پنجاب کے ضلع قصورمیں بااثرافرادکی جانب سے میاں بیوی کوبھٹے میں زندہ جلانے پرایم کیوایم رابطہ کمیٹی کااظہارمذمت
مہذب معاشرے میں اس قسم کے انسانیت سوزواقعات جاگیردارانہ سوچ کی عکاسی ہیں،رابطہ کمیٹی
وزیراعلیٰ پنجاب واقعے کی غیرجانبدارتحقیقات کرواکرذمہ دارافرادکوقانون کے مطابق سزادلائیں،رابطہ کمیٹی کامطالبہ
کراچی: ۔۔۔4؍اکتوبر2014ء
متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے پنجاب ضلع قصورکے علاقے کوٹ رادھاکشن میںیوسف گجر نامی بااثرشخص کی جانب سے ادھارکی رقم کے تنازعے کوغلط رنگ دیکرگاؤں کے لوگوں کو مشتعل کرکے اقلیت سے تعلق رکھنے والے غریب محنت کش میاں بیوی شہزاد مسیح اور شمع بی بی کوبھٹے میں جھونک کرزندہ جلانے کے واقعے کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے۔ ایک بیان میں رابطہ کمیٹی نے کہاکہ آج کے مہذب معاشرے میں اس قسم کے انسانیت سوزواقعات جاگیردارانہ سوچ کی عکاسی ہیں جواس بات کاثبوت ہیں کہ بااثرافرادغریب محنت کش عوام کو اپنا غلام بنانے کے لئے کس حدتک ظلم وستم کے پہاڑتوڑرہے ہیں اور بغیر کسی تصدیق کے ماورائے قانون لوگوں کی زندگیوں سے کھیلا جا رہا ہے۔رابطہ کمیٹی نے افسوسناک واقعے کی شدیدمذمت کرتے ہوئے کہاکہ واقعے کی مکمل تحقیقات کرکے ذمہ افرادکو قانون کے کٹہرے میں لایاجائے اورقانون ہاتھ میں لیکرخودمنصف کاکھیل اب بند کیاجائے۔رابطہ کمیٹی نے وزیراعلیٰ پنجاب سے مطالبہ کیاکہ واقعے کی غیرجانبدارتحقیقات کرائی جائے اورذمہ دارافرادکے خلاف قانون کے مطابق سخت سے سخت کارروائی کی جائے۔