اورنگی ٹاؤن کے کارکن ندیم احمد عائشہ منزل بم دھماکے کے عینی شاہد تھے جنہیں کالعدم تنظیم کے دہشتگردوں نے شہید کردیا،سید حیدر عباس رضوی
کراچی آپریشن کی سنجیدگی اس وقت ثابت ہوگی جب شہر میں نام بدل کر کھلے عام کام کرنے والی کالعدم تنظیموں کے خلاف کارروائی ہوگی
ایم کیوایم ملک بھر میں بلا تفریق انتہاء پسندوں اور دہشتگردوں کے خلاف آواز بلند کر رہی ہے،خواجہ اظہارالحسن
اورنگی ٹاؤن میں دہشتگرد آزاد گھوم رہے ہیں جبکہ ایم کیوایم کے کارکنان کو گرفتار کرکے رقوم کا تقاضہ کیا جاتاہے ، محمد حسین
ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی کے رکن سید حیدر عباس رضوی کی اراکین رابطہ کمیٹی و دیگر کے ہمراہ خورشید بیگم سیکریٹریٹ میں اہم پریس کانفرنس
کراچی ۔۔۔9جنوری2015ء
متحدہ وقومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی کے رکن سید حیدر عباس رضوی نے کہاہے کہ کراچی میں کالعدم تحریک طالبان اور اس سے ملحقہ تنظیم کھلے عام ایم کیوا یم کے کارکنان اور منتخب نمائندوں کو قتل کر رہے ہیں ، گزشتہ رات اورنگی ٹاؤن میں قتل ہونے والے ایم کیو ایم اورنگی ٹاؤن سیکٹر یونٹ 119کے سرگرم کارکن ندیم احمد جو کہ یکم جنوری2013ء کو کراچی کے علاقے عائشہ منزل پر ہونیوالے بم دھماکے زخمی اور عینی شاہد تھے ان کو بھی کالعدم تنظیم کے دہشتگردوں نے شہید کردیا،کراچی میں ایک کالعدم تنظیم کے 190یونٹس کام کر رہے ہیں لیکن ان کے خلاف کو ئی کار روائی نہیں کی جارہی ، دہشتگردی کے نتیجے میں کراچی سے تعلق رکھنے والے ڈاکٹرز ، پروفیسرز ، وکلاء ، انجینئرز اوردانشورملک چھوڑ نے پر مجبورہیں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کی شام خورشید بیگم سیکریٹریٹ عزیز آباد میں اراکین رابطہ کمیٹی عارف خان ایڈوکیٹ، گلفرازخان خٹک ، ایم کیوایم خیبر پختونخوا کے صدر بیرسٹر محمد علی سیف ، سندھ اسمبلی میں حق پرست ڈپٹی پارلیمانی لیڈر خواجہ اظہار الحسن ،رکن سندھ اسمبلی محمد حسین اور شہید ندیم احمد کے اہل خانہ کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔سید حیدر عباس رضوی نے کہا کہ گزشتہ کئی سالوں سے ایم کیو ایم کے کارکنان کو مسلسل دہشت گردی اور ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بنایا جارہا ہے اور اسی کے تسلسل میں گزشتہ رات کالعدم تنظیم سے تعلق رکھنے والے18سے 25سال کے عمر کے 5دہشت گردوں نے اورنگی ٹاؤن رحمت چوک کے علاقے میں یونٹ 119اورنگی سیکٹر کے کارکن ندیم احمد ولد فضل احمد کو اس وقت شناخت کے بعد فائرنگ کا نشانہ بنایا جب وہ اپنے ماموں فرید احمد اور ایک تحریکی ہمدرد کے ہمراہ دودھ کی دکان پر موجود تھے واقعہ میں ندیم احمد کو 4گولیاں لگیں جو انکی شہادت کا باعث بنیں جبکہ فائرنگ کے نتیجے میں زخمی ہونیوالے فرید احمد اور منظور عالم عباسی شہید اسپتال کے انتہائی نگہداشت وارڈ میں زیر علاج ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہید ندیم احمد یکم جنوری 2013ء کو جناح گراؤنڈ میں منعقدہ جلسے کے بعد عائشہ منزل پر ہونے والے بم دھماکے کے اہم گوا ہ تھے ۔ انہوں نے کہا کہ حق پرست ایم پی اے شہید منظر امام کے ہمراہ سی آئی ڈی سینٹر میں چوہدری اسلم شہید کے پاس دہشتگردوں کی شناخت کروائی تھی جس میں لشکر جھنگوی اور طالبان دہشتگرد شامل تھے اورگواہی کیلئے ATC(انسداد دہشتگردی کورٹ ) بھی گئے تھے اور اگر آج صوبے میں وٹنس پروٹیکشن بل پر عمل درآمد کیا جاتااورانہیں سیکورٹی فراہم کی جاتی تو شاید یہ افسوسناک واقعہ پیش نہ آتا ،انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس ندیم احمد کے قتل سے متعلق اہم معلومات اور قاتلوں کی تفصیلات ہیں جن سے ہم ریاستی اداروں کے ذمہ داران کو آگاہ کریں گے۔انہوں نےکہا کہ ایم کیوایم کوطالبانائزیشن کے خلاف آوازاٹھانے کی سزادی جارہی ہے ،گوکہ شہرمیں ٹارگٹڈآپریشن جاری ہے لیکن کالعدم تنظیموں کے دہشت گردوں کی جانب سے متحدہ قومی موومنٹ کے کارکنان کوچن چن کر قتل کرنے کا سلسلہ بھی تھمنے کا نام نہیں لے رہا ہے جبکہ یہ دہشت گردپاکستان بھر میں ایم کیو ایم کی رکن قومی اسمبلی طاہرہ آصف باجی اور تین ار کان سندھ اسمبلی سیدرضاحیدر، منظرامام ،ساجدقریشی ، حیدر آباد سے تعلق رکھنے والے حق پرست نامزد امیدوار فخر الاسلام، باؤ محمد انور، سید اصغر عباس سمیت کئی کارکنوں اورذمہ داروں کوشہیدکرچکے ہیں اور نائن زیرو سمیت ایم کیوایم کے کئی دفاتر، انتخابی جلسوں اور کیمپوں کو بموں سے نشانہ بھی بناچکے ہیں۔۔انہوں نے کہا کہ ندیم احمد شہید نے تمام تر خطرات کے باوجود دہشتگردی کے خلاف خود کو گواہ کے طور پر پیش کیا اور ملک کے لئے جرأت و بہادری کے ساتھ جان قربان کردی تاہم شہید ندیم احمد کا خون ملک کے سیکورٹی اداروں اور بالخصوص سندھ کی صوبائی حکومت پر قرض ہے ،ہمیں سمجھنا چاہئے کہ اگر آج ایم کیو ایم کے کارکنان کو طالبان اور دیگر انتہاء پسندوں کی جانب سے شہید کیا جارہاہے تو کل یہ آگ کسی اور کے گھر تک بھی پہنچ سکتی ہے ۔انہوں نے چیف آف آ رمی اسٹا ف جنرل راحیل شریف سے مطالبہ کیا کہ وہ ملک کے شمالی علاقہ جات میں جاری آپریشن کا دائرہ کار ملک بھر میں وسیع کریں کیونکہ کراچیء میں طالبان اور ان سے وابستہ تنظیموں کی بہت بڑی کھیپ موجود ہے جو دہشتگردی میں ملوث ہے ۔انہوں نے دہشتگردی کا نشانہ بننے والے پولیس کے بہادر افسر ایس ایس پی سی آئی ڈی راؤ چوہدری محمد اسلم کی پہلی برسی پر امن و امان کے قیام کے لئے انکی قومی خدمات پر انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ میڈیا اطلاعات ہیں کہ گزشتہ رات کراچی کے مختلف علاقوں میں چوہدری محمد اسلم شہید کے پوسٹرز بھی پھاڑے گئے ہیں جوکہ دہشت گردوں کی خفت کا واضح ثبوت ہے ۔ سید حیدر عباس رضوی نے کہا کہ جناب الطاف حسین ملک کے واحد رہنما ہیں جنہوں نے ملک میں داعش کی موجودگی سے متعلق قوم کو آگا کیا لیکن کسی نے اس کو سنجیدگی سے نہیں لیاجبکہ ایم کیو ایم نے کراچی میں مولانا عبد العزیز کے خلا ف ایف آئی آر کٹوائی لیکن کوئی کار روائی نہیں کی جارہی ہے۔انہوں نے کہاکہ جو لوگ ملک کے آئین و قانون کو نہیں مانتے اور ریاست کے خلاف علم بغاوت بلند کرتے ہیں انکی سرکوبی قانون نافذ کرنے والے اداروں کی ذمہ داری ہے کراچی میں لوگوں کو دن دھاڑے مسلک و مذہب کے نام پر شہید کیا جارہا ہے لیکن کراچی آپریشن کی سنجیدگی اس وقت ثابت ہوگی جب شہر میں نام بدل کر کھلے عام کام کرنے والی کالعدم جہادی تنظیموں کے خلاف کارروائیاں کی جائیں جبکہ اب 21ویں ترمیم کے تحت قانون نافذ کرنیوالے اداروں کو اسکی آ زادی بھی دے دی گئی ہے ۔ ایک صحافی کے سوال پر خواجہ اظہار الحسن نے کہا کہ ایم کیوایم ملک بھر میں بلا تفریق انتہاء پسندوں اور دہشتگردوں کے خلاف آواز بلند کر رہی ہے لیکن کراچی میں اُٹھنے والے جنازوں کی اہمیت حکمرانوں کی نظر میں ایک ٹیکر سے زیاد ہ نہیں ہے اور ایسا لگ رہا ہے جیسے کراچی کے عوام کو اپنے حقوق کیلئے خود جدوجہد کرنے پر مجبو ر کیا جارہا ہے۔ اورنگی ٹاؤن سے منتخب حق پرست رکن سندھ اسمبلی محمد حسین نے کہا کہ اورنگی ٹاؤن میں دہشتگرد آزاد گھوم رہے ہیں جبکہ ایم کیوایم کے کارکنان کو گرفتار کرکے ہزاروں روپے کی رقوم کا تقاضہ کیا جاتاہے شہر کے مختلف علاقوں میں سیکورٹی ادارے کالعدم جماعتوں اور طالبان دہشتگردوں کے خلاف کامیاب آپریشن کر رہے ہیں لیکن اورنگی ٹاؤن میں صرف بے گناہ شہریوں کو پریشان کیا جارہاہے۔