ایم کیوایم کے قائد الطاف حسین کی جانب سے پاکستانی عوام سمیت تمام عالم اسلام کو جشن عیدمیلادالنبی ﷺ کی دلی مبارکباد
امام الانبیاء حضرت محمدمصطفےٰ ﷺ کی ولادت باسعادت کادن نہ صرف مسلمانوں کیلئے باعث مسرت اوررحمت وبرکت کادن ہے بلکہ پوری انسانیت کیلئے بھی احترام کادن ہے۔الطاف حسین
ایک نبی ؐ کی امت ہونے کے ناطے ایک دوسرے کی جان ومال اورعزت وآبرو کا تحفظ کریں،ہرقسم کی نفرت وتعصبات کاخاتمہ کریں
ہمیں چاہیے کہ ہم رحمت العا لمینؐ کی سچی تعلیمات پر عمل کرتے ہوئے غیرمسلموں کی بھی جان ومال اورعزت وآبروکاتحفظ کریں اور احترام انسانیت کے مقدس جذبے کوفروغ دیں
آج کے دن نبی کریمؐ کی تعلیمات کی روشنی میں غریبوں، مسکینوں اورمحتاجوں کونہ بھولیں بلکہ ان کی ہرممکن مددکریں
اللہ تعالیٰ اپنے محبوب رسولؐ کے صدقے پاکستان سمیت دنیابھرسے دہشت گردی کاخاتمہ کرے ،ملک میں امن واستحکام قائم کرے
لندن:۔۔۔3؍جنوری 2015ء
متحدہ قومی موومنٹ کے قائد جناب الطاف حسین نے پاکستانی عوام سمیت تمام عالم اسلام کو جشن عیدمیلادالنبی ﷺ کی دلی مبارکباد پیش کی ہے۔ عید میلادالنبی ﷺ کے موقع پراپنے خصوصی پیغام میں جناب الطاف حسین نے کہاکہ آقائے نامدار، محبوب کردگار ،سرورکائنات، امام الانبیاء حضرت محمدمصطفےٰ ﷺ کو رحمت العا لمین یعنی تمام جہانوں کیلئے رحمت بناکربھیجالہٰذاان کی ولادت باسعادت کادن نہ صرف مسلمانوں کیلئے باعث مسرت اوررحمت وبرکت کا دن ہے بلکہ پوری انسانیت کیلئے بھی احترام کادن ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہمیں چاہیے کہ ہم رحمت العالمین کی تعلیمات اورسیرت پر عمل کرتے ہوئے تمام غیرمسلموں کابھی احترام کریں،ان کی بھی جان ومال اورعزت وآبروکاتحفظ کریں اور احترام انسانیت کے جذبے کوفروغ دیں۔جناب الطاف حسین نے پاکستان بھرکے عوام سمیت تمام عالم اسلام کوعیدمیلادالنبی ﷺ کی مبارکبادپیش کرتے ہوئے کہاکہ وہ آج کے دن نبی کریمؐ کی تعلیمات کی روشنی میں غریبوں، مسکینوں اورمحتاجوں کونہ بھولیں بلکہ ان کی ہرممکن مددکریں۔ آج کے دن تمام مسلمانوں کوچاہیے کہ وہ بعثتِ رسولؐ کے ابدی پیغام کی روح پر عمل کرتے ہوئے آپس میں اتحادویگانگت کامظاہرہ کریں اور ایک نبی ؐ کی امت ہونے کے ناطے ایک دوسرے کی جان ومال اورعزت وآبرو کا تحفظ کریں اورہرقسم کے تعصبات کاخاتمہ کریں۔جنا ب الطاف حسین نے تمام مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے علمائے کرام مشائخ عظام سے اپیل کی ہے کہ وہ جشن عید میلادالنبی ؐ کے پرمسرت موقع پر نبی کریمؐ کی سیرت طیبہ پرروشنی ڈالنے کے ساتھ سا تھ لوگوں کو مذہبی راواداری ، فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور ایک دوسرے کے مسالک و عقائد کے احترام کادرس دیں اور پیار ، محبت اور بھائی چارے کی فضاء کے فروغ کا پیغام دیں۔جناب الطاف حسین نے دعاکی کہ اللہ تعالیٰ اپنے محبوب رسولؐ کے صدقے پاکستان سمیت دنیابھرسے دہشت گردی کاخاتمہ کرے،ملک میں امن واستحکام قائم کرے ،امت مسلمہ پراپنافضل وکرم فرمائے اور پاکستان کودرپیش اندرونی وبیرونی خطرات اورہرقسم کی سازشوں سے محفوظ رکھے۔(آمین)
English Viewers
Video