ایم کیوایم رابطہ کمیٹی کے رکن و حق پرست رکن سندھ اسمبلی اشفاق احمد منگی کی سندھی چینل کے بیورو چیف فاروق تبسم پر پیپلز پارٹی کارکنان کے بہیمانہ تشدد کی مذمت
فاروق تبسم کو صحافتی ذمہ داری ادا کرنے کے جرم میں بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنایا گیا، صحافیوں پر تشدد مہذب معاشرے کی پہچان نہیں، اشفاق منگی
فاروق تبسم پر تشدد کرنیوالے افراد کو قانون کی گرفت میں لانے اور فاروق تبسم سمیت اہل خانہ کو تحفظ فراہم کرنے کیلئے اقدامات کئے جائیں، اشفاق احمد منگی کا وزیر اعلیٰ سندھ سے مطالبہ
کراچی ۔۔۔۔یکم؍ نومبر 2014ء
متحد ہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی کے رکن و حق پرست رکن سندھ سناشفاق احمد منگی نے پیپلز پارٹی کے کارکنان کی جا نب سے سندھی ٹیلیویژن آواز کے بیورو چیف فاروق تبسم پر بہیمانہ تشدد کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے آزادی اظہار کے خلاف عمل قرار دیا ہے ۔ایک بیان میں اشفاق منگی نے کہا کہ فاروق تبسم ڈی جی ہیلتھ آ فس وحدت کالونی حیدر آباد میں ہیپا ٹائٹس کنٹرول پروگرام میں بے ضابطگیوں کی عوامی شکایات پر صحافتی ذمہ داریاں ادا کرنے کے جرم میں بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنایا گیا جس کی جتنی مذمت کی جائے وہ کم ہے ۔ انہوں نے کہا کہ صحافیوں پر تشدد کا عمل کسی طور مہذب معاشرے کی پہچان نہیں ہے اور یہ اس بات کا واضح ثبو ت ہے کہ پیپلز پارٹی کی اور اس کے کارکنان رواداری اور برداشت کے جذبے سے عاری ہیں ۔ اشفاق احمد منگی نے فاروق تبسم کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ فاروق تبسم کو جلد و مکمل صحتیابی عطا فرمائے ۔ اشفاق منگی نے وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ ،آئی جی سندھ پولیس سے مطالبہ کیا کہ وہ فارو ق تبسم پر بہیمانہ تشدد میں ملوث افراد کو قانون کی گرفت میں لانے اور فاروق تبسم سمیت انکے اہل خانہ کو تحفظ فراہم کرنے کیلئے فوری اقدامات کریں۔