قوم کی ہونہاربہادربیٹی ملالہ یوسفزئی کوامن کانوبل انعام حاصل کرنے پرایم کیوایم کے قائدالطاف حسین کی مبارکباد
ملالہ کانوبل انعام پوری پاکستانی قوم کی امن کی راہ میں دی جانے والی قربانیوں کاصلہ ہے،الطاف حسین
لندن:۔۔۔10؍دسمبر2014ء
متحدہ قومی موومنٹ کے قائدجناب الطاف حسین نے خیبرپختونخواہ سے تعلق رکھنے والی قوم کی ہونہاربہادربیٹی ملالہ یوسفزئی کوامن کانوبل انعام حاصل کرنے پر دل کی گہرائیوں سے مبارکبادپیش کی اور کہا کہ ملالہ کا امن کانوبل انعام پوری پاکستانی قوم کی امن کی راہ میں دی جانے والی قربانیوں کاصلہ ہے۔اپنے ایک بیان میں جناب الطاف حسین نے کہاکہ ملالہ یوسفزئی کانوبل انعام پوری قوم کے لئے فخرکی بات ہے اورمیں ملالہ یوسفزئی کوامن نوبل انعام حاصل کرنے پر ان کے تمام اہل خانہ سمیت پوری قوم مبارکبادپیش کرتاہوں۔انہوں نے کہاکہ ایم کیوایم پاکستان کی واحد جماعت ہے جس نے ملالہ یوسفزئی کے ساتھ پیش آنیوالے افسوسناک واقعے پران سے اظہاریکجہتی کے لئے ایک ریلی کاانعقادکیااورطالبان کے اس ظالمانہ اقدام کی شدیدمذمت کی۔جناب الطا ف حسین نے کہاکہ میں ملالہ یوسفزئی پرفخرکرتاہوں کہ وہ طالبان عفریت کے سامنے جھکنے کے بجائے انتہائی بہادری کے ساتھ ڈٹ کرکھڑی رہیں اورحق کے لئے آواز بلند کی۔یادرہے کہ ملالہ بی بی سی کی ویب سائیٹ پربلاگ لکھتی تھیں جس میں وہ سوات میں طالبات کی حالات زندگی اورمسائل کے حوالے سے آگہی پیش کرتی تھیں جس کی وجہ سے طالبان نے ایک حملے میں ملالہ کوشدیدزخمی کردیالیکن اس بہادرلڑکی نے ڈرکربیٹھنے کے بجائے طالبان کے خلاف جدوجہد کا آغاز کردیا ۔ جناب الطاف حسین نے کہاکہ ملالہ یوسفزئی قوم کی وہ بیٹی ہے جوتمام مظلوموں کے لئے مشعل راہ ہے۔