ایم کیوا یم کے قائد الطاف حسین کی کوئٹہ میں پولیو ورکرز پر دہشتگردوں کی فائرنگ کی سخت الفاظ میں مذمت
پاکستان میں پولیو ورکرز کو نشانہ بنا نے کا مقصد در اصل ملک کے مستقبل کو بیساکھیوں پر کھڑا کرنا ہے، الطاف حسین
مختلف منفی پروپگنڈوں یا مسلح کار روائیوں کے ذریعے پولیو مہم کو ناکام بنانے کی کوششیں کی جارہی ہیں، الطاف حسین
تمام تر خطرات کے باوجود گھر گھر جاکربچوں کو پولیو کے قطرے پلانے والے رضاکاران خراج تحسین پیش کرتا ہوں ، الطاف حسین
کوئٹہ میں پیش آنیوالے افسوسناک واقعے میں ملوث دہشتگردوں کو فوری گرفتار کیا جائے ، پولیو رضاکاران کی حفاظت میں کوتاہی کے ذمہ داران کے خلا ف کار روائی کی جائے
ملک بھر میں پولیو ورکرز کو تحفظ فراہم کرکے رضاکاران کے معاوضے و مراعات میں بھی اضافہ کیا جائے،
الطاف حسین کا وزیر اعظم پاکستان ، وفاقی وزیر داخلہ اور وزیر اعلیٰ بلوچستان سے مطالبہ
لندن۔۔۔26نومبر2014ء
متحد ہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے صوبہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں پولیو ورکر ز پر مسلح دہشتگردوں کی فائرنگ کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے ۔ایک مذمتی بیان میں جناب الطاف حسین نے کہا کہ دہشتگردوں کی جانب سے ملک کے مختلف علاقوں میں پولیو ورکرز کو نشانہ بنا نے کا مقصد در اصل آئندہ نسلوں کو معذوری اور اپاہجی کے اندھیروں میں دھکیل کر ملک کے مستقبل کو بیساکھیوں پر کھڑا کرنا ہے اور اسی لئے مختلف منفی پروپگنڈوں یا مسلح کار روائیوں کے ذریعے پولیو مہم کو ناکام بنانے کی کوششیں کی جارہی ہیں لیکن تمام تر خطرات اور دہشتگردی کی کارروائیوں کے باوجود جو خواتین و مرد رضا کارا ن گلی گلی جارہے ہیں اور بچوں کو پولیو کے قطرے پلا کر خدمت خلق کر رہے ہیں میں انہیں زبردست خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ جناب الطاف حسین نے واقعہ کے نتیجے میں 4پولیو ورکرز کی ہلاکت اور متعدد کے زخمی ہونے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ جاں بحق ہونے والی پولیو ورکرز کے درجات بلند فرمائے اور زخمیوں کو جلد و مکمل صحتیابی عطا کرے ۔جناب الطاف حسین نے وزیر اعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف ، وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان اور بلوچستان کے وزیر اعلیٰ ڈاکٹر عبد المالک بلوچ سے مطالبہ کیا کہ وہ کوئٹہ میں پیش آنے والے افسوسناک واقعے میں ملوث دہشتگرد عناصر کو فوری گرفتار کریں اور پولیو رضاکاران کی حفاظت میں کوتاہی برتنے والے ذمہ داران کے خلا ف کار روائی عمل میں لانے کے ساتھ ساتھ ملک بھر میں پولیو ورکرز کو تحفظ فراہم کرنے کیلئے اقدامات کرکے رپولیو رضاکاران کے معاوضے و مراعات میں بھی اضافہ کیا جائے۔
English Viewers