محفل میلادالنبی ؐ کے دوران راولپنڈی کی امام بارگاہ میں بم دھماکہ کرنے والے خوارج ہیں، الطاف حسین
مذہب کا نام لیکر قتل وغارتگری کرنے والے اللہ تعالیٰ اور نبی کریم ؐ کی تعلیمات کی صریحاً نفی کررہے ہیں،الطاف حسین
ایم کیوایم ، قرآن مجید کی تعلیمات کے مطابق ’’لااکراہ فی الدین ‘‘ پر یقین رکھتی ہے، الطاف حسین
اس جدوجہدکی پاداش میں ایم کیوایم کے منتخب نمائندوں ، عہدیداروں اورکارکنوں کو سفاکی سے قتل کیاجارہا ہے، الطاف حسین
بم دھماکے اور قتل وغارتگری ملک بھر میں انتہاء پسند دہشت گردوں کے خلاف مسلح افواج کے جاری آپریشن کو ناکام بنانے کی سازش ہے
ملک بھر کے اسکولوں کے ساتھ ساتھ مساجد او رامام بارگاہوں میں بھی مؤثرحفاظتی انتظامات کئے جائیں، الطاف حسین
راولپنڈی کے علاقے چٹیاں ہٹیاں میں بم دھماکے پر قائد ایم کیوایم الطاف حسین کا اظہارمذمت
بم دھماکے میں شہید ہونے والے افرادکے سوگوارلواحقین سے اظہار افسوس
لندن۔۔۔9،جنوری2015ء
متحدہ قومی موومنٹ کے قائد جناب الطاف حسین نے راولپنڈی کے علاقے چٹیاں ہٹیاں میں واقع امام بارگاہ میں بم دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے اور بم دھماکے میں متعددافراد کے شہید وزخمی ہونے پرگہرے دکھ اور افسوس کااظہار کیا ہے ۔ ایک بیان میں جناب الطاف حسین نے کہاکہ محفل میلادالنبی ؐ کے دوران امام بارگاہ میں بم دھماکہ کرنے والے خوارج ہیں جو مذہب کا نام لیکر قتل وغارتگری کرکے اللہ تعالیٰ اور نبی کریم ؐ کی تعلیمات کی صریحاً نفی کررہے ہیں۔ جناب الطاف حسین نے کہاکہ ایم کیوایم ، قرآن مجید کی تعلیمات کے مطابق ’’لااکراہ فی الدین ‘‘ پر یقین رکھتی ہے اور چاہتی ہے کہ ملک میں لبرل اور اعتدال پسندسوچ کو فروغ دیا جائے تاکہ مذہبی انتہاء پسند عناصر اپنی خودساختہ شریعت پاکستان کے عوام پر مسلط کرنے میں کامیاب نہ ہوسکیں۔ حق پرستی کی اس جدوجہدکی پاداش میں طالبان، القاعدہ اورداعش کے سفاک دہشت گردوں کی جانب سے کراچی اورصوبہ پنجاب کے مختلف شہروں میں ایم کیوایم کے منتخب نمائندوں ، عہدیداروں اورکارکنوں کو سفاکی سے قتل کیاجارہا ہے لیکن افسوس کہ حکومت وانتظامیہ کی جانب سے نہ تو سفاک قاتلوں کو گرفتار کیاجارہا ہے اور نہ ہی عوام کی جان ومال کے تحفظ کیلئے مثبت اور عملی اقدامات کیے جارہے ہیں جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے ۔ جناب الطاف حسین نے کہاکہ مذہبی انتہاء پسند دہشت گرد عناصر بم دھماکے اور قتل وغارتگری کرکے شمالی وزیرستان سمیت ملک بھر میں انتہاء پسند دہشت گردوں کے خلاف مسلح افواج کے جاری آپریشن کو ناکام بنانے کی سازش کررہے ہیں لہٰذا وقت کا تقاضہ ہے کہ ایسے سفاک عناصر اور انکی سازشوں کو سختی سے کچل دیا جائے ۔جناب الطاف حسین نے وزیراعظم میاں نوازشریف اوروفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثارعلی خان سے مطالبہ کیا کہ راولپنڈی میں واقع امام بارگاہ میں بم دھماکے کا فوری نوٹس لیا جائے اور بم دھماکے میں ملوث عناصر اور ان کے سرپرستوں کو گرفتارکرکے قرارواقعی سزا دی جائے، ملک بھر کے اسکولوں کے ساتھ ساتھ مساجد اورامام بارگاہوں میں بھی مؤثرحفاظتی انتظامات کئے جائیں۔ جناب الطا ف حسین نے راولپنڈی میں ہونے والے بم دھماکے میں شہید ہونے والے افراد کے سوگوارلواحقین سے دلی تعزیت وہمدردی کا اظہار کیا اور زخمیوں کی جلدومکمل صحت یابی کیلئے دعا کی۔
English Viewers