ایم کیوایم رابطہ کمیٹی کی قانون نافذ کرنیوالے اداروں کی جانب سے کارکن فرحان کی رہائشگاہ پر چھاپے اور انکی والدہ سے بدتمیزی کی سخت الفاظ میں مذمت
فرحان بھائی کی غیر موجودگی میں انکے چھوٹے بھائی کو زبردستی گرفتار کرنے کی کوشش کی گئی اور ان کی ضعیف العمر والدہ کو دھکے دئیے گئے، ایم کیوا یم رابطہ کمیٹی
سرکاری اہلکاروں کی جانب سے تشدد کے نتیجے میں فرحان بھائی کی والدہ موقع پر ہارٹ اٹیک سے انتقال کر گئیں، رابطہ کمیٹی
وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف ، وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان اور گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان کا مذکورہ واقعہ میں ملوث سرکاری اہلکاروں کو فوری منظر عام پر لاکر کار روائی کریں، رابطہ کمیٹی کا مطالبہ
اللہ تعالیٰ فرحان بھائی کی مرحوم والدہ کے درجات بلند کرے اور لواحقین کوصبر جمیل عطا فرمائے ، ایم کیوایم رابطہ کمیٹی
کراچی ۔۔۔30دسمبر2014ء
متحد ہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے برنس روڈ کے علاقے میں پیر اور منگل کی درمیانی شب ایم کیو ایم کے کارکنان فرحان ولد محمد حنیف کی رہائشگاہ پر چھاپے اور ان کی والدہ سے بدتمیزی کے واقعے کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے۔ایک مذمتی بیان میں رابطہ کمیٹی نے کہا ہے کہ گزشتہ رات قانون نافذ کرنیوالے اداروں کے اہلکاروں نے برنس روڈ کے علاقے میں ایم کیو ایم کے کارکنان فرحان ولد محمد حنیف کے گھر انکی گرفتاری کیلئے چھاپہ مارا تھالیکن فرحان بھائی اس وقت اپنے گھر میں موجود نہیں تھے تاہم قانون نافذکرنے والے اداروں کے اہلکاروں نے انکے چھوٹے بھائی کو زبردستی گرفتار کرنے کی کوشش کی جس دوران ان کی ضعیف العمر والدہ کی جانب سے مزاحمت کی گئی اور اس مزاحمت کے جواب میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں کی جانب سے فرحان بھائی کی والدہ کو دھکے دئیے گئے جس کے نتیجے میں وہ ہارٹ اٹیک سے موقع پر انتقال کر گئیں۔رابطہ کمیٹی نے واقعہ کو انسانیت کے منافی قرار دیتے ہوئے وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف ، وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان اور گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ایم کیوایم کے کارکنان کے ساتھ قانون نافذ کرنیوالے اداروں کے رویے کا فوری نوٹس لیں اور مذکورہ واقعہ میں ملوث سرکاری اہلکاروں کو فوری منظر عام پر لاکر کار روائی کریں ۔رابطہ کمیٹی نے کارکن فرحان سمیت مرحومہ کے تمام اہلکاروں سے دلی ہمدردی کا اظہارکیا ہے اور دعا کی ہے کہ اللہ تعالیٰ مرحومہ کے درجات بلند کرے اور لواحقین کوصبر جمیل عطا فرمائے ۔