جناب الطاف حسین کاسندھ میں گنے کے کاشت کاروں کے مسائل پر سندھ حکومت کی سرد مہری پر اظہار تشویش
لاکھوں من گنا شگر ملز کے باہر موجود ہے لیکن مل مافیہ شگر ملز کو بند کرکے سندھ کے عوام کو زرعی طور پر مفلوج بنارہی ہے،الطاف حسین
شگر ملز مالکان کے اس رویے کے خلاف ایم کیوایم سندھ میں گنے کے کاشتکاروں اور سندھ کے مظلوم عوام کے ساتھ ہے
اگر شگر ملز مالکان نے گنے کے کاشتکاروں کے مسائل ہنگامی بنیادوں پر حل نہ کئے تو اس سلسلے میں ایم کیوایم جلد
اپنے لائحہ عمل کا اعلان کریگی ،الطاف حسین
لندن۔۔۔10جنوری 2015ء
متحد ہ قومی موومنٹ کے قائد جناب الطاف حسین نے سندھ میں گنے کے کاشت کاروں کے مسائل پر سندھ حکومت کی سرد مہری پر گہری تشویش کا اظہار کیاہے ۔ایک بیان میں جناب الطاف حسین نے کہا کہ صوبے میں لاکھوں من گنا شگر ملز کے باہر موجود ہے لیکن مل مافیہ شگر ملز کو بند کرکے سندھ کے عوام کو زرعی طور پر مفلوج بنانے کی سازشیں کرکے عوام پرظلم کر رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ شگر ملز مالکان نے کاشتکاروں کے مسائل میں اضافہ کر دیا ہے اور اپنے اس عمل کے ذریعے وہ سندھ کے کاشتکاروں کو نئے بحران میں مبتلا کررہے ہیں لیکن شگر ملز مالکان کے اس رویے کے خلاف ایم کیوایم سندھ میں گنے کے کاشتکاروں اور سندھ کے مظلوم عوام کے ساتھ ہے اور اس ظلم کے خلاف آواز بلند کر رہی ہے۔جناب الطاف حسین نے کہا کہ شگر ملزمالکان اپنے طرز عمل کو درست کرکے سندھ دشمنی سے بعض رہیں ۔انہوں نے کہاکہ اگر شگر ملز مالکان نے گنے کے کاشتکاروں کے مسائل ہنگامی بنیادوں پر حل نہیں کئے تو اس سلسلے میں ایم کیوایم جلد اپنے لائحہ عمل کا اعلان کرے گی۔