خدمت خلق فاؤنڈیشن اور ایم کیوایم میڈیکل ایڈ کمیٹی کی طبی و امدادی ٹیم رابطہ کمیٹی اور حق پرست اراکین اسمبلی کے ہمراہ بروز اتوار کراچی سے مٹھی روانہ ہوگی
طبی و امدادی ٹیم تھر کے متاثرین کیلئے سہ روزہ طبی کیمپ لگائے گی اور غذائی اجناس تقسیم کرے گی
ٹیم میں کے کے ایف کے رضاکار ، میڈیکل ایڈ کمیٹی کے ڈاکٹر ز اور پیرا میڈیکل اسٹاف شامل ہیں
خدمت خلق فاؤنڈیشن کے مرکزی دفتر میں تھر متاثرین کیلئے غذائی اجناس کے پیکٹس کی تیاری اور پیکنگ کا کام آخری مداحل میں ہے
جناب الطاف حسین تھر میں خواتین ، بچوں ، نوجوانوں اور بزرگوں کی اموات پر غم زدہ ہیں، اراکین رابطہ کمیٹی
کراچی ۔۔۔7، نومبر2014ء
متحدہ قومی موومنٹ کے فلاحی ادارے خدمت خلق فاؤنڈیشن کے رضاکاروں ، ایم کیوایم میڈیکل ایڈ کمیٹی کے ڈاکٹروں اور پیرا میڈیکل اسٹاف پر مشتمل ایک طبی و امدادی ٹیم بروز اتوار ایم کیوایم رابطہ کمیٹی اور حق پرست اراکین اسمبلی کے اراکین کے ہمراہ کراچی سے مٹھی روانہ ہوگی جہاں سہ روزہ طبی کیمپ لگایاجائے گا اور تھر کے متاثرین میں غذائی اجناس اور ضروریات زندگی کی دیگر اشیاء تقسیم کی جائیں گی ۔تھر کے متاثرین کیلئے روانہ ہونے والی ایم کیوایم کی طبی ٹیم میں مختلف امراض کے ماہرڈاکٹرز شامل ہیں جبکہ طبی ٹیم بھاری مالیت کی ادویات بھی ہمراہ لے جارہی ہے جس میں جان بچانے والی ادویات بھی وافر مقدار میں شامل ہیں ۔خدمت خلق فاؤنڈیشن کے مرکزی دفتر میں غذائی اجناس کے پیکٹس کی تیاری اور پیکنگ کا کام بھی اپنے آخری مراحل میں داخل ہوچکا ہے۔اس موقع پر ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی کے اراکین نے طبی وامدادی ٹیم کے اراکین سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ تھر میں غذااور پانی کی قلت سے ہونے والی اموات ایک بڑا انسانی المیہ ہے اور تھر کے متاثرین کی اس وقت تمام سیاسی ومذہبی جماعتوں بڑھ چڑھ کر امداد کرنی چاہئے ۔رابطہ کمیٹی کے اراکین نے مزید کہاکہ قائد تحریک جناب الطاف حسین تھر میں خواتین ، بچوں ، نوجوانوں اور بزرگوں کی اموات پر غم زدہ ہیں اور یہی وجہ ہے کہ ان کی جانب سے تھر کے عوام کو طبی وامدادی سہولیات کی فراہمی کیلئے ٹیم روانہ کی جارہی ہے جو انشاء اللہ تین روز تک تھر کے متاثرہ خاندانوں کو بھر پور طبی و امدادی سہولیات فراہم کرے گی اور دکھی انسانیت کی خدمت اپنا فریضہ سمجھ کر انجام دے گی ۔