سانحہ پشاور میں معصوم بچوں کی شہادت نے پوری قوم کو متحد کردیا ہے اور اب وقت آگیا ہے کہ پاک سرزمین کو طالبان دہشت گردوں سے ہمیشہ ہمیشہ کیلئے پاک کردیا جائے۔ جناب الطاف حسین
معصوم بچوں کا لہو رنگ لارہا ہے اور ان کی شہادتوں نے سوئی ہوئی قوم کو جگا کر طالبان دہشت گردوں کے خلاف متحد کردیا ہے
اگر پہلے ان دہشت گردوں کے خلاف کاروائی کردی جاتی تو آج ہمیں اسکی اتنی بھاری قیمت نہیں اٹھانا پڑتی
سانحہ پشاور کے شہداء کے چالیسویں کے موقع پر جناب الطاف حسین کی شہیدوں کے لواحقین سے دلی تعزیت اور زخمیوں کے لئے خصوصی دعا
لندن۔۔۔20جنوری2015ء
متحدہ قومی موومنٹ کے قائد جناب الطاف حسین نے کہاہے کہ سانحہ پشاور میں معصوم بچوں کی شہادت نے پوری قوم کو متحد کردیا ہے اور اب وقت آگیا ہے کہ پاک سرزمین کو طالبان دہشت گردوں سے ہمیشہ ہمیشہ کیلئے پاک کردیا جائے ۔اپنے ایک بیان میں جناب الطاف حسین نے سانحہ پشاور کے معصوم ننے منے بچوں اور اساتذہ کرام کے چالیسویں کے موقع پرشہیدوں کے لواحقین سے دلی تعزیت و ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے انہیں صبر کی تلقین کی اوردعا کی کہ اللہ تعالیٰ شہید بچوں کے صدقے پاکستان کو درندہ صفت طالبان سے ہمیشہ ہمیشہ کے لئے پاک کردے (آمین ) ۔
جناب الطاف حسین نے کہاکہ معصوم بچوں کا لہو رنگ لارہا ہے اور ان کی شہادتوں نے سوئی ہوئی قوم کو جگاکر طالبان دہشت گردوں کے خلاف متحدکردیا ہے۔ جناب الطاف حسین نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ پوری قوم کو متحد ومنظم کردے اورملک کو مذہبی انتہاء پسندی اور دہشت گردی سے نجات دلائے ۔ انہوں نے کہاکہ اس سے قبل بھی پولیس اور ایف سی کی چوکیوں، فوج، نیوی، فضائیہ کے ہیڈکوارٹرز، جی ایچ کیواور دیگرحساس مقامات پر دہشت گردوں نے کئی حملے کئے اورمسلح افواج کے افسروں،جوانوں سمیت ہزاروں بے گناہ افراد کوشہید کیا اگر اُس وقت میری باتوں پر توجہ دے دی جاتی اور دہشت گردوں کے خلاف کروائی کردی جاتی جس وقت یہ منظم ہورہے تھے تو آج ہمیں اتنی بھاری قیمت نہیں اٹھانی پرتی۔جناب الطاف حسین نے کہا کہ آج بھی چند عناصر دہشت گردوں کے خلاف کاروائی سے نا خوش ہیں اور یہی وہ عناصر ہیں جو قوم کو الجھانے کی ناکام کوششوں میں مصروف ہیں۔انہوں نے کہا کہ وقت آگیا ہے کہ پوری قوم مسلح افواج کا بھر پور ساتھ دیکر اپنی پاک افواج کے ہاتھوں کو مضبوط کرے اور دہشت گردو ں اور انکے سرپرستوں کے اصل چہرے بے نقاب ہوتے ہوئے دیکھ لے۔ جناب الطاف حسین نے ایک مرتبہ پھر سانحہ پشاور میں شہید ہونے والے معصوم بچوں ، اساتذہ کرام اور فوجی اہلکاروں کے اہلِ خانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کاا ظہار کیا جبکہ سانحہ میں زخمیوں کی جلد و مکمل صحتیابی کیلئے بھی خصوصی دعائیں کیں۔