رکن یورپی پارلیمنٹ اور UK Independence Party کے رہنما امجد بشیر کا ایم کیوایم کے مرکز نائن زیرو کا دورہ، رابطہ کمیٹی پاکستان کے انچارج قمر منصور و اراکین رابطہ کمیٹی سے ملاقات
ملاقات میں سانحہ پشاور پر دلی افسوس کا اظہار اور ملک کی مجموعی سیاسی، سماجی اور معاشی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ ملک میں دہشت گردی کے خلاف قومی یکجہتی اور اتفاق کی ضرورت پر زور دیا گیا
امجد بشیر کا نائن زیرو پر جناب الطاف حسین کی جانب سے کارکنان نے پرتپاک استقبال کیا اور پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں
رابطہ کمیٹی انچارج قمر منصور نے نائن زیرو پہنچنے پر امجد بشیر کو جناب الطاف حسین کی جانب سے گلدستہ پیش کیا
مجھے خوشی ہے کہ ایم کیوایم سیاست کے ساتھ ساتھ ملک کے تمام طبقات اور عوام کیلئے فلاحی و سماجی کام بھی کررہی ہے، امجد بشیر
امجد بشیر عالمی برادری کو انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں، ایم کیوایم کے خلاف ناانصافیوں اور زیادتیوں سے آگاہ کریں گے، قمر منصور
ملاقات کے بعد نائن زیرو کے باہر میڈیا کے نمائندگان کو پریس بریفنگ
تصاویر
کراچی ۔۔۔26دسمبر2014ء
یورپی پارلیمنٹ و انسانی حقوق کمیٹی کے رکن اوریونائیٹڈ کنگڈم انڈی پینڈنس پارٹی کے رہنما امجد بشیر نے جمعہ کے روزمتحدہ قومی موومنٹ کے مرکز نائن زیرو عزیز آباد کا دورہ کیا اور رابطہ کمیٹی کے انچارج قمر منصور ، اراکین رابطہ کمیٹی غازی صلاح الدین، عارف خان ایڈووکیٹ اور اسلم آفریدی،کہف الوری سے ملاقات کی ۔اس موقع پر حق پرست سنیٹر بابر خان غوری ، قومی اسمبلی میں حق پرست پارلیمانی لیڈر رشید گوڈیل، ارکان قومی اسمبلی ڈاکٹر فاروق ستار ، خواجہ سہیل منصور ، سندھ اسمبلی میں ایم کیوایم کے پارلیمانی لیڈر سید سردار احمد ، ڈپٹی پارلیمانی لیڈر خواجہ اظہار الحسن اور حق پرست رکن سندھ اسمبلی ارشد وہرہ بھی موجود تھے ۔ قبل ازیں امجد بشیر کا نائن زیرو آ مد پر کارکنان نے پرتپاک استقبال کیا اور پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں اس موقع پر رابطہ کمیٹی کے انچارج قمر منصور نے امجد بشیر کوجناب الطاف حسین کی جانب سے گلدستہ پیش کیا اور نائن زیرو آمد پر ان سے دلی تشکر کااظہار کیا ، ملاقات میں سانحہ پشاور پر دلی افسوس کااظہار کیا گیا اور ملک کی مجموعی سیاسی ، سماجی ، معاشی صورتحال پر تبادلہ خیا ل کیا گیا اور ملک میں دہشت گردی کے خلاف قومی یکجہتی و اتفاق کی ضرورت پر زور دیا گیا جبکہ ایم کیو ایم کے رہنماؤں نے امجد بشیر کو ایم کیو ایم کی جانب سے مدرسہ ریفارمز ، لینڈ ریفارمز اورملک میں بھائی چارگی کی فضاء قائم کرنے کیلئے جناب الطاف حسین کے کلیدی کردار سے آگاہ کیا۔ ملاقات کے بعد نائن زیرو پر میڈیا کے نمائندگان کو پریس بریفنگ دیتے ہوئے امجد بشیر نے کہاکہ نائن زیرو آکر مجھے بہت خوشی ہو ئی اور یہاں دو دن کے دورے میں میں نے بہت کچھ سیکھا ہے اور اب میں یورپین پارلیمنٹ میں جاکر یہاں کے انسانی حقوق کے حوالے سے اور دیگر مسائل کے بارے میں آگاہی دوں گا ۔ انہوں نے کہا کہ میں نے اس دوران ایم کیوا یم کی مختلف فلاحی اداروں کا بھی دورہ کیا ہے اورآج سن اکیڈمی گیا جہاں دیکھا کہ ایم کیوایم ملک کے مظلوم و غریب عوام کے بچوں کو انتہائی کم فیسوں پر تعلیم فراہم کر رہی ہے ، میں نے نذیر حسین یونیورسٹی کا بھی دورہ کیا اور وہاں طلبہ سے ملاقات کرکے تعلیمی میعار کے حوالے سے گفتگو کی اور مجھے خوشی ہوئی ، میں خدمت خلق فاؤنڈیشن بھی گیا جو کہ فلاحی کاموں کابہت بڑا ادارہ ہے ۔انہوں نے کہا کہ میں نے ایم کیوایم کے دفاتر کا دورہ کیا تو میں وہاں تمام زبانیں بولنے والے کارکنان سے ملا جہاں صرف اُردو بولنے والے نہیں بلکہ سندھی ، پشتون، پختون ، سرائیکی ، پنجابی ،ہزارے وال ، کشمیر ی ، بلوچی اور تمام مذاہب کے افراد دیکھے جو ایم کیوایم میں کام کررہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ مجھے خوشی ہوئی کہ ایم کیوایم سیاست کے ساتھ ساتھ ملک کے تمام طبقات کے عوام کیلئے فلاحی و سماجی خدمات بھی سرانجام دے رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ میں نے ایم کیوا یم کے لاپتہ افراد کے لواحقین سے بھی ملاقات کی جن کے پیارے سالوں سے لاپتہ ہیں اور کسی کو انکے متعلق کچھ معلوم نہیں جو میرے لئے صدمے کی بات ہے ، یورپ میں کوئی شخص بھی قانون سے بالاتر نہیں ہے اوروہاں سب کو عدالتوں اور قانون کا سامنا کرنا پڑتاہے ، ہم ماورائے عدالت قتل ، ملٹری کورٹس پر یقین نہیں رکھتے ۔ انہوں نے کہا کہ مجھے معلوم ہے کہ پاکستان شدید دہشتگردی کا شکار ہے جس کا سب سے بڑا سانحہ پشاور کے آرمی پبلک اسکول میں پیش آیا ،انہوں نے ایم کیو ایم کے لاپتہ کارکنوں کے اہل خانہ کو یقین دلایا کے میں یورپی پارلیمنٹ میں اس مسئلے کے حل کیلئے تمام کوششیں بروئے کار لاؤں گا۔ بعدازاں ایم کیوایم رابطہ کمیٹی کے انچارج قمرمنصورنے میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ امجد بشیر نے ایم کیوایم کی تنظیمی سرگرمیوں اور ملک بھر کی مظلوم قومیتوں کیلئے جناب الطاف حسین کی عملی جدوجہد کا تفصیلی جائزہ لیا ہے اور مجھے یقین ہے کہ امجد بشیر عالمی برادری کو انسانی خلاف ورزیوں ،ایم کیوایم کے خلاف ناانصافیوں اور زیادتیوں سے نہ صرف آگاہ کریں گے بلکہ اس سلسلے میں مثبت کرداراادا کرینگے اور انشاء اللہ تعالیٰ ان مثبت کردار کے نتیجے میں ملک دہشت گردی سمیت جاگیردارانہ ،و ڈیرانہ اور سردارانہ نظام سے چھٹکارا حاصل کرے گا۔ انہوں نے امجد بشیر کی نائن زیرو آمد کا زبردست خیر مقدم بھی کیا ۔
Read in English