ایم کیوایم اورنگی ٹاؤن سیکٹر کے کارکن دانش کلیم شہید کو اورنگی ٹاؤن کے مرکزی قبرستان میں آہوں اور سسکیوں کے درمیان سپرد خاک کردیا گیا
نماز جنازہ اور تدفین میں رابطہ کمیٹی کے ارکان قمر منصور ،عارف خان ، ارکان قومی وصوبائی اسمبلی اور کارکنان کی شرکت
اورنگی ٹاؤن میں درندہ صفت دہشت گرد جس طرح سے ایم کیوایم کے کارکنان کو چن چن کر قتل و غارتگری کا نشانہ بنا رہے
ہیں وہ کھلی دہشت گردی ہے، رابطہ کمیٹی رکن قمرمنصور
قتل و غارتگری کے واقعات پر صبر سے کام لیں اور اتحاد کا مظاہرہ کریں ، نماز جنازہ اور تدفین کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو
کراچی ۔۔۔20، فروری 2015ء
گزشہ روز مسلح دہشت گردو کی فائرنگ سے شہید ہونے والے متحدہ قومی موومنٹ اورنگی ٹاؤن سیکٹر یونٹ 118-A کے کارکن دانش کلیم کوآہوں اورسسکیوں کے درمیان اورنگی ٹاؤن کے مرکزی قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا ۔ شہید کی نماز جنازہ اورنگی ٹاؤن ساڑھے گیارہ چشتی نگر کے مین روڈ پرادا کی گئی ۔ نماز جنازہ اور تدفین میں ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی کے ارکان قمر منصور ، عارف خان ایڈووکیٹ ، حق پرست رکن قومی اسمبلی محبوب عالم ، حق پرست ارکان سندھ اسمبلی محمد حسین ، سیف الدین خالد ، ایم کیوایم اورنگی ٹاؤن سیکٹر کمیٹی کے اراکین ، یونٹوں کے ذمہ داران ، کارکنان ، ہمدردوں اور شہید کے عزیز واقارب نے بہت بڑی تعداد میں شرکت کی ۔
دریں اثناء دانش کلیم شہید کی نمازجنازہ اور تدفین کے بعد میڈیا کے نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے ایم کیوایم کی را بطہ کمیٹی کے رکن قمر منصور نے کہاکہ دانش کلیم شہید سمیت ایم کیوایم کے ہزاروں کارکنان کا لہو رائیگاں نہیں جانے دیاجائے گا ، حکومت کفر سے تو چل سکتی ہے طاقت سے ہرگز نہیں چلائی جاسکتی ۔ انہوں نے کہاکہ طاقت کے نشے میں چورہوکر جن عناصر نے ایم کیوایم کے ساتھ ظلم و زیادتی کا بازار گرم کررکھا ہے وہ اللہ کے قہر سے ہرگز نہیں بچ سکتے ۔ انہوں نے کہاکہ اورنگی ٹاؤن میں درندہ صفت دہشت گرد جس طرح سے ایم کیوایم کے کارکنان کو چن چن کر قتل و غارتگری کا نشانہ بنا رہے ہیں وہ کھلی دہشت گردی ہے اور اس پر قانون نافذ کرنے والے ادارے خاموش تماشائی کا کردار ادا کررہے ہیں ۔ انہوں نے حکومت سندھ سے کہا کہ وہ ایم کیوایم کے شہید کارکنان کا سہارا بنے، اس وقت ملک حالت جنگ میں ہے آپریشن ضرب عضب کے دوران دہشت گردوں کوبچانے کی کوشش نہ کی جائے اور ان کی سرپرستی کا سلسلہ بند کیاجائے ۔ انہوں نے کہا کہ قتل و غارتگری کے اوچھے ہتھکنڈوں کے ذریعے ایم کیوایم کے کارکنان کو خوفزدہ نہیں کیا جاسکتا ہے اور نہ ہی چھاپے گرفتاریاں کرکے کارکنان کو حق پرستانہ جدوجہد سے باز رکھا جاسکتا ہے ۔ انہوں نے دانش کلیم شہید کے سوگوار لواحقین سے دلی تعزیت وہمدردی کااظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ شہید کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور سوگواران کو صبرجمیل عطاکرے ۔ قمر منصور نے کارکنان و عوام اور شہید کے لواحقین کو مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ وہ قتل و غارتگری کے واقعات پر صبر و تحمل سے کام لیں اور اتحاد کا مظاہرہ کریں اوراس بات پر یقین رکھیں کہ قتل و غارتگری اور گھناؤنی سازشوں کے باوجود ہم قائد تحریک جناب الطا ف حسین کی قیادت میں منزل ضرور حاصل کرکے رہیں گے ۔
English Viewers
وڈیو