حق پرست اراکین سندھ اسمبلی کا کراچی میں پبلک ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں کمی نہ کئے جانے پر اظہارتشویش
ٹرانسپورٹ مافیا کراچی کے شہریوں کو دونوں ہاتھوں سے لوٹنے میں مصروف ہے، حق پرست اراکین سندھ اسمبلی
ٹرانسپورٹ کرایوں میں کمی نہ کئے جانے کو سی این جی کی قیمتوں میں کمی سے مشروط کیا جارہا ہے
کراچی کے شہریوں کو صوبائی حکومت کے متعصبانہ رویے کی بھینٹ چڑھا دیا گیاہے
صوبائی حکومت کے چند عہدیداران کی ملی بھگت سے کراچی میں ٹرانسپورٹ مافیا غیر قانونی طریقوں سے ناقص سی این جی سلنڈر نصب کروا کر قانون کی خلاف ورزی کرکے انسانی جانوں سے کھیل رہاہے ،حق پرست اراکین
ٹرانسپورٹ ما فیا اپنا قبلہ درست کرکے کراچی کے معصوم شہریوں سے زیادتیوں کا سلسلہ فوری بند کردے
وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف ،وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ اور صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ کراچی میں ٹرانسپورٹ مافیا کی زیادتیوں کا فوری نوٹس لیکرکرایوں میں واضح حد تک کمی یقینی بنائیں ، حق پرست اراکین سندھ اسمبلی کا مطالبہ
کراچی ۔۔۔2جنوری2014ء
متحدہ قومی موومنٹ کے اراکین سندھ اسمبلی نے پیٹرولیم مصنوعات میں کمی کے باوجود کراچی میں پبلک ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن کی جانب سے پبلک ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں کمی نہ کئے جانے پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے ۔ ایک بیان میں حق پرست اراکین سندھ اسمبلی نے کہا کہ ٹرانسپورٹ مافیا کراچی کے شہریوں کو دونوں ہاتھوں سے لوٹنے میں مصروف ہے اور ٹرانسپورٹ کرایوں میں کمی نہ کئے جانے کو سی این جی کی قیمتوں میں کمی سے مشروت کیا جارہا ہے تاہم مخدوش پبلک بسوں میں سی این جی کا استعمال غیر قانونی ہے لیکن چند صوبائی عہدیداران کی ملی بھگت سے کراچی میں ٹرانسپورٹ مافیا غیر قانونی طریقوں سے ناقص سی این جی سلنڈر نصب کروا کر ناصرف قانون کی خلاف ورزی کر رہے ہیں بلکہ معصوم شہریوں کی قیمتی جانوں کو بھی داو پر لگایا ہواہے لیکن وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ اور صوبائی حکومت کی جانب سے اس مافیا کے خلاف کسی قسم کی کار روائی نہیں کی جارہی ہے ۔حق پرست اراکین سندھ اسمبلی نے کہا کہ کراچی کے شہریوں کو صوبائی حکومت کے متعصبانہ رویے کی بھینٹ چڑھا دیا گیاہے اور انہیں 30برسوں سے مسلسل ایم کیوایم کو ووٹ دینے کے جرم کی سزا دی جارہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ ٹرانسپورٹ ما فیا اپنا قبلہ درست کرکے کراچی کے معصوم شہریوں سے زیادتیوں کا سلسلہ فوری بند کردے بصورت دیگر عوام اپنے حق کیلئے فیصلے کرنا میں آزاد ہوں گے۔انہوں نے وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف ، وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ اورصوبائی وزیر ٹرانسپورٹ ممتاز جاکھرانی سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ شہریوں کے ساتھ ٹرانسپورٹ مافیا کی زیادتیوں کا فوری نوٹس لیکر پبلک ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں واضح حد تک کمی یقینی بنائیں ۔
English Viewers