لاہور میں نابینا کوٹے پر ملازمتوں کے حصول کیلئے احتجاج کرنے والے نابینا افراد کو تشدد کانشانہ بنانے پررابطہ کمیٹی کے رکن میاں عتیق کااظہار مذمت
نابینا افرادکو تشدد کا نشانہ بنانا سراسر ظلم ، ناانصافی اور کھلی بے حسی ہے، میاں عتیق
جہاں نابینا افراد کو ان کے جائز حقوق دینے کے بجائے تشدد کا نشانہ بنایاجائے وہ ہرگز جمہوری اور فلاحی معاشرہ نہیں کہلا سکتا، میاں عتیق
کراچی ۔۔۔3، دسمبر 2014ء
متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی کے رکن اور صوبہ پنجاب کے صدر میاں عتیق نے لاہور میں نابینا کوٹے پر ملازمتوں کے حصول کیلئے احتجاج کرنے والے نابینا افراد کو پنجاب پولیس کی جانب سے بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنانے کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے اور اس عمل کو سراسر ظلم ، ناانصافی اور کھلی بے حسی قرار دیا ہے ۔ ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ نابینا افراد کے عالمی دن کے موقع پرنابینا افراد کو جائز حقوق کے مطالبہ پر بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنانے میں ملوث پولیس اہلکار انسانیت سے عاری ہیں اور نابینا افراد سے اپنائیت اور محبت کے بجائے انہیں معاشرے پر بوجھ تصور کرتے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ جس معاشرے میں نابینا افراد کو ان کے جائز حقوق دینے کے بجائے تشدد کا نشانہ بنایاجائے وہ ہرگز جمہوری اور فلاحی معاشرہ نہیں کہلا سکتااور ایسامعاشرہ جاگیردارانہ اور وڈیرانہ ذہنیت کے زیر اثر ہی ہوسکتا ہے ۔ انہوں نے تشدد کا نشانہ بننے والے نابینا افراد سے دلی ہمدردی کااظہار کیا اور کہاکہ اس واقعہ پر ایم کیوایم کے قائد جناب الطاف حسین سمیت پوری ایم کیوایم معذور افرادکے ساتھ کھڑی ہے ۔ میاں عتیق نے وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف سے مطالبہ کیا کہ نابینا افراد کو تشد د کا نشانہ بنانے میں ملوث پولیس اہلکاروں برطرف ہی نہیں بلکہ سخت سزا دی جائے اور نابینا افراد سے اظہار ہمدردی ، محبت اور شفقت کیلئے جذبے کو پروان چڑھانے کیلئے مثبت اقدامات فی الفور بروئے کار لائے جائیں۔