کراچی کنٹریکٹر ایسوسی ایشن کے نمائندہ وفد کی خورشید بیگم سیکرٹریٹ عزیز آباد میں رابطہ کمیٹی کے ارکان ڈاکٹر فاروق ستار اور واسع جلیل سے ملاقات
ملاقات میں کراچی کے تعمیراتی و ترقیاتی کاموں کے ٹینڈر میں سنگین بے ضابطگیوں اور حکومت سندھ سمیت بلدیات کے عہدیداران کی جانب سے ٹینڈر میں ہیرا پھیری پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا
ٹینڈر میں میرٹ کے اصول کو نظر انداز کرکے کھلے عام دھجیاں بکھیری جارہی ہیں اور یہ عمل سیپرا قوانین کی سنگین خلاف ورزی ہے، وفد کی رابطہ کمیٹی کے ارکان سے گفتگو
غیر معیاری تعمیراتی اور ترقیاتی کاموں کے ٹینڈر میں سنگین بے ضابطگیوں کے باعث
کراچی شہر اور اس کے عوام کو ناقابل تلافی نقصان پہنچ رہا ہے ، ڈاکٹر فاروق ستار ، واسع جلیل کی وفد سے گفتگو
ٹینڈر میں سنگین بے ضابطگیوں کے خلاف ملک کے تمام منتخب ایوانوں میں بھر پور آواز اٹھائی جائے گی، ڈاکٹر فارو ق ستار ، واسع جلیل
کراچی ۔۔۔18، نومبر2014ء
کراچی کنٹریکٹر ایسوسی ایشن کے ایک نمائندہ وفد نے خورشید بیگم سیکریٹریٹ عزیز آباد میں ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی کے ارکان ڈاکٹر فاروق ستار اور واسع جلیل سے ملاقات کی ۔ وفد کی سربراہی چیئرمین ایس ایم نعیم کاظمی نے کی جبکہ اس موقع پر جنرل سیکریٹری عبد الرحمن ، اراکین رضا علی عابدی، سعید احمد مغل اور اشفاق شیروانی بھی موجود تھے ۔ملاقات میں کراچی کنٹریکٹر ایسوسی ایشن کے وفد نے کراچی کے غیر معیاری تعمیراتی اور ترقیاتی کاموں کے ٹینڈر میں سنگین بے ضابطگیوں اور حکومت سندھ سمیت بلدیات کے عہدیداران کی جانب سے ٹینڈر میں ہیرا پھیری پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا ۔ وفد نے بتایا کہ ٹینڈر میں میرٹ کے اصول کو نظر انداز کرکے میرٹ کی کھلے عام دھجیاں بکھیری جارہی ہیں اور یہ عمل سیپرا قوانین کی سنگین خلاف ورزی بھی ہے ۔ڈاکٹر فاروق ستار اور واسع جلیل نے کراچی کنٹریکٹر ایسوسی ایشن کے وفد کی گزارشات کو توجہ سے سنا اور کہا کہ کراچی کے تعمیراتی و ترقیاتی کاموں کے ٹینڈر میں ہیر پھیری اور بے ضابطگیاں حکومت سندھ اور بلدیات کے عہدیداران کی بدعنوانی کو ظاہر کرتی ہے اور تعمیراتی اور ترقیاتی کاموں کے ٹینڈر میں سنگین بے ضابطگیوں کے باعث کراچی شہر اور اس کے عوام کو ناقابل تلافی نقصان پہنچ رہا ہے ۔ رابطہ کمیٹی کے ارکان نے وفد کو کراچی کے ترقیاتی و تعمیراتی کاموں کے ٹینڈر میں ہیرا پھیری اور بے ضابطگیوں کے عمل کی روک تھام کیلئے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی اور کہا کہ اس کے خلاف ملک کے تمام منتخب ایوانوں میں بھر پور آواز اٹھائی جائے گی ۔