کوئٹہ میں مسلح دہشت گردو ں کی پولیو ورکرز پر فائرنگ اور چار پولیوورکرز کے قتل پر ایم کیوایم رابطہ کمیٹی کااظہار مذمت
دہشت گرد پولیو ورکرز پر فائرنگ کرکے ملک کو پولیو جیسے موذی مرض سے پاک کرنے کے نیک کام میں رکاوٹ بن رہے ہیں، رابطہ کمیٹی ایم کیوایم
ملک بھر میں پولیو ورکرز کے تحفظ اور انسداد پولیو مہم کیلئے فول پروف سیکورٹی انتظامات بروئے کار لائے جائیں ، رابطہ کمیٹی ایم کیوایم
کوئٹہ میں قتل ہونے والے پولیو ورکرز کے سوگوار لواحقین سے رابطہ کمیٹی کا دلی تعز یت و ہمدردی کااظہار
کراچی ۔۔۔26، نومبر2014ء
متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے کوئٹہ میں مسلح دہشت گردوں کی پولیو ورکرز پر فائرنگ کے واقعہ کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے اور فائرنگ کے نتیجے میں چار پولیو ورکرز کے بہیمانہ قتل پر گہرے دکھ اور افسوس کااظہا رکیا ہے ۔ ایک بیان میں رابطہ کمیٹی نے کہاکہ درندہ صفت دہشت گرد ایک جانب ملک میں دہشت گردی اور بم دھماکوں کے ذریعے اپنے مذموم عزائم کی تکمیل کررہے ہیں تو دوسر ی جانب پولیو ورکرز پر فائرنگ کرکے ملک کو پولیو جیسے موذی مرض سے پاک کرنے کے نیک کام میں رکاوٹ بن رہے ہیں جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے ۔رابطہ کمیٹی شہید پولیو ورکرز کے سوگوار لواحقین سے دلی تعزیت وہمدردی کااظہار کرتے ہوئے ان کے درجات کی بلندی اور سوگواران کیلئے صبر جمیل کی دعا بھی کی ۔ رابطہ کمیٹی نے وزیراعظم پاکستان نواز شریف ، وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان اور وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبد المالک سے مطالبہ کیا کہ کوئٹہ میں پولیو ورکرز کو فائرنگ کرکے شہید کرنے والے دہشت گردو ں کو فی الفور گرفتار کیاجائے اور ملک بھر میں پولیو ورکرز کے تحفظ اور انسداد پولیو مہم کیلئے فول پروف سیکورٹی انتظامات بروئے کار لائے جائیں ۔