شرجیل میمن جھوٹ بول کرقوم سے حقائق نہیں چھپاسکتے ، توصیف خانزادہ ،رکن رابطہ کمیٹی ایم کیوایم
شرجیل میمن ، شاہ سے زیادہ شاہ کے وفادار بننے کی کوشش کررہے ہیں
پیپلزپارٹی کی قیادت اور ارباب اقتداروضاحت کریں کہ بلاول بھٹو زرداری نے کیوں اور کس لئے قائد تحریک الطاف حسین کو موردالزام ٹھہرایا ہے؟
بلاول بھٹو زرداری،بے نظیربھٹو اور مرتضیٰ بھٹو کے قاتلوں کو اپنے اردگرد تلاش کریں ورنہ پیپلزپارٹی کےمخلص اوروفادار کارکنان ،ان کاجینا حرام کردیں گے
صوبائی وزیراطلاعات شرجیل میمن کے بیان پر رکن رابطہ کمیٹی توصیف خانزادہ کا تبصرہ
لندن۔۔۔2، دسمبر2014ء
متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی کے رکن توصیف خانزادہ نے پیپلزپارٹی کے رہنماء اور صوبائی وزیراطلاعات شرجیل میمن کے بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے کہاہے کہ پیپلزپارٹی کے رہنما جھوٹ بول کرقوم سے حقائق نہیں چھپاسکتے ، پاکستان کا بچہ بچہ اس حقیقت سے واقف ہے کہ 6، اکتوبر2014ء کو اپنی تقریرمیں بلاول بھٹو زرداری نے قائد تحریک جناب الطاف حسین کے خلاف دھمکی آمیز بیان دیا تھا۔ایک بیان میں توصیف خانزادہ نے کہاکہ شرجیل میمن ، شاہ سے زیادہ شاہ کے وفادار بننے کی کوشش کررہے ہیں اور جھوٹ بول کر قوم کوگمراہ کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ قائدتحریک جناب الطاف حسین نے دوماہ تک ایک ایک یونٹ اور سیکٹر کے ذمہ داران اور کارکنان سے فرداًفرداً بات کرکے تحقیق کی کہ کہیں ایم کیوایم کے کسی کارکن کے ہاتھوں پی پی پی کے کسی کارکن کو کوئی تکلیف تو نہیں پہنچی ۔ تحقیقات کے بعد جب یہ ثابت ہوگیا کہ بلاول بھٹو زرداری کے الزامات قطعی بے بنیادہیں تب ہی جناب الطاف حسین نے پیپلزپارٹی کی قیادت اور ارباب اقتدارکو 15 دن کا وقت دیا ہے کہ وہ وضاحت کریں کہ بلاول بھٹو زرداری نے کیوں اور کس لئے جناب الطاف حسین کو موردالزام ٹھہرایا ہے۔ توصیف خانزادہ نے کہاکہ بلاول بھٹو زرداری بحیثیت چیئرمین پی پی پی اپنی والدہ محترمہ بے نظیربھٹو اور اپنے ماموں میرمرتضیٰ بھٹو کے قاتلوں کو اپنے اردگرد تلاش کریں ورنہ پیپلزپارٹی کے مخلص اوروفادار کارکنان ،ان کاجینا حرام کردیں گے ۔
English Viewers Click Here