سانحہ پشاور میں معصوم بچوں کی شہادت نے پوری قوم کو متحد کردیا ہے، الطاف حسین
وقت آگیا ہے کہ پاک سرزمین کو طالبان دہشت گردوں سے ہمیشہ ہمیشہ کیلئے پاک کردیا جائے ، الطاف حسین
سیاسی ومذہبی جماعتیں ،طالبان دہشت گردوں کے خلاف قومی یکجہتی کا بھرپورمظاہرہ کریں، الطاف حسین
آج وہ عناصر بھی طالبان دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کررہے ہیں جو کل تک طالبانائزیشن کے خدشے کے اظہار پر میرا مذاق اڑایا کرتے تھے، الطاف حسین
معصوم طلباء، اساتذہ اور فوجی اہلکاروں کی شہادت پر تمام پاکستانیوں، مسلح افواج کے افسران وجوانوں اورشہداء کے لواحقین سے دلی تعزیت کرتا ہوں، الطاف حسین
معصوم وبے گناہ بچوں کو دہشت گردی کا نشانہ بنانے والے انسانیت کے کھلے دشمن ہیں، رحمان ملک سینیٹررحمان ملک کی قائد ایم کیوایم جناب الطاف حسین سے ٹیلی فون پر گفتگو
لندن۔۔۔17، دسمبر2014ء
متحدہ قومی موومنٹ کے قائد جناب الطاف حسین نے کہاہے کہ سانحہ پشاور میں معصوم بچوں کی شہادت نے پوری قوم کو متحد کردیا ہے اور اب وقت آگیا ہے کہ پاک سرزمین کو طالبان دہشت گردوں سے ہمیشہ ہمیشہ کیلئے پاک کردیا جائے ۔یہ بات انہوں نے بدھ کے روز پیپلزپارٹی کے رہنما سینیٹر رحمان ملک سے ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے کہی ۔ جناب الطاف حسین نے سانحہ پشاور میں معصوم طلباء، اساتذہ اور فوجی اہلکاروں کی شہادت پر تمام پاکستانیوں، مسلح افواج کے افسران وجوانوں اورتمام شہداء کے لواحقین سے دلی تعزیت کااظہار کرتے ہوئے کہاکہ اس المناک سانحہ پر ہرآنکھ اشکبار ہے اور ہر دل سوگوار ہے ۔ جناب الطاف حسین نے کہاکہ معصوم بچوں کا لہو رنگ لارہا ہے اور ان کی شہادتوں نے سوئی ہوئی قوم کو جگاکر طالبان دہشت گردوں کے خلاف متحدکردیا ہے ۔ آج ہردردمند دل رکھنے والا فرد نہ صرف خون کے آنسو رو رہا ہے بلکہ وہ عناصر بھی آج طالبان دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کررہے ہیں جو کل تک طالبانائزیشن کے خدشے کے اظہار پر میرا مذاق اڑایا کرتے تھے ۔ جناب الطاف حسین نے کہاکہ اس وقت تمام سیاسی ومذہبی جماعتوں کو اپنے سیاسی ونظریاتی اختلافات بالائے طاق رکھ کر طالبان دہشت گردوں کے خلاف قومی یکجہتی کا بھرپورمظاہرہ کرنا چاہیے کیونکہ اب وقت آگیا ہے کہ پاکستان کی سرزمین سے طالبان دہشت گردوں کا ہمیشہ ہمیشہ کیلئے خاتمہ کردیا جائے ۔جناب الطاف حسین نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ پوری قوم کو متحد ومنظم کردے اورملک کو مذہبی انتہاء پسندی اور دہشت گردی سے نجات دلائے ۔ رحمان ملک نے سانحہ پشاور کو قومی سانحہ قراردیتے ہوئے کہاکہ معصوم وبے گناہ بچوں کو دہشت گردی کا نشانہ بنانے والے انسانیت کے کھلے دشمن ہیں ۔
English Viewer