لال مسجد اسلام آباد کے خطیب مولانا عبد العزیز کے جناب الطاف حسین کے خلاف دھمکی آمیز ویڈیو بیان پر خیبر پختونخوا کے مختلف پریس کلبوں کے باہر ایم کیوایم کے زبردست احتجاجی مظاہرے کئے گئے
احتجاجی مظاہرے پشاور پریس کلب، صوابی پریس کلب، چارسدہ پریس کلب، اپر سوات پریس کلب اور نوشہرہ پریس کلب کے باہر کئے گئے
مولانا عبد العزیز کا دھمکی آمیز ویڈیو بیان نفرت انگیز ہے اور اس بیان سے ملک دشمنی اور غداری کی بو آرہی ہے، مظاہروں سے ڈاکٹر نوبت خان کا خطاب
پشاور ۔۔۔21، دسمبر2014ء
متحدہ قومی موومنٹ خیبرپختونخوا کے زیر اہتمام لال مسجد اسلام آباد کے خطیب مولانا عبد العزیز کے جناب الطاف حسین کے خلاف دھمکی آمیز ویڈیو بیان پر مختلف پریس کلبوں کے باہر زبردست احتجاجی مظاہرے کئے گئے۔ یہ احتجاجی مظاہرے پشاور پریس کلب ، صوابی پریس کلب ، چارسدہ پریس کلب ، اپر سوات پریس کلب اور نوشہرہ پریس کلب کے باہر کئے گئے جن میں ایم کیوایم کے عہدیداران ، کارکنان اور ہمدردوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی ۔ احتجاجی مظاہروں کے شرکاء نے اپنے ہاتھوں میں پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر مولانا عبد العزیز کے دھمکی آمیز ویڈیو بیان کے خلاف نعرے ، کلمات ، مذمتی الفاظ جلی حروف میں تحریر تھے ۔ احتجاجی مظاہرے کے شرکاء نے مولانا عبد العزیز کی گرفتاری ، لال مسجد کے خلاف فی الفور کارروائی اور طالبان دہشت گردوں کے خلاف پرجوش نعرے بھی لگائے ۔ احتجاجی مظاہروں کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے ایم کیوایم خیبرپختونخوا صوبائی کمیٹی کے رکن ڈاکٹر نوبت خان نے کہاکہ جناب الطاف حسین کے خلاف مولانا عبد العزیز کا دھمکی آمیز ویڈیو بیان نفرت انگیز ہے اوراس بیان سے ملک دشمنی اور غداری کی بو آرہی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ جناب الطاف حسین نے شروع دن سے ہی پرامن اور جمہوری جدوجہد کی ہے اور ظلم کو ظلم ہی کہا ہے ، مولانا عبد العزیز کے دھمکی آمیز ویڈیو بیان کی خیبر پختونخوا کے عوام شدید مذمت کرتے ہیں اور مطالبہ کرتے ہیں کہ مولانا عبد العزیز کو فی الفور گرفتار کرکے آئین و قانون کے مطابق سخت سزا دی جائے اور لال مسجد سمیت ایسے مدرسوں اور مساجد کے خلاف جلد کارروائی عمل میں لائی جائے ۔ احتجاجی مظاہروں کے شرکاء سے ایم کیوایم ڈسٹرکٹ پشاور کے انچارج ارباب ایوب ، ڈسٹرکٹ صوابی کے انچارج شعیب فاروق ، ڈسٹرکٹ چارسد کے انچارج فراد اللہ ، ڈسٹرکٹ صوابی کے انچارج افتخار احمد اور ڈسٹرکٹ کے نوشہرہ تاج نواب خٹک نے بھی خطاب کیا اور مولانا عبد العزیز کے دھمکی آمیز ویڈیو بیان کی شدید مذمت کی۔