ایمپلائیز اولڈایج بینفٹ انسٹی ٹیویشن کے تحت ریٹائرڈملازمین کی پنشن وفاقی حکومت کے اعلان کے مطابق 6000روپے کی جائے،رابطہ کمیٹی
وفاقی حکومت کی جانب سے ریٹائرڈملازمین کی پنشن بڑھاکر6000روپے کرنے کے باوجود ریٹائرڈملازمین کو3600روپے اداکیے جارہے ہیں جوسراسرناانصافی ہے،رابطہ کمیٹی
غریب ریٹائرڈملازمین میں بے چینی اورمایوسی پائی جارہی ہے اوروہ اپنے حق کے لئے ای اوبی آئی کے دفترکے چکرکاٹ رہے ہیں
ریٹائرڈملازمین کوواجبات کے ساتھ پنشن کی ادائیگی یقینی بنائی جائے اورحکومتی اعلان کے باوجودغریب محنت کشوں
کوپنشن میں رکاوٹ ڈالنے والوں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے،وفاقی وصوبائی حکومتوں سے رابطہ کمیٹی کامطالبہ
کراچی:۔۔۔16؍فروری2015ء
متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے مطالبہ کیاہے کہ ایمپلائیز اولڈایج بینفٹ انسٹی ٹیویشن(EOBI)کے تحت غریب محنت کشوں کو پنشن میں وفاقی حکومت کے اعلان کے مطابق اضافہ کیاجائے۔ایک بیان میں رابطہ کمیٹی نے وفاقی حکومت کی جانب سے ریٹائرڈمحنت کشوں کی پنشن بڑھاکر6000روپے کرنے کے باوجودریٹائرڈبزرگ مزدوروں کو پنشن کی مد میں مبلغ 3600روپے ہی ادا کیے جارہے ہیں جوان محنت کشوں کے ساتھ سراسرزیادتی اورناانصافی ہے۔رابطہ کمیٹی نے کہاکہ محنت کشوں کی پنشن کے سلسلے میں وفاقی بجٹ میں وفاقی وزیرخزانہ اسحاق ڈارنے غریب مزدوروں کی پنشن بڑھاکر6000روپے کرنے کااعلان کیاتھاجبکہ اس سلسلے میں18،اگست 2014ء کوای اوبی آئی کی گورننگ باڈی کی میٹنگ میں بھی اس کومنظوری کے بعدحتمی شکل دی گئی تھی جس پرعمل درآمدنہیں کیاجارہاہے اورنہ ہی کوئی اس میں دلچسپی لے رہاہے جس کے باعث غریب ریٹائرڈمحنت کشوں میں شدیدبے چینی اورمایوسی پائی جارہی ہے اوروہ اپنے حق کے حصول کے لئے ای اوبی آئی کے دفترکے چکرلگارہے ہیں۔رابطہ کمیٹی نے وفاقی وصوبائی حکومتوں سے مطالبہ کیاکہ اعلان کے مطابق ریٹائرڈمحنت کشوں کی پنشن 6000روپے کی جائے ،انہیں واجبات کے ساتھ پنشن کی ادائیگی یقینی بنائی جائے اورغریب محنت کشوں کوپنشن میں رکاوٹ ڈالنے والوں کے خلاف سخت ترین کارروائی عمل میں لائی جائے۔
English Viewers