پوری قوم مسلح افواج کے شانہ بشانہ ہے ، الطاف حسین
فوجی افسران وجوان سیسہ پلائی دیوار کی طرح دشمنوں کے سامنے ڈٹے ہوئے ہیں، الطاف حسین
مسلح افواج ،آخری دہشت گرد کے خاتمے تک دہشت گردی کے خلاف اپنی جدوجہد جاری رکھے، الطاف حسین
امامیہ مسجد حیات آباد میں سفاکیت، درندگی اوربربریت کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے، الطاف حسین
ملک میں جب بھی کوئی المناک سانحہ رونما ہوتا ہے تو ملک ریاض فرشتہ بن کر متاثرین کی مدد کو پہنچ جاتے ہیں، الطاف حسین
ٹمبرمارکیٹ میں آتشزدگی کے واقعہ پر میں اور میرے ساتھی تین روز تک متاثرین کے ساتھ جاگتے رہے، الطاف حسین
اگر متاثرین کی امداد میں ہماری جانب سے کوئی کوتاہی ہوگئی ہو تو ہمیں معاف کردیں ، الطاف حسین
کراچی کے فائربریگیڈ جدید گاڑیوں، اسنارکل اور جدید آلات سے محروم ہیں، الطاف حسین
متاثرین کی مدد پربحریہ ٹاؤن کے سربراہ ملک ریاض،گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد ، ایم کیوایم کے ذمہ داران وکارکنان کو خراج تحسین
گورنر ہاؤس کراچی میں سانحہ ٹمبرمارکیٹ کے متاثرین میں امدادی چیک تقسیم کرنے کی تقریب کے شرکاء سے ٹیلی فون پر خطاب
لندن۔۔۔13، فروری2015ء
متحدہ قومی موومنٹ کے قائد جناب الطاف حسین نے کہاہے کہ پوری قوم مسلح افواج کے شانہ بشانہ ہے لہٰذا مسلح افواج آخری دہشت گرد کے خاتمے تک دہشت گردی کے خلاف اپنی جدوجہد جاری رکھے۔ یہ بات انہوں نے گورنر ہاؤس کراچی میں سانحہ ٹمبرمارکیٹ کے متاثرین میں امدادی چیک تقسیم کرنے کی تقریب کے شرکاء سے ٹیلی فون پر خطاب کرتے ہوئے کہی۔ تقریب میں گورنر سندھ ،ڈاکٹر عشرت العباد ،سربراہ بحریہ ٹاؤن ملک ریاض ،انکے دامادزین ملک ، صوبائی وزیراطلاعات وبلدیات شرجیل انعام میمن، حق پرست ارکان سندھ اسمبلی کامران اختر،کامران فاروقی، معروف صنعتکارسراج قاسم تیلی، صدرکراچی چیمبر آف کامرس افتخار وہرہ، ٹمبرمارکیٹ کے عہدیداران کے نمائندے سلیمان سومرو، حنیف سلیمان اورٹمبرمارکیٹ کے متاثرہ افرادبھی شریک تھے۔ اپنے خطاب میں جناب الطاف حسین نے حیات آباد پشاور کی امامیہ مسجد میں دہشت گردوں کے حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہاکہ آج سفاک دہشت گردوں نے امامیہ مسجد حیات آباد پر حملہ کرکے نماز پڑھتے ہوئے بزرگوں، نوجوانوں اور معصوم بچوں کو دہشت گردی کا نشانہ بناکر شہید وزخمی کردیا، اس سفاکیت، درندگی اوربربریت کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے ۔انہوں نے امامیہ مسجد میں بم دھماکوں کے نتیجے میں شہید ہونے والے افراد کے سوگوارلواحقین سے دلی تعزیت کی اور شہداء کے بلند درجات کیلئے دعا بھی کی ۔ جناب الطاف حسین نے کہاکہ پاکستان کی بہادر مسلح افواج ضرب عضب کے تحت دہشت گردوں کے خلاف مہم جاری رکھے ہوئے ہے اور ملک بچانے کیلئے اپنی قیمتی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے کے باوجود سیسہ پلائی دیوار کی طرح دشمنوں کے سامنے ڈٹے ہوئے ہیں جس پر میں مسلح افواج کے بہادر افسران اور جوانوں کو سلام تحسین پیش کرتا ہوں اور دہشت گردوں کے خلاف جنگ میں جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے فوجی افسران اور جوانوں کو خراج عقیدت پیش کرتا ہوں۔ جناب الطاف حسین نے مسلح افواج کے سربراہان کو مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ پوری قوم مسلح افواج کے شانہ بشانہ ہے لہٰذا وہ آخری دہشت گرد کے خاتمے تک دہشت گردی کے خلاف اپنی جدوجہد جاری رکھے۔جناب الطاف حسین نے ٹمبرمارکیٹ میں آتشزدگی کا تذکرہ کرتے ہوئے کہاکہ ابھی تک یہ حتمی فیصلہ نہیں ہوسکاہے کہ پرانا حاجی کیمپ پر واقع ٹمبرمارکیٹ میں آگ حادثاتی طورپر لگی ہے یا یہ کسی انسانی مخلوق کی شرارت کا نتیجہ ہے،انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ وزیراعلیٰ سندھ کو صحت اور ہدایت دے کہ وہ ٹمبرمارکیٹ میں آتشزدگی کے واقعہ کی بہتر تحقیقات کرواسکیں۔ انہوں نے کہاکہ ملک میں جب بھی کوئی المناک سانحہ رونما ہوتا ہے توبحریہ ٹاؤن کے سربراہ ملک ریاض صاحب ایک فرشتہ بن کر متاثرین کی مدد کو پہنچ جاتے ہیں اور متاثرین کی ہرممکنہ مدد کرتے ہیں، ملک ریاض صاحب نے ٹمبرمارکیٹ کے متاثرین کی بھی امداد کا اعلان کیاتھا اورآج فی متاثرہ فرد کو دس لاکھ روپے مالیت کے چیک تقسیم کیے جارہے ہیں ۔ انہوں نے مزید کہاکہ اگر کسی متاثرہ فرد کو انکے نقصان سے کم امداد ملے تو وہ اپنے کوائف کے ساتھ بحریہ ٹاؤن میں اپنی درخواست دے سکتا ہے ۔انہوں نے ٹمبرمارکیٹ کے متاثرین سے کہاکہ میں آپ کے دکھ درد میں برابر کا شریک ہوں، ٹمبرمارکیٹ میں آتشزدگی کے واقعہ پر میں اور میرے ساتھی تین روز تک متاثرین کے ساتھ جاگتے رہے اور جوہمارے بس میں تھا ہم نے متاثرین کی امداد کی تاہم مالی مشکلات کے باعث اگر متاثرین کی امداد میں ہماری جانب سے کوئی کوتاہی ہوگئی ہو تو ہمیں معاف کردیں ، آپ دعا کریں کہ اللہ تعالیٰ ایسے حالات پیدا کردے کہ میں وطن آکر آپ اور ملک بھرکے تمام مظلوموں کی خدمت کرسکوں۔جناب الطاف حسین نے انسانیت کی خدمت کے عمل پر بحریہ ٹاؤن کے سربراہ ملک ریاض اورگورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے انکی صحت وعافیت، ترقی وخوشحالی اور درازی عمر کیلئے دعائیں بھی کیں۔ انہوں نے ملک ریاض کومخاطب کرتے ہوئے کہاکہ کراچی کی فائربریگیڈ جدید گاڑیوں اور جدید آلات سے محروم ہیں لہٰذا آپ وزیراعظم پاکستان،وفاقی وزیرداخلہ اور وزیراعلیٰ سندھ کی توجہ اس جانب مبذول کرائیں کہ کراچی کی فائربریگیڈ کو جدید گاڑیوں،اسنارکل، جدید آلات ، تربیت یافتہ عملے، بہتر تنخواہوں اور مراعات کی اشد ضرورت ہے ۔ فائربریگیڈ انتہائی اہم محکمہ ہے جس کا عملہ اپنی جانیں ہتھیلی پر رکھ کر دوسروں کی جانیں بچاتا ہے لہٰذا اس محکمہ کی بہتری کیلئے حکومت کو بھرپورتوجہ دینی چاہیے۔ جناب الطاف حسین نے ٹمبرمارکیٹ کے متاثرین کی دن رات خدمت کرنے پرحق پرست عوامی نمائندوں، ایم کیوایم کے سیکٹرز اور یونٹوں کے تمام ذمہ داروں اورکارکنوں شاباش دیتے ہوئے کہاکہ دکھی انسانیت کی خدمت پر میں آپ سب کو فرداً فرداً اپنا پیار پیش کرتا ہوں، میری دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ آپ سب کودکھی انسانیت کی خدمت پر اجرعظیم عطا فرمائے ،ترقی اور خوشحالی دے۔ جناب الطاف حسین نے آخر میں دعا کی کہ اللہ تعالیٰ پاکستان کو ہرقسم کی آفات اور مصیبتوں سے محفوظ رکھے اور ملک میں اچھے ، نیک اور ایماندار لوگوں کی حکمرانی قائم کرے ، پاکستان کے ساتھ ساتھ پوری دنیا سے قتل وغارتگری کا خاتمہ ہو اور لوگ ایک دوسرے کی جان لینے کے بجائے ایک دوسرے کی جان ومال کا تحفظ کریں،ملک بھر میں بچے امن وسکون سے اسکولوں میں جائیں اور حفاظت سے اپنے گھروں کوواپس آئیں اوراللہ تعالیٰ تمام بچوں کی حفاظت فرمائے۔(آمین)
English Viewers
وڈیو