اندرون سندھ میرے ساتھیوں کے ساتھ ظلم ہوا توعوام اپنے دفاع میں حق بجانب ہوں گے ، الطاف حسین
رابطہ کمیٹی ، سندھ تنظیمی کمیٹی ، کے ایم او سی ظلم کرنے والے جاگیر داروں ، وڈیروں پر کڑی نظر رکھیں، الطاف حسین کی ہدایت
لندن۔۔۔28اکتوبر2014ء
متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے لال قلعہ گراؤنڈ عزیز آباد میں سندھی بولنے والے کارکنا ن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ لڑائی نہیں چاہتا ہوں قوم پرست اور وڈیرے،جاگیردار کان کھول کر سن لیں اگر اندرون سندھ میرے ساتھیوں کے ساتھ ظلم کیا تو پھر عوام اپنے دفاع میں حق بجانب ہوں گے کہ اپنا دفا ع کریں اور اللہ بھی ایسے لوگوں سے حساب لے گا۔انہوں نے رابطہ کمیٹی ،سندھ تنظیمی کمیٹی اور کراچی مضافاتی آرگنائزنگ کمیٹی کے ذمہ داران کو ہدایت کی کہ وہ معصوم سندھی کارکنان پر ظلم کرنے والے جاگیر داروں اور وڈیروں کا ڈیٹا کمپیوٹر میں محفوظ کریں اور ظلم کی مکمل تفصیلات اس میں درج کریں اور ان پر کڑی نظر رکھیں ہم ہر مظلوم پر ظلم کا انشاء اللہ حساب لیں گے ۔