اہل دانش اور پروفیشنلزکو چن چن کر دہشت گردی کانشانہ بنایا جارہا ہے ،الطاف حسین
سفاک قاتل دندناتے پھر رہے ہیں اورشہر میں حکومت وانتظامیہ نام کی کوئی چیز نظر نہیں آرہی ہے
ڈاکٹر اسد عثمان اور ان کے محافظ کے بہیمانہ قتل پر الطاف حسین کا اظہار مذمت
لندن ۔۔۔19، مارچ2013ء
متحدہ قومی موومنٹ کے قائد جناب الطاف حسین نے نارتھ ناظم آباد میں مسلح دہشت گردوں کے ہاتھوں عباسی شہید اسپتال کے سنیئر رجسٹرار اور اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹراسد عثمان اوران کے محافظ کے بہیمانہ قتل کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی اور ان کے قاتلوں کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے ۔ ایک بیان میں جناب الطاف حسین نے کہاکہ ڈگری کالج لیاقت آباد کے پرنسپل سبط جعفر کے بہیمانہ قتل کے اگلے ہی روز دہشت گردوں نے شہر کو ایک اورتعلیم یافتہ اور اہل فرد سے محروم کردیا ہے۔ وہ اہل دانش اور پروفیشنلز جو کسی بھی معاشرے کا سرمایہ ہوتے ہیں انہیں چن چن کر دہشت گردی کانشانہ بنایا جارہا ہے ، سفاک قاتل دندناتے پھر رہے ہیں اورشہر میں حکومت وانتظامیہ نام کی کوئی چیز نظر نہیں آرہی ہے ۔ جناب الطاف حسین نے ارباب اختیار سے مطالبہ کیا کہ کراچی میں دہشت گردی کا بازار گرم کرنے والوں کو لگام دی جائے اور قاتلوں اور ان کے سرپرستوں کو عوام کے سامنے بے نقاب کیا جائے ۔جناب الطاف حسین نے ڈاکٹر اسد عثمان اور ان کے محافظ کے سوگوارلواحقین سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ شہداء کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور سوگوارلواحقین کو یہ صدمہ برداشت کرنے کا حوصلہ دے ۔(آمین)