اورنگی ٹاؤن میں نامعلوم افراد کی انسداد پولیو ٹیم پر فائرنگ کے واقعہ پر جناب الطاف حسین کاظہار مذمت
انسداد پولیو ٹیم پر حملہ میں ملوث سفاک دہشت گرد بچوں کو پولیو جیسے موذی مرض میں مبتلا کرکے ملک کے معماروں کو
معذور اور ان کے مستقبل کو تاریک کرنا چاہتے ہیں ، الطاف حسین
کراچی میں پولیو ٹیم پر اس سے قبل بھی فائرنگ کے کئی واقعات ہوچکے ہیں لیکن کوئی بھی سفاک دہشت گرد قانون
کی گرفت میں نہیں لیا گیا ، الطاف حسین
حکومت اور انتظامیہ ہاتھ پر ہاتھ دھرے بیٹھے ہیں ، لوگوں کی جان مال کا تحفظ تو کجا بچوں کو پولیو جیسے موذی مرض سے بچاؤکیلئے سرگرم انسداد پولیو کی ٹیموں کے تحفظ کیلئے بھی نااہلی اور مجرمانہ غفلت کا مظاہرہ افسوسناک ہے ، الطاف حسین
شہر میں انسداد پولیو ٹیموں پر حملوں میں ملوث سفاک دہشت گردوں کو فی الفور گرفتار کرکے قرار واقعی سزا دی جائے، الطاف حسین
پولیو ٹیم پر حملے کے واقعہ میں اے ایس آئی تبسم کی شہادت پر جناب الطاف حسین کااظہار افسوس ، سوگوار لواحقین سے دلی تعزیت
لندن۔۔۔19، جنوری 2015ء
متحدہ قومی موومنٹ کے قائد جناب الطا ف حسین نے اورنگی ٹاؤن میں نامعلوم افراد کی جانب سے انسداد پولیو ٹیم پر فائرنگ کے واقعہ کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے اور فائرنگ کے نتیجے میں اے ایس آئی تبسم کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کااظہار کیا ہے ۔ ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ کراچی میں پولیو ٹیم پر اس سے قبل بھی فائرنگ کے کئی واقعات ہوچکے ہیں لیکن اس کے باوجود فائرنگ میں ملوث کوئی بھی سفاک دہشت گرد قانون کی گرفت میں نہیں لیا جاسکا ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے ۔انہوں نے کہاکہ حکومت سندھ شہریوں کی جان ومال کے تحفظ میں مکمل طور پرناکام ہوچکی ہے اور انسداد پولیو ٹیم پر حملہ اور اے ایس آئی تبسم کی شہادت کا ایک اور واقعہ اس بات کا ثبوت ہے کہ حکومت اور انتظامیہ ہاتھ پر ہاتھ دھرے بیٹھے ہیں اور لوگوں کی جان مال کا تحفظ تو کجا بچوں کو پولیو جیسے موذی مرض سے بچاؤ کیلئے سرگرم انسداد پولیو کی ٹیموں کے تحفظ کیلئے بھی نااہلی اور مجرمانہ غفلت کے مظاہرے کے سواکوئی مثبت اقدامات نہیں اٹھا رہی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ انسداد پولیو ٹیم پر حملہ میں ملوث سفاک دہشت گرد بچوں کو پولیو جیسے موذی مرض میں مبتلا کرکے ملک کے معماروں کو معذور اوراور ان کے مستقبل کو تاریک کرنا چاہتے ہیں ۔انہوں نے اے ایس آئی تبسم کے سوگوار لواحقین سے دلی تعزیت وہمدردی کااظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ شہید کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور سوگواران کو صبرجمیل عطا کرے ۔ جناب الطاف حسین نے وزیراعظم نواز شریف اور وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان سے مطالبہ کیا کہ کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن میں انسداد پولیو ٹیم پر فائرنگ کے واقعہ کا سختی سے نوٹس لیاجائے اور شہر میں انسداد پولیو ٹیموں پر حملوں میں ملوث سفاک دہشت گردوں کو فی الفور گرفتار کرکے قرار واقعی سزا دی جائے ۔
English Viewers