے اہل خانہ کو دلاسہ دیا۔اس موقع پر انہوں نے ٹرانسپورٹ مالکان سے اپیل کی کہ وہ قیمتی انسانی جانوں کے مزید ضیاع سے بچاؤ کیلئے کمرشل بسوں اور مسافر وینز میں سی این جی یا ایل پی جی سلنڈر کے بجائے پٹرول اور ڈیزل کا استعمال کریں ،حق پرست اراکین اسمبلی نے صوبائی حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ نوری آباد میں سلنڈر پھٹنے کے بعد آگ لگنے کے سبب جاں بحق ہونیوالوں کے اہل خانہ کی مالی مددکی جائے اور زخمیوں کو علاج و معالجے کی بہترین سہولیات سرکاری خرچ پر ادا کروائیں ۔
English Viewers