نوری آباد جامشورو میں مسافر وین میں گیس سلنڈر پھٹنے کے نتیجے میں 12 افراد کے جاں بحق ہونے کے اندوہناک حادثے پر ایم کیوایم کے قائد الطاف حسین کا اظہار افسوس
عوام اپنی جانوں کے تحفظ کیلئے اپنی گاڑیوں سے گیس سلنڈر نکال کر انہیں دوبارہ پیٹرول یاڈیزل پر منتقل کردیں۔ الطاف حسین کی اپیل
مسافربسوں، ویگنوں اور نجی گاڑیوں میں گیس سلنڈر کے پھٹنے کے واقعات آئے دن ہورہے ہیں۔ الطاف حسین
عوام ایسی گاڑیوں میں بیٹھنے سے بھی حتی الامکان حد تک گریز کریں جن میں گیس سلنڈر لگے ہوئے ہوں۔ الطاف حسین
ایسی تمام مسافربسوں، ویگنوں،کوچزاورنجی گاڑیوں کوسڑک پرلانے کی اجازت نہ دی جائے جن میں لگے ہوئے گیس سلنڈر اورانکی تنصیب مطلوبہ معیارپرپوری نہ اترتی ہو۔ الطاف حسین
وڈیو
لندن۔۔۔22، فروری2015ء
متحدہ قومی موومنٹ کے قائد جناب الطاف حسین نے نوری آباد جامشورومیں سپرہائی وے پر مسافروین میں گیس سلنڈرپھٹنے کے نتیجے میں 12 افراد کے جاں بحق ہونے کے اندوہناک حادثے پردلی افسوس اورگہرے رنج وغم کااظہارکرتے ہوئے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنی جانوں کے تحفظ کیلئے اپنی گاڑیوں سے گیس سلنڈر نکال کرانہیں دوبارہ پیٹرول یاڈیزل پر منتقل کردیں۔ اپنے بیان میں جناب الطاف حسین نے کہاکہ مسافربسوں، ویگنوں اورنجی گاڑیوں میں گیس سلنڈر کے پھٹنے کے واقعات آئے دن ہورہے ہیں، کوئی دن ایسانہیں گزرتاکہ جب گاڑیوں میں گیس سلنڈرپھٹنے کے نتیجے میں معصوم انسانی جانوں کاضیاع نہ ہوتاہو۔انہوں نے مزیدکہاکہ ناقص گیس سلنڈر اوران کی تنصیب کے ناقص نظام کے باعث اس قسم کے اندوہناک حادثات میں مسلسل اضافہ ہورہاہے۔ لہٰذا ایسی صورتحال میں میں عوام سے یہی اپیل کرتا ہوں کہ وہ اپنی جانوں کے تحفظ کیلئے اپنی گاڑیوں سے گیس سلنڈر نکال کرانہیں دوبارہ پیٹرول یاڈیزل پر منتقل کردیں تاکہ اس قسم کے المناک حادثات سے بچاجاسکے۔ انہوں نے عوام سے یہ بھی اپیل کی کہ وہ ایسی گاڑیوں میں بیٹھنے سے بھی حتی الامکان حدتک گریز کریں جن میں گیسسلنڈرلگے ہوئے ہوں۔جناب الطاف حسین نے حکومت سے بھی مطالبہ کیا کہ ایسی تمام مسافربسوں، ویگنوں،کوچزاورنجی گاڑیوں کوسڑک پرلانے کی اجازت نہ دی جائے جن میں لگے ہوئے گیس سلنڈر اورانکی تنصیب مطلوبہ معیارپرپوری نہ اترتی ہو۔