جماعت اسلامی پر پابندی کا مطالبہ پاکستان کے محب وطن عوام کے دلوں کی ترجمانی ہے، ایم کیوایم شعبہ اطلاعات
ایم کیوایم کے تحت اجلاس کے شرکاء کی جانب سے جماعت اسلامی پر پابندی کا مطالبہ کیا گیاتھا، ترجمان
جماعت اسلامی، منافقت کامظاہرہ کرکے اس عوامی مطالبہ کو بھی ایم کیوایم کامطالبہ قراردے رہی ہے، ترجمان
جماعت اسلامی کے خلاف پاکستان میں بھی بنگلہ دیش طرز کے تحقیقاتی کمیشن کا قیام وقت کا تقاضا ہے، ترجمان
جماعت اسلامی سے تعلق رکھنے والے ڈاکٹر ارشد وحید ، کاشف حسین ، ثناء اللہ ، شبیر حسین ، تنویر الاسلام ، زہیر امتیاز قدوائی اور عبد الرحمان امریکی ڈرون حملوں میں ہلاک ہوئے،کیا جماعت اسلامی اس کی وضاحت کرے گی؟، ترجمان
فرانسیسی قونصل خانے پر ہنگامہ آرائی اور گولیاں چلانا جماعت اسلامی کے تھنڈر اسکواڈ کا تازہ ترین کارنامہ ہے، ترجمان
جماعت اسلامی کا ماضی اور حال ، پاکستان دشمنی سے عبارت ہے ،ترجمان
جماعت اسلامی کے بانی رہنماء پاکستان کو ناپاکستان اور قائد اعظم محمد علی جناح کو کافراعظم قراردے چکے ہیں،ترجمان
القاعدہ اورطالبان کے دہشت گرد وں کی گرفتاری جماعت اسلامی کے رہنماؤں کے گھروں سے عمل میں آچکی ہے ،ترجمان
جماعت بارہا پاکستان دشمنی اورپاکستان سے غداری کی مرتکب ہوتی رہی ہے، ترجمان
کراچی۔۔۔18،جنوری2015ء
متحدہ قومی موومنٹ شعبہ اطلاعات کے ترجمان نے جماعت اسلامی کے سیکریٹری اطلاعات کے بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے کہاہے کہ ملک دشمن جماعت اسلامی پر پابندی کا مطالبہ پاکستان کے محب وطن عوام کے دلوں کی ترجمانی ہے ۔ ایک بیان میں ترجمان نے کہاکہ گزشتہ روز ایم کیوایم کے تحت ہونے والے دنیا کی بدلتی ہوئی صورتحال اوربین المذاہب مکالمے کے اجلاس کے مندوبین اورشرکاء کی جانب سے جماعت اسلامی کے سابق امیر منور حسن کی جانب سے قتال فی سبیل اللہ اور دہشت گردوں کے خلاف جنگ میں شہید ہونے والے پاک فوج کے فوجی افسران وجوانوں کو ہلاک اور طالبان کے سفاک دہشت گردوں اور بیت اللہ محسود کو شہیدقراردینے کے بیان کا تذکرہ کیا گیا اور جماعت اسلامی پر پابندی کامطالبہ بھی کیا گیا ، لیکن جماعت اسلامی حسب روایت منافقت کامظاہرہ کرکے اس عوامی مطالبہ کو بھی ایم کیوایم کامطالبہ قراردیکر عوام کی آنکھ میں دھول جھونکنے کی شرمناک کوشش کررہی ہے۔
ترجمان نے کہاکہ جماعت اسلامی کا ماضی اور حال ، پاکستان دشمنی سے عبارت ہے ۔ ترجمان نے کہا کہ ڈاکٹر ارشد وحید جس کا کراچی سے تعلق تھا اور جماعت اسلامی کا سرگرم رکن تھا ، پاکستان اسلامک میڈیکل ایسوسی ایشن سے وابستہ تھا جو کہ جماعت اسلامی کی ذیلی تنظیم ہے ، القاعدہ اور جند اللہ کےساتھ دہشت گردی کی کارروائیوں میں ملوث تھا اور 14مارچ 2008میں وزیرستان میں امریکی ڈرون حملے میں ہلاک ہوگیا تھا ۔کاشف حسین جماعت اسلامی کا سرگرم کارکن تھا اور وزیرستان میں امریکی ڈرون حملے میں ہلاک ہوگیا تھا ۔ ثناء اللہ کراچی کا رہائشی اور جامعہ کراچی میں اسلامی جمعیت طلبہ کا سرگرم کارکن تھا جو دسمبر 2009میں وزیرستان میں امریکی ڈرون حملے میں ہلاک ہوگیا تھا ۔شبیر حسین کراچی کا رہائشی اور جامعہ کراچی میں اسلامی جمعیت طلبہ کا سرگرم رکن تھا جو دسمبر 2009میں وزیرستان میں امریکی حملے میں ہلاک ہوگیا تھا ۔ تنویر الاسلام کراچی کا رہائشی اور جامعہ کراچی میں اسلامی جمعیت طلبہ کا سابق ناظم تھا جو دسمبر 2009میں وزیرستان میں امریکی ڈرون حملے میں ہلاک ہوگیا تھا ۔زہیر امتیاز قدوائی کراچی کا رہائشی اور جامعہ کراچی میں اسلامی جمعیت طلبہ کا سرگرم کارکن تھا جو دسمبر 2009میں وزیرستان میں ہی امریکی ڈرون حملے میں ہلاک ہوگیا تھا ۔ عبد الرحمان شجاعت کراچی کے علاقے نارتھ کا رہائشی اور جامعہ این ای ڈی میں اسلامی جمعیت طلبہ کا سرگرم کارکن تھا جو 29نومبر 2013میں میرانشاہ میں امریکی ڈرون حملے میں ہلاک ہوگیا تھا ۔ ترجمان نے کہا کہ کیا جماعت اسلامی کے رہنما ڈرون حملوں میں ہلاک ہونے والے جماعت اسلامی اور جمعیت کے کارکنان کی تردید کریں گے ؟اور جماعت اسلامی ان واقعات کی وضاحت کرے ۔ ترجمان نے کہا کہ جماعت اسلامی کے تھنڈراسکواڈ نے گزشتہ روز فرانسیسی کونسل خانے پر ہنگامہ آرائی کی اور گولیاں چلائیں جو اس کا تازہ ترین کارنامہ ہے ۔ترجمان نے کہا کہ یہ حقائق ریکارڈ پر موجود ہیں کہ جماعت اسلامی کے بانی رہنماء پاکستان کو ناپاکستان اور قائد اعظم محمد علی جناح کو کافراعظم قراردے چکے ہیں، القاعدہ اورطالبان کے بڑے بڑے دہشت گرد وں کی گرفتاری جماعت اسلامی کے رہنماؤں کے گھروں سے کیوں عمل میں آئی ؟ ، جماعت اسلامی ، مساجد، امام بارگاہوں، مزارات ، بازاروں ، سول وعسکری تنصیبات اور اسکولوں میں بم دھماکے اور خود کش حملے کرنے والوں کی ہمیشہ حمایت کرتی رہی ہے اور جماعت اسلامی کے خلاف پاکستان میں عوام ، فوجیوں کے خلاف ہونے والے حملوں کی تحقیقات کیلئے پاکستان میں بھی بنگلہ دیش طرز کے تحقیقاتی کمیشن کا قیام وقت کا تقاضا ہے ۔ شعبہ اطلاعات کے ترجمان نے کہاکہ حال ہی میں جب طالبان دہشت گرد پاکستانی عوام اور فوجیوں کا قتل عام کررہے تھے تو جماعت اسلامی طالبان سے مذاکرات کا مطالبہ بڑے شدو مد سے کرتی رہی ہے اور پھر طالبان کی طرف سے بھی جماعت اسلامی کے پروفیسر ابراہیم کا نام مذاکراتی ٹیم کیلئے سامنے آیا کیا جماعت اسلامی شیطانوں کی وکالت کی وضاحت کرے گی ؟ آخر میں شعبہ اطلاعات ترجمان نے کہا کہ جو جماعت بارہا پاکستان دشمنی اورپاکستان سے غداری کی مرتکب ہوتی رہی ہے اس پر پابندی کامطالبہ ملک بھر کے محب وطن عوام کے دلوں کی ترجمانی ہے ۔